امریکا تخفیف اسلحہ کے معاہدے ’آئی این ایف‘ سے دستبردار ہو گیا
امریکا نے تخفیف اسلحہ کے معاہدے ’آئی این ایف‘ سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے مطابق اگر روس نے اپنے موقف میں تبدیلی نہ کی تو چھ ماہ بعد اس معاہدے پر جاری عمل درآمد بند کر دیا جائے گا۔ امریکا الزام عائد کرتا ہے کہ روس انیس سو ستاسی میں طے پانے والے اس معاہدے کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔ قبل ازیں جرمن وزارت خارجہ نے بھی کہا تھا کہ روس اپنے رویے میں تبدیلی پیدا کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی یا ’آئی این ایف‘ کی شرائط کا احترام کرے۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے اس امریکی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
کانگو، ایبولا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ
گزشتہ چھ ماہ سے افریقی ملک کانگو میں خطرناک ایبولا وائرس مزید پھیلتا جا رہا ہے۔ جنیوا میں عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ اس ملک کے دو شمالی صوبوں میں مزید سات سو سے زائد کیس سامنے آئے ہیں۔ ابھی تک اس وائرس سے چار سو چودہ مریض ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیگر چون مریضوں کی موت بھی اسی وائرس کے سبب ہوئی ہے۔ صرف جنوری میں تقریبا ایک سو ہلاکتیں اسی وائرس کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے بھی کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
بریگزٹ کے بعد بھی برطانوی شہریوں کی ویزا فری انٹری
بریگزٹ کے بعد بھی برطانوی شہریوں کو یورپی یونین کے ممالک میں ویزے کے بغیر آنے کی اجازت ہو گی۔ برسلز میں یورپی یونین کے ستائیس ممالک کے نمائندوں نے اس حوالے سے ایک معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔ کسی برطانوی شہری کو یورپی یونین کے کسی بھی ملک میں پہنچنے پر نوے دن کا ویزہ فراہم کیا جائے گا۔ اس فیصلے سے کچھ دیر پہلے برطانوی حکومت نے بھی یورپی یونین کے شہریوں کے لیے اسی طرح کی سہولت کا اعلان کیا تھا۔
ایران میں اسلامی انقلاب کی تقریبات کا آغاز
ایران میں سن 1979 کے اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کی تقریبات کئی شہروں میں شروع ہو گئی ہیں۔ تقریبات کا یہ سلسلہ اگلے دس ایام تک جاری رہے گا اور سرکاری اور نجی عمارتوں پر ایرانی پرچم لہراتے رہیں گے۔ آیت اللہ خمینی کی آمد کے موقع پر آج صبح نو بج کر تینتیس منٹ پر سارے ملک میں سائرن بجائے گئے۔ ایران میں انقلاب کی تقریبات کا آغاز پہلی فروری سے ہوتا ہے اور اسی دن آیت اللہ خمینی چودہ سالہ جلاوطنی ختم کرتے ہوئے فرانس سے ایک چارٹرڈ طیارے پر تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر پہنچنے تھے۔ سن 1979 میں اسلامی انقلاب نے ایران میں ڈھائی ہزار سالہ پرانی بادشاہت کو ختم کر کے سخت عقیدے کی شیعہ حکومت کے قیام کی راہ ہموار کی تھی۔
اجتجاجی ریلیوں میں عوام شریک ہوں، وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر
جنوبی امریکی ملک وینزویلا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر خوان گوائیڈو نے اپنے ملک کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ویک اینڈ پر نکالی جانے والی احتجاجی ریلیوں میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوں۔ گوائیڈو ملکی صدر نکولاس مادورو پر دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں تا کہ وہ نئے انتخابات کا اعلان کریں۔ جمعرات اکتیس جنوری کو گوائیڈو نے اپنے بیان میں کہا کہ یورپی یونین کا الٹی میٹم بھی ختم ہونے والا ہے اور اس مہلت کے ختم ہونے پر سارے ملک کے عوام احتجاجی مظاہروں کا حصہ بنیں۔ اب تک صدر مادورو نے نئے پارلیمانی و صدارتی انتخابات کا مطالبہ رد کر رکھا ہے۔ دوسری جانب مادورو حکومت نے ہوگو چاویز کی سوشلسٹ تحریک کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
طالبان کا حملہ، چھ فوجی ہلاک
ایک افغان سکیورٹی اہلکار نے بتایا ہے کہ ملک کے شمالی حصے میں عسکریت پسندوں کے حملے میں کم از کم چھ فوجی مارے گئے ہیں۔ یہ حملہ افغان صوبے سرِ پُل کے ضلع سوزما قلعہ میں قائم ایک چیک پوسٹ پر کیا گیا۔ سرِ پل کے گورنر کے ترجمان کے مطابق طالبان عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد شروع ہونے والی جھڑپ میں کم از کم نو جنگجوؤں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق اس زوردار جھڑپ میں تیرہ شدت پسند زخمی بھی ہوئے۔ اس علاقے میں اضافی نفری کے بعد فوج نے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ طالبان کا یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب طالبان اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات جاری ہیں۔
امریکی امدادی ایجنسی نے فلسطینی علاقوں میں کام بند کر دیا
امریکا کے بین الاقوامی امدادی ادارے یو ایس ایڈ نے فلسطینی علاقوں مغربی کنارے اور غزہ پٹی میں ہر قسم کی امدادی سرگرمیوں کے سلسلے کو روک دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق امدادی سرگرمیوں کو روک دینے کی درخواست فلسطینی اتھارٹی نے خود کی تھی۔ اس امریکی اہلکار کے مطابق فی الحال ایسے اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے، جن سے یہ تعین کیا جائے کہ فلسطینی علاقوں میں یو ایس ایڈ کا مشن مستقل بنیادوں پر بند کیا جا رہا ہے۔
فیس بُک نے ایران سے منسلک تقریباً آٹھ سو جعلی اکاؤنٹس بند کر دیے
فیس بُک کمپنی نے کہا ہے کہ ایران سے منسلک ایسے 783 اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں، جو فرضی ناموں پر بنائے گئے تھے۔ ان میں مخصوص صفحات اور گروپس کے اکاؤنٹ بھی شامل ہیں۔ فیس بُک ادارے نے جعلی اکاؤنٹ سازی کو ایک ’منظم غیر مسلمہ رویہ‘ قرار دیا ہے۔ اس اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ ان اکاؤنٹس کی بندش میں ٹویٹر کی تفتیش نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ یہ امر اہم ہے کہ فیس بُک نے حال ہی میں میانمار، بنگلہ دیش اور روس کے ایسے ہی جعلی گروپوں کے بنائے گئے مختلف اکاؤنٹس کو بند کر دیا تھا۔
فلسطینیوں کے استحصال کے شبے میں پانچ اسرائیلی فوجیوں پر فرد جرم عائد
اسرائیلی فوج کے وکلائے استغاثہ نے اپنے پانچ فوجیوں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ دو فلسطینیوں کے استحصال کے مرتکب ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ان فوجیوں نے رواں برس آٹھ جنوری کو دو فلسطینیوں کو تھپڑوں کے ساتھ ساتھ مکے بھی رسید کیے تھے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ پانچوں فوجیوں نے ہتھکڑیوں میں بندھے فلسطینیوں کو کسی نوکیلی شے سے بھی نشانہ بنایا تھا۔ دونوں فلسطینیوں کو اس شبے میں حراست میں لیا گیا تھا کہ انہوں نے ویسٹ بینک میں دو اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے والے مسلح حملہ آور کی مدد کی تھی۔
مودی حکومت کے انتخابات سے قبل کسانوں کے لیے خصوصی اقدامات
بھارت میں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے رواں برس کے پارلیمانی انتخابات سے قبل دیہی علاقوں میں کسانوں کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ان اقدامات میں حکومت کی جانب سے دیہی کارکنوں کو ملازمتوں کی فراہمی کی خاطر چھ سو بلین روپے مختص کرنا سب سے اہم ہے۔ اس کے علاوہ 190 بلین روپے دیہات میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے بھی رکھے گئے ہیں۔ ان خصوصی اقدامات کا اعلان مودی حکومت کی جانب سے جمعہ یکم فروری کو پیش کیے گئے عبوری بجٹ میں کیا گیا۔ یہ بی جے پی کی موجودہ حکومت کا آخری بجٹ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو رواں برس مئی کے انتخابات سے قبل ملکی اپوزیشن کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کا سامنا ہے۔
جاپان اور یورپی یونین کے مابین تجارتی معاہدہ نافذ ہو گیا
یورپی یونین اور جاپان کے مابین خصوصی تجارتی معاہدے کا باضابطہ نفاذ آج یکم فروری سے ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دنیا کا سب سے بڑا تجارتی زون معرضِ وجود میں آ گیا ہے۔ اس موقع پر یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ یورپ اور جاپان نے دنیا کو اس معاہدے کے نفاذ سے یہ پیغام دیا ہے کہ کھلی اور شفاف تجارت بالکل ممکن ہے۔ انہوں نے اس معاہدے کو محنت، سلامتی، ماحول دوستی اور صارفین کے تحفظ کا ضامن بھی قرار دیا۔ اس اہم تجارتی سمجھوتے کو عالمی سطح پر اقتصادی حفاظت پسندی کے خطرات اور خاص طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعض تجارتی اقدامات کی نفی قرار دیا گیا ہے۔
بحیرہ روم میں مہاجرین کی اموات کی ذمے دار یورپی یونین بھی، درجنوں تنظیموں کا الزام
آکسفیم اور پچاس سے زائد دیگر غیر حکومتی امدادی تنظیموں نے الزام لگایا ہے کہ بحیرہ روم میں ہزاروں مہاجرین اور تارکین وطن کی اموات کی ذمے داری یورپی یونین کے رکن ممالک کی حکومتوں پر بھی عائد ہوتی ہے۔ ان تنظیموں نے اپنے ایک کھلے خط میں کہا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بحیرہ روم میں پانچ ہزار تین سو سے زائد تارکین وطن ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں خواتین کے علاوہ بچے بھی شامل تھے۔ ان تنظیموں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ یورپی حکومتیں شمالی افریقہ سے آنے والے مہاجرین کی لیبیا واپسی کے لیے رقوم فراہم کرنے کی بجائے سمندر میں ایسے انسانوں کی مدد کے لیے کارروائیوں کی حمایت کریں۔
روس جوہری معاہدے کی شرائط کا احترام کرے، جرمنی
جرمن وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ روس اپنے رویے میں تبدیلی پیدا کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی یا INF کی شرائط کا احترام کرے۔ برلن سے جاری ہونے والے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ ساٹھ ایام کے دوران روس کے طرزِ عمل میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی اور حقیقت یہ ہے کہ روسی رویے میں تبدیلی ہی اس معاہدے کو محفوظ رکھ سکتی ہے۔ دوسری جانب امریکا اس سمجھوتے سے علیحدگی کا اعلان امکاناً یکم فروری کو کر سکتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے آئی این ایف سے علیحدگی کا عندیہ گزشتہ برس دسمبر میں دیا تھا۔ یہ روسی امریکی جوہری معاہدہ سرد جنگ کے دور میں طے پایا تھا۔
ٹرمپ انتظامیہ جوہری معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کر سکتی ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت امکاناً آج جمعہ یکم فروری کو انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی یا INF سے علیحدگی کا اعلان کر سکتی ہے۔ عالمی برادری اِس معاہدے سے امریکی علیحدگی کے اعلان کا انتظار کئی ہفتوں سے کر رہی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ برس دسمبر میں اس معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے ماسکو کو ساٹھ دنوں کی مہلت دی تھی کہ وہ اس معاہدے کے تحت اپنے جوہری معاملات کو درست سمت دے۔ یہ مہلت ہفتہ دو فروری کو مکمل ہو رہی ہے۔ آئی این ایف سے علیحدگی کے اعلان کے بعد امریکا اگلے چھ ماہ میں اس سمجھوتے سے پوری طرح نکل جائے گا۔ یہ روسی امریکی جوہری معاہدہ سرد جنگ کے دور میں طے پایا تھا۔
پوپ فرانسس اتوار کو دبئی پہنچیں گے
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس تین فروری بروز اتوار خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات پہنچیں گے۔ اس مسلم اکثریتی جزیرہ نما عرب کا ان کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ پاپائے روم اس خلیجی ریاست میں مذاہب کے مابین مکالمت کی ایک تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وہ اس کانفرنس کے حاشیے میں جامعہ الازہر کے سربراہ امام شیخ احمد الطیب سے بھی خصوصی ملاقات کریں گے۔ پوپ اپنے دورے کے آخری روز دبئی میں ایک عوامی دعائیہ عبادت سے بھی خطاب کریں گے۔ اندازہ ہے کہ اس مذہبی تقریب میں ایک لاکھ سے زائد افراد شریک ہوں گے۔ اس ایک ملکی دورے کے بعد پوپ فرانسس واپس ویٹیکن لوٹ جائیں گے۔ عرب دنیا کے اس جزیرہ نما پر کیتھولک مسیحیوں کی تعداد چھبیس لاکھ کے لگ بھگ ہے۔
لبنان میں عام انتخابات کے آٹھ ماہ بعد حکومت کی تشکیل
لبنان میں وزیر اعظم سعد الحریری پارلیمانی انتخابات کے آٹھ ماہ بعد نئی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ حکومت کی تشکیل کا باضابطہ اعلان جمعرات اکتیس جنوری کی شام کیا گیا۔ لبنانی صدر کی رہائش گاہ پر وزراء کے ناموں کا اعلان تیسری مرتبہ منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے والے سعد الحریری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ لبنان میں گزشتہ برس چوبیس مئی کو عام انتخابات ہوئے تھے اور اس کے بعد سے اس ملک میں حکومت سازی نہیں ہو سکی تھی۔ الیکشن کے فوری بعد صدر مشیل عون نے سعد الحریری کو نیا وزیر اعظم نامزد کر دیا تھا۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے لبنان میں نئی حکومت کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پیش رفت کو لبنان میں استحکام کے لیے اہم قرار دیا ہے۔