منگل : 22جنوری2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی یونین کا ماسٹر کارڈ کے خلاف کئی ملین یورو کا جرمانہ[/pullquote]

یورپی کمیشن نے قانون کی خلاف ورزیوں کے باعث کریڈٹ کارڈ فراہم کرنے والی کمپنی ماسٹر کارڈ پر پانچ سو ستر ملین یورو کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ جرمانہ پیسوں کے تبادلے کی فیسوں کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔ یورپی کمیشن کے ایک بیان کے مطابق ماسٹر کارڈ نے اپنے ڈیلروں کو یورپ کے دیگر بینکوں کی بہتر شرائط سے فائدہ اٹھانے سے روکا ہے۔ اس طرح چھوٹے ڈیلروں اور صارفین کے لیے مصنوعی قیمتیں طریقے سے بڑھائی گئیں۔

[pullquote]جزیرہ نما سینائی میں درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے، مصر[/pullquote]

مصری سکیورٹی فورسز کے مطابق انہوں نے حالیہ دنوں کے دوران جزیرہ نما سینائی میں 59 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا جبکہ اس دوران سات مصری فوجی ہلاک ہوئے۔ بیان کے مطابق عسکریت پسندوں کے خلاف ایک کارروائی کے دوران 15 عسکریت پسند ہلاک ہوئے جبکہ 44 شدت پسندوں کو دیگر کارروائیوں کے دوران مارا گیا۔ مصری فوج نے جزیرہ نما سینائی میں داعش سے منسلک شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا آغاز فروری 2018ء میں کیا تھا۔ فوج کا کہنا ہے کہ اس دوران سینکڑوں شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]واٹس ایپ نے میسج فارورڈ کرنے کی سروس کو محدود بنا دیا[/pullquote]

واٹس ابپ نے پیغام موصول ہونے کے بعد اسے دوسرے لوگوں تک پہنچانے کی سروس کو محدود بنا دیا ہے۔ اب ایک میسج کو صرف پانچ لوگوں تک پہنچایا جا سکے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کا مقصد جعلی خبروں کی روک تھام کرنا ہے۔ ابھی تک واٹس ایپ صارفین موصول ہونے والے ایک پیغام کو بیس افراد تک فارورڈ کر سکتے تھے۔ یہ اقدام واٹس ایپ بھارت میں حکومتی دباؤ کے تحت جولائی سے اٹھا چکی ہے۔ بھارت میں فیک نیوز کی باعث کئی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔

[pullquote]اسرائیل کا دور مار میزائلوں کے خلاف دفاعی نظام کا کامیاب تجربہ[/pullquote]

اسرائیل نے دور مار میزائلوں کے خلاف اپنے دفاعی میزائل ایرو تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ اعلان اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ تجربہ وسطی اسرائیل میں امریکی میزائل ڈیفنس ایجنسی کے تعاون سے کیا گیا۔ ایرو تھری میزائل طویل فاصلوں سے فائر کیے گئے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ تجربہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]ہر تین میں سے ایک یورپی شہری کے خیال میں یورپ میں سامیت مخالفت بڑھ رہی ہے، سروے[/pullquote]

ہر تین میں سے ایک یورپی شہری کے خیال میں یورپ میں سامیت مخالفت بڑھ رہی ہے۔ یہ بات یورپین فنڈامنٹل رائٹس ایجنسی (FRA) کی طرف سے کرائے گئے ایک سروے سے معلوم ہوئی ہے جو گزشتہ برس دسمبر میں کرایا گیا۔ اس سروے کے مطابق 36 فیصد یورپی باشندوں کا خیال ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران یورپ میں سامیت مخالفت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سروے کے مطابق تاہم یورپ میں رہنے والے یہودیوں میں سے 90 فیصد کی رائے ہے کہ یہاں سامیت مخالفت بڑھی ہے۔

[pullquote]اسرائیل اور یوکرائن کے درمیان آزادانہ تجارت کا معاہدہ[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور یوکرائنی صدر پیٹرو پورو شینکو نے گزشتہ روز آزادانہ تجارت کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یروشلم میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ آزادانہ تجارت کے اس معاہدے پر گزشتہ کئی برس سے کام ہو رہا تھا۔ پیٹرو پورو شینکو نے قبل ازیں ہولوکاسٹ میموریل میوزیم یاد وشم کا دورہ کیا اور اپنے اسرائیلی ہم منصب روین رِیولِن سے ملاقات کی۔

[pullquote]جرمنی اور فرانس کے درمیان دوستی کا نیا معاہدہ[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں آج ایک معاہدے پر دستخط کر رہے ہیں جس کا مقصد یورپ کی ان دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان دوستی کو ’نئی سطح‘ تک لے جانا اور دونوں ممالک کے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانا ہے۔ اس معاہدے پر دستخط جرمن شہر آخن میں ہوں گے جہاں ان دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی الیزے ٹریٹی کو 56 برس مکمل ہونے پر تقریب منعقد کی گئی ہے۔ 22 جنوری 1963ء کو طے پانے والے الیزے معاہدے پر اُس وقت کے فرانسیسی صدر چارلس ڈیگال اور جرمن چانسلر کونراڈ آڈیناور نے دستخط کیے تھے جس کا مقصد ان سابق شدید حریفوں کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم کرنا تھے۔

[pullquote]ٹریزا مے نے بریگزٹ پلان بی پارلیمان کے سامنے پیش کر دیا[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے یورپی یونین سے اخراج کے لیے نیا مجوزہ معاہدہ ملکی پارلیمان میں پیش کر دیا ہے۔ برطانوی پارلیمان نے گزشتہ ہفتے ٹریزا مے کے اُس بریگزٹ معاہدے کو رد کر دیا تھا جو انہوں نے برسلز کے ساتھ مذاکرات کے بعد تجویز کیا تھا۔ دوسری طرف یورپی یونین نے کہا تھا کہ وہ کسی نئے معاہدے پر مذاکرات کرنے کو تیار نہیں ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس نئے مجوزہ معاہدے پر برطانوی پارلیمان میں ووٹنگ 29 جنوری کو ہو گی۔ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے لیے 29 مارچ کی تاریخ طے ہے۔

[pullquote]روسی صدر اور جاپانی وزير اعظم کی ملاقات آج ماسکو ميں متوقع[/pullquote]

روسی صدر ولاديمير پوٹن جاپانی وزير اعظم شينزو آبے سے آج ماسکو ميں ملاقات کر رہے ہيں۔ اس ملاقات ميں چند جزائر کی ملکيت کے تنازعے پر بات چيت ہو گی۔ کريملن نے اپنے ايک بيان ميں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درميان ايک امن معاہدے کو حتمی شکل ديے جانے پر بھی گفتگو ہو گی تاہم روسی ترجمان ديميتری پيسکوف نے ايسے تاثرات کو غلط قرار ديا کہ روس چند جزائر جاپان کے حوالے کر سکتا ہے۔ کُورِل جزائر پر دوسری عالمی جنگ کے بعد سابقہ سويت دور ميں قبضہ کر ليا گيا تھا۔ يہ معاملہ روس اور جاپان کے مابين ايک ديرينہ تنازعہ ہے۔

[pullquote]انڈونيشيا: سُمبا جزيرے کے قريب زلزلے کے جھٹکے[/pullquote]

انڈونيشيا کے جزيرے سُمبا کے قريب آج منگل کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کيے گئے ہيں۔ ريکٹر اسکيل پر ان جھٹکوں کی شدت 6.4 تھی۔ فی الحال سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہيں کی گئی ہے اور نہ ہی اب تک کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ دسمبر کے اواخر ميں ايک آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد آنے والے سونامی کے نتيجے ميں انڈونيشيا ميں چار سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]وینزویلا: بغاوت کرنے والے فوجیوں کو گرفتار کر لیا گیا[/pullquote]

وینزویلا کی فوج نے بغاوت کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے باغی فوجیوں کے گروپ کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق بغاوت کرنے والوں نے ایک کمانڈ پوسٹ پر قبضہ کر لیا تھا جسے چھڑا لیا گیا اور 25 باغیوں کو وہاں سے گرفتار کر ليا گیا ہے۔ دو دیگر فوجیوں کو دوسری جگہ سے گرفتار کیا گیا۔ بغاوت کی کوشش کرنے والے ان فوجیوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ملکی صدر اور فوج سے بغاوت کا اعلان کیا تھا۔ وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پادرینو کے مطابق ان فوجیوں نے ایک پولیس کپتان سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنا لیا تھا اور ایک فوجی پوسٹ پر حملہ کر کے وہاں سے جنگی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

[pullquote]چین میں شرح پیدائش میں مزید کمی[/pullquote]

چین میں گزشتہ برس شرح پیدائش 1949ء کے بعد سے کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ چین نے سال 2016ء میں ایک جوڑا ایک بچہ پالیسی میں نرمی کرتے ہوئے اس بات کی اجازت دے دی تھی کہ چینی جوڑے اب دو بچے پیدا کر سکتے ہیں۔ تاہم چین میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب لوگ ایک ہی بچہ پیدا کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ حکام کے مطابق سال 2018ء کے درمیان چین میں فی ایک ہزار افراد 10.94 بچے پیدا ہوئے۔ اس سے ایک برس قبل یہ تعداد 12.43 بچے فی ایک ہزار افراد تھی۔ چین کی کُل آبادی قریب 1.4 بلین ہے۔

[pullquote]کوہلی نے آئی سی سی کے تين اہم ترین اعزاز جيت کر نئی تاريخ رقم کر دی[/pullquote]

بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی نے انٹرنيشنل کرکٹ کونسل کے تين اہم ترین اعزاز حاصل کر کے نئی تاريخ رقم کر دی ہے۔ کوہلی ايسے پہلے کھلاڑی بن گئے ہيں، جنہيں سال کے سب سے بہترين کرکٹر کے علاوہ ٹيسٹ اور ايک روزہ کرکٹ کا بھی سب سے عمدہ کھلاڑی قرار ديا گيا ہے۔ پچھلے سال کے دوران کوہلی نے ٹيسٹ کر کٹ ميں پانچ سنچريوں کی مدد سے اور 55.8 کی اوسط سے 1,322 رنز اسکور کيے۔ ون ڈے کرکٹ ميں کوہلی نے چھ سنچرياں اور مجموعی طور پر 1,202 رنز بنائے۔

[pullquote]رونالڈو نے جرم تسلیم کر لیا، دو برس معطل قید کی سزا[/pullquote]

فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو آج میڈرڈ کی ایک عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے ٹیکس فراڈ سے متعلق اپنا جرم تسلیم کر لیا ہے۔ عدالت نے انہیں 19 ملین یورو جرمانے اور دو سال معطل قید کی سزا سنائی ہے۔ رونالڈو کو یہ دو برس جیل میں نہیں گزارنے پڑیں گے کیونکہ ہسپانوی عدالتیں کسی شخص کو پہلی بار جرم کرنے پر دو سال یا اس سے کم وقت کی دی گئی سزا کو معطل کر سکتے ہیں۔ رونالڈو پر الزام تھا کہ انہوں نے ریال میڈرڈ کے کھلاڑی ہونے کے دوران اپنی کمائی پر ٹیکس دینے میں ہیرا پھیری کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے