ویب سیریز پر فہد مصطفیٰ کی تنقید، مہوش حیات برا مان گئیں

آپ سب کو ہی یاد ہوگا کہ کچھ روز قبل نامور اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے ویب سیریز میں دکھائے جانے والے نازیبا مواد پر تنقید کی تھی اور پھر موقف اختیار کیا کہ یہ تنقید غیر ملکی ویب سیریز کے لیے ہے لیکن اداکارہ مہوش حیات کو یہ تنقید بالکل پسند نہ آئی اور وہ بھڑک اٹھیں۔

واضح رہے کہ مہوش حیات، وجاہت رؤف کی ہدایات میں بننے والی ویب سیریز ’عنایہ‘ میں مرکزی کردار نبھا رہی ہیں۔

ویب سیریز ’عنایہ‘ کا آغاز 21 جنوری سے ہوا ہے، جسے ایک طرف مداحوں نے قابلِ ستائش قرار دیا، وہیں بولڈ ڈائیلاگز اور ملبوسات کی وجہ سے اسے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

ایسے میں فہد مصطفیٰ نے بھی ٹوئٹر پر ایک پیغام پوسٹ کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’عریانیت، خراب زبان اور محض جنسی تعلقات کے بارے میں بات کرنا مواد نہیں ہے، اسے آزادی اظہار رائے کا نام مت دیں! اس طرح سے اپنے آپ کو فروخت کرنے والے اداکار بالکل بھی اچھا نہیں کر رہے’۔

فہد مصطفیٰ نے یہ بھی مشورہ دیا تھا کہ ’ویب سیریز اور مختصر فلموں کو تھوڑے وقار کا مظاہرہ کرنا چاہیے یا پھر انہیں اسے پورن (فحش مواد) کا نام دے دینا چاہیے۔’

اب فہد مصطفیٰ نے تو اپنے خیالات کا اظہار کردیا، لیکن کچھ لوگوں کو شاید یہ لگا کہ انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں ڈھکے چھپے الفاظ میں وجاہت رؤف کی ویب سیریز ‘عنایہ’ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اپنی اگلی ہی ٹوئیٹ میں فہد مصطفیٰ نے وجاہت رؤف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنقید غیرملکی ویب سیریز کیلئے ہے، لوگ تو بس بات کا پتنگڑ بنا رہے ہیں۔

وجاہت رؤف نے تو خیر فہد مصطفیٰ کی ٹوئیٹ پر کوئی ردعمل نہیں دیا، لیکن مہوش حیات خاموش نہ رہیں اور انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، ’ انتہائی افسوس ہے کہ کچھ لوگ ’عنایہ‘ کی مکمل سیریز دیکھے بغیر ہی بیان بازی کر رہے ہیں، دو مکالموں کے علاوہ بھی سیریز میں دیکھنے کیلئے بہت کچھ ہے جو کہ آج کی نوجوان نسل کی حقیقی عکاسی ہی نہیں بلکہ مواد اور مناظر کے اعتبار سے بالکل درست بھی ہے‘۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’سجھدار بنیں اور اس بات کو مانیں کہ کچھ الفاظ کی وجہ سے قوم خراب نہیں ہوتی۔’

اب مہوش حیات نے تو اپنے دل کی بھڑاس نکال لی لیکن انہوں نے کسی کا بھی نام واضح نہیں کیا، تاہم لگتا یہی ہے کہ ان کا اشارہ فہد مصطفیٰ کی ہی جانب تھا۔

یاد رہے کہ مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کی جوڑی پاکستانی فلم انڈسٹری کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑی ہے، دونوں ایک ساتھ ’نامعلوم افراد‘، ’ایکٹر اِن لاء‘ اور ‘لوڈ ویڈنگ’ جیسی کامیاب فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے