اتوار : 27 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان کے ساتھ مذاکرات حوصلہ افزا رہے ہیں، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے سنجیدہ ہے اور اپنی فوجوں کی مکمل واپسی پر یقین رکھتا ہے۔ دوحہ میں امریکی مندوب زلمے خلیل زاد اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کے خاتمے کے بعد جاری ہونے والے بیان میں پومپیو نے کہا کہ اس مذاکراتی عمل سے حوصلہ افزا اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اُدھر امريکی اہلکاروں اور افغان طالبان کے نمائندوں کے مابين قطر ميں مذاکرات کا دور چھ روز بعد ہفتہ چھبیس جنوری کو ختم ہو گيا ہے۔ مذاکرات ميں افغانستان ميں سترہ برس سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کے ليے چند معاملات پر اتفاق ہوا ہے۔

[pullquote]جنوبی انڈونیشی صوبے میں سیلاب اور مٹی تودے گرنے سے اڑسٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا کے آفتوں سے نمٹنے والے قومی ادارے نے کہا ہے کہ جنوبی صوبے سُولاویسی میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد اڑسٹھ ہو گئی ہے۔ ابھی ان میں سات لاپتہ افراد کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ادارے کے مطابق ان سیلابوں نے ہزاروں افراد کو بے گھر بھی کر دیا ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اورریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ انڈونیشیا میں جنوری اور فروری شدید بارشوں کے موسم ہیں اور اس باعث سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات تواتر کے ساتھ رونما ہوتے ہیں۔

[pullquote]عرب علیحدگی پسندوں کی فائرنگ، دو ایرانی پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی فارس کے مطابق عرب علیحدگی پسندوں کی فائرنگ سے دو ایرانی پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ فائرنگ کا یہ واقعہ جنوبی ایرانی صوبےخوزستان میں وقوع پذیر ہوا۔ مقامی پولیس نے علیحدگی پسندوں کا تعلق عرب تحریک برائے آزادیٴ اہواز سے بتایا ہے۔ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت ہفتہ چھبیس جنوری کو ہوئی تھی۔ عرب علیحدگی پسندوں نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]حکومت مخالف مظاہرے اور سوڈانی صدر کے بیرونی دورے[/pullquote]

سوڈان کے صدر عمر البشیر اتوار ستائیس جنوری کو ایک روزہ دورے پر مصری دارالحکومت قاہرہ پہنچ کر اپنے ہم منصب عبدالفتاح السیسی کے ساتھ اپنے ملک کے داخلی مسائل پر گفتگو کریں گے۔ رواں ہفتے کے دوران بدھ تئیس جنوری کو وہ خلیجی ریاست قطر کا بھی دورہ کر چکے ہیں۔ دوسری جانب عمر البشیر کی حکومت کے خلاف عوامی مظاہروں کا سلسلہ بھی زور شور سے جاری ہے۔ اپوزیشن کے مطابق ان مظاہروں میں چالیس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اپوزیشن نے دن میں جلسے جلوسوں کے علاوہ اب رات کے وقت مظاہروں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

[pullquote]دوسری عالمی جنگ میں لینن گراڈ کے محاصرے کے خاتمے کی پچھترہویں سالگرہ[/pullquote]

دوسری عالمی جنگ کے دوران ٹھیک 75 برس قبل ستائیس جنوری کے دن روسی افواج لینن گراڈ کا محاصرہ ختم کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ لینن گراڈ کا نام تبدیل کر کے اب سینٹ پیٹرزبرگ رکھا جا چکا ہے۔ آج اس شہر میں روسی فوج نے شاندار پریڈ میں حصہ لیا۔ اس پریڈ میں ٹینکوں کے ساتھ ڈیفنس میزائل نظام کی بھی نمائش کی گئی۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن اپنے آبائی شہر میں موجود ہونے کے باوجود فوجی پریڈ کو دیکھنے والے ہزاروں افراد میں شریک نہیں تھے۔ یہ تاریخی حقیقت ہے کہ دوسری عمالمی جنگ کے دوران سابقہ لینن گراڈ کے محاصرے کے دوران آٹھ لاکھ انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔

[pullquote]چین اور امریکا کے تجارتی مذاکرات کا نیا راؤنڈ[/pullquote]

امریکا اور چین کے حکومتی اہلکار تجارتی تنازعے کو حل کرنے کی ایک اور کوشش میں نیا مذاکراتی دور آئندہ ہفتے کے دوران شروع کریں گے۔ اس مذاکرات میں شرکت کے لیے تیس رکنی چینی وفد امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچ چکا ہے۔ اس وفد کی قیادت چین کے نائب وزیراعظم لیو ہی کر رہے ہیں۔ وہ امریکی دورے کے دوران وزیر خزانہ اور امریکی تجارتی نمائندے سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دونوں ممالک پہلی مارچ سے قبل تجارتی تنازعے کو حل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ یہ ڈیڈ لائن گزشتہ برس نومبر میں جی ٹوئنٹی کی سمٹ کے حاشیے میں امریکی و چینی صدور کی ملاقات کے دوران طے کی گئی تھی۔

[pullquote]فلپائن: گرجا گھر پر بم حملہ، 27 ہلاک، 77 زخمی[/pullquote]

فلپائن کے جنوبی حصے میں ایک رومن کیتھولک چرچ پر دوہرے بم حملے میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد ستتر کے قریب ہے۔ خولو شہر کے گرجا گھر پر اس وقت حملہ کیا گیا، جب وہاں اتوار کی عبادت جاری تھی۔ پہلا دھماکا چرچ کے اندر ہوا جبکہ دوسرا دھماکا کار پارک میں اُس وقت ہوا جب سکیورٹی اہلکار امدادی کاموں کے لیے وہاں پہنچے۔ فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں کو زمین کے اندر سے بھی ڈھونڈ کر انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ اس حملے کے بعد خولو شہر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

[pullquote]کینیڈین وزیراعظم نے چین میں اپنا سفیر برخاست کر دیا[/pullquote]

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے چین میں اپنے ملک کے سفیر جان مککلم کو اُن کے منصب سے ہٹا کر اُن کے نائب کو یہ ذمہ داری سونپ دی ہے۔ ٹروڈو نے رپورٹرز کو بتایا کہ انہوں نے سفیر کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی۔ سفیر جان مککلم نے وزیراعظم کی ہدایت پر اپنا استعفیٰ پیش کر دیا اور اُسے منظور بھی کر لیا گیا ہے۔ سفیر کو ہٹانے کی وجہ اُن کا وہ بیان ہے، جو انہوں نے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی خاتون اہلکار کی کینیڈا میں حراست اور ضمانت کے حوالے سے دیا تھا۔ کینیڈین سفیر نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اس بیان میں عدالتی کارروائی کے حوالے سے کچھ غلط بیان کیا تھا۔

[pullquote]وینزویلا کے اپوزیشن رہنما سے حکومتی اہلکاروں کی ملاقات[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک وینزویلا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر خوان گوائیڈو نے بتایا ہے کہ اُن سے چند حکومتی اہلکاروں نے ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حکومتی اہلکاروں پر واضح کیا گیا کہ ملک کو اس وقت ایک نئے الیکشن کی اشد ضرورت ہے۔ ایک رکن پارلیمنٹ کے مطابق یہ ملاقاتیں رواں ہفتے کے دوران ہوئی تھیں۔ اسی دوران ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں خوان گوائیڈو نے صدر نکولس مادورو کے قریبی ساتھی اور سینیئر رکنِ پارلیمان ڈیوس ڈاڈو کابیو کے ساتھ ملاقات کے سوال کا واضح نہیں دیا۔ اپوزیشن رہنما خوان گوائیڈو نے بدھ تیئیس جنوری سے اپنے ملک کا عبوری صدر ہونے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اُن کو کئی ممالک نے عبوری صدر کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔

[pullquote]برازیل میں ڈیم ٹوٹنے سے لاپتہ افراد کے زندہ بچنے کا امکان کم ہوتا ہوا[/pullquote]

برازیل کے جنوب مشرقی علاقے میں ایک ڈیم ٹوٹنے کے باعث لاپتہ افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔ اب تک چالیس افراد کے ہلاک ہونے کی حکام نے تصدیق کر دی ہے۔ تقریباً تین سو افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ ہفتہ چھبیس جنوری کو پورا دن لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے کارروائی جاری رکھی گئی تاہم رات گہری ہونے پر تلاش کے اس سلسلے کو روک دیا گیا۔ جمعہ پچیس جنوری کی سہ پہر میں برماڈینو شہر کے نواح میں واقع ڈیم کے ٹوٹنے سے خام لوہے کی ایک بڑی کان اُس کی زد میں آ گئی تھی۔

[pullquote]پوپ فرانسس کی دعائیہ تقریب میں چھ لاکھ افراد کی شرکت[/pullquote]

وسطی امریکی ملک پناما کے دارالحکومت میں کیتھولک ورلڈ یوتھ ڈے کی تقریبات کے سلسلے میں ہفتہ چھبیس جنوری کی شب ایک عوامی دعائیہ تقریب کی قیادت پوپ فرانسس نے کی۔ حکام کے مطابق اس شبینہ عوامی عبادت میں کم از کم چھ لاکھ افراد نے شرکت کی ہے۔ ان لوگوں نے پناما سٹی کے میٹروپارک زون ہی میں رات بسر کی اور آج اتوار کی صبح میں پوپ فرانسس ایک مرتبہ پھر اِن سے خطاب اور اجتماعی دعا کی قیادت کریں گے۔ دارالحکومت پناما سٹی میں منعقدہ ورلڈ یوتھ ڈے کی تقریبات میں دنیا بھر سے ہزاروں افراد شریک ہیں۔ کیتھولک چرچ کی طرف سے منعقد کردہ ورلڈ یوتھ ڈے کا آج آخری دن ہے۔

[pullquote]امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، پانچ ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست لُوئزیانا کے شہر نیو آرلینز میں پولیس ایک اکیس سالہ مسلح نوجوان کی تلاش میں جس پر شبہ ہے کہ اُس نے فائرنگ کر کے کم از کم پانچ افراد کو ہلاک کیا ہے۔ پولیس نے مشتبہ ملزم کا نام ڈکوٹا تھیریئٹ بتایا ہے۔ ہلاک شدگان میں ملزم کے والدین اور تین دوسرے افراد شامل ہیں۔ ان کو دو مختلف مقامات پر فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔ ملزم نے ان افراد کو ہفتہ چھبیس جنوری کو ایک ٹریلر میں گولیاں ماریں۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ملزم ڈکوٹا اس وقت ایک چوری شدہ کار میں ہے جس پر سوار ہو کر وہ موقع واردات سے فرار ہوا تھا۔

[pullquote]ٹینس: آسٹریلین اوپن نوواک جوکووچ نے جیت لیا[/pullquote]

سربیا کے نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کی چیمپئن شپ جیت لی ہے۔ انہوں نے ہسپانوی کھلاڑی رافائل ندال کو لگاتار تین سیٹوں میں ہرایا۔ جوکووچ نے ساتویں مرتبہ آسٹریلین اوپن چیمپئن شپ جیتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے