اسلام آباد ہائیکورٹ میں آصف زرداری نااہلی کیس کی سماعت نہ ہوسکی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے صدر آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر آج سماعت نہ ہوسکی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج سماعت کے لیے مقرر کردہ مقدمات کی کازلسٹ میں آصف علی زرداری کی نااہلی کا کیس موجود نہیں تھا جس کے باعث آج اس پر سماعت نہ ہوسکی۔

رجسٹرار آفس کیس کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرے گا اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ تحریک انصاف کی رہنماؤں کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی طرف سے دائر درخواست میں آصف زرداری کی بطور پارٹی سربراہ اور رکن قومی اسمبلی تاحیات نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ آصف علی زرداری نے اپنے اثاثے چھپائے، اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے اور رکن اسمبلی بننے کے اہل نہیں، لہذا انہیں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

مذکورہ کیس کی 29 جنوری کو ہونے والی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ آپ سیاسی مقدمات عدالت میں کیوں لے آتے ہیں، آپ کا متعلقہ فورم الیکشن کمیشن بنتا ہے اور سیاسی لڑائی سیاسی فورم اور پارلیمنٹ میں لڑنی چاہیے۔

جس پر عثمان ڈار کے وکیل نے کہا کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن متعلقہ فورم نہیں ہے اور اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ موجود ہے کہ اس معاملے میں الیکشن کمیشن مجاز نہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے