منگل : 05 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شام اور افغانستان سے امریکی افواج کا انخلاء ، امریکی سینیٹ کی مخالفت[/pullquote]

امریکی سینیٹ نے شام اور افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کی مخالفت کر دی ہے۔ سینیٹ نے ریپبلکن رہنما مچ میک کونلز کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد چھبیس کے مقابلے میں ستر ووٹوں سے منظور کی۔ اس قرار داد میں شام اور افغانستان میں عسکریت پسندوں کو ایک بڑے خطرے سے تعبیر کیا گیا ہے۔ اس دستاویز کے مطابق ان دونوں ملکوں سے انتہائی عجلت میں امریکی دستوں کا انخلاء سخت مشکل سے حاصل کی جانے والی کامیابیوں اور امریکی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

[pullquote]چینی سرمایہ کاروں کی یورپی کمپنیوں میں دلچسپی میں کمی[/pullquote]

چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے یورپی کمپنیوں کو خریدنے کے رجحان میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مشاورتی ادارے ’ ای وائی‘ کے مطابق چینی کاروباری اداروں کی جانب سے گزشتہ برس جرمن کمپنیوں کو خریدنے یا شراکت داری کے صرف پینتیس واقعات سامنے آئے۔ 2016ء میں یہ تعداد 68 جبکہ 2017ء میں 54 تھی۔ اس کی ایک اہم وجہ یورپ میں بڑھتی ہوئی بے اعتمادی اور چین کی اقتصادی ترقی میں کمی ہے۔ اس دوران یورپ میں چینی سرمایہ کاری کا حجم ایک سال کے دوران نصف کی کمی کے ساتھ تقریباً ستائیس ارب یورو ہو گیا ہے۔

[pullquote]پرامن عالمی نظام کی خاطر چین اپنے لیے زیادہ ذمے داری قبول کرے، جرمن چانسلر[/pullquote]

وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ چین کو عالمی امن اور ایک منصفانہ نظام کی خاطر اپنے لیے زیادہ ذمے داری قبول کرنا ہو گی۔ انہوں نے یہ بات اپنے دو روزہ دورہ جاپان کے آخری دن منگل کو ٹوکیو کی ایک مشہور یونیورسٹی کے طلبا وطالبات کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ میرکل نے یہ بات چینی ٹیلی کوم کمپنی ہواوے کے حوالے سے ایک اسکینڈل کے تناظر میں کہی۔ اس کمپنی کو امریکا میں اپنے خلاف کارروائی کا سامنا ہے۔ اس کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر اپنے صارفین کا ڈیٹا چینی حکومت کے حوالے کر دیا تھا۔ میرکل نے یہ بھی کہا کہ چینی حکومت کو حقوقِ دانش کے معاملے میں بھی ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]بریگزٹ: برطانوی وزیر اعظم کی یورپی رہنماؤں سے اگلی ملاقات جمعرات کو[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے لندن کے یورپی یونین سے اخراج کے موضوع پر یورپی رہنماؤں سے اپنی اگلی ملاقات جمعرات کو کریں گی۔ اس ملاقات میں مے کی یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات میں کوشش ہو گی کہ کسی طرح لندن اور برسلز کے مابین بریگزٹ ڈیل کو بچا لیا جائے۔ برطانیہ کو انتیس مارچ کو یورپی یونین سے نکل جانا ہے اور ابھی تک طے شدہ بریگزٹ معاہدے کی برطانوی پارلیمان نے منظوری نہیں دی۔ اگر کوئی حمتی معاہدہ منظور نہ ہو سکا، تو برطانیہ کو کسی ڈیل کے بغیر ہی یورپی یونین سے نکلنا پڑے گا۔

[pullquote]امریکی صدر ٹرمپ اب ملکی وزیر داخلہ بھی نیا نامزد کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ توانائی کے شعبے کے ایک سابق لابیئسٹ ڈیوڈ بیرنہارڈ کو نیا ملکی وزیر داخلہ نامزد کرنا چاہتے ہیں۔ ڈیوڈ بیرنہارڈ موجودہ وزیر داخلہ رایَن زِنکی کی جگہ لیں گے، جنہیں ایک بڑے اسکینڈل کا سامنا ہے۔ ڈیوڈ بیرنہارڈ رایَن زِنکی کے نائب کے طور پر اُس فیصلے میں بھی شامل رہے تھے، جس کے تحت ریاست الاسکا کے ایک محفوظ علاقے میں تیل کی تلاش کے لیے کھدائی کی اجازت دے دی گئی تھی۔ تحفظ ماحول کے لیے سرگرم تنظیموں اور امریکی میڈیا نے ڈیوڈ بیرنہارڈ کی وزارتی نامزدگی پر شدید تنقید کی ہے۔ اس تقرری کی امریکی سینیٹ کی طرف سے منظوری لازمی ہو گی۔

[pullquote]وسطی افریقی جمہوریہ: امن معاہدے پر اتفاق لیکن مندرجات تاحال غیر واضح[/pullquote]

وسطی افریقی جمہوریہ میں حکومت اور مسلح باغی گروپوں کے مابین طے پانے والے امن معاہدے کی تفصیلات کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔ اس معاہدے پر اتفاق رائے گزشتہ ویک اینڈ پر ہوا تھا۔ ڈی ڈبلیو کو ملنے والی انتہائی قابل اعتماد اطلاعات کے مطابق اس معاہدے کو تحریری شکل میں آج منگل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور یہ بنیادی طور پر پانچ نکات پر مشتمل ہو گا۔ اطلاعات کے مطابق اس معاہدے پر عمل کرتے ہوئے ایک متحدہ قومی حکومت تشکیل دی جائے گی اور نئے وزیر اعظم کا تعلق باغیوں کے چودہ مسلح گروپوں میں سے ایک سے ہو گا۔ اس کے علاوہ باغیوں کو غیر مشروط طور پر عام معافی بھی نہیں دی جائے گی۔

[pullquote]میرکل کے دورہ جاپان کا آخری دن، شہنشاہ آکی ہیٹو سے ملاقات[/pullquote]

جاپان کے دو روزہ دورے پر گئی ہوئی وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے دورے کے آخری دن آج منگل کو جاپان کے شہنشاہ آکی ہیٹو سے ملاقات کی۔ یہ چانسلر میرکل کی جاپانی شہنشاہ سے تیسری ملاقات تھی۔ آکی ہیٹو اس سال تیس اپریل کو تخت سے دستبردار ہو جائیں گے۔ جاپان میں اس وقت پچاسی سالہ شہنشاہ آکی ہیٹو روزمرہ کی سیاست میں تو کوئی کردارا دا نہیں کرتے تاہم ریاستی امور میں ان کا کردار زیادہ تر باہمی ربط اور انضمام کا ہوتا ہے۔ جاپان میں شہنشاہ کا تقریباﹰ تقدیس کی حد تک احترام کیا جاتا ہے اور ان سے ملاقات ایک بہت بڑا اعزاز سمجھی جاتی ہے۔ آج ہی چانسلر میرکل جاپانی ولی عہد نارُوہیٹو سے بھی ملیں، جو یکم مئی کو شہنشاہ کا منصب سنبھالیں گے۔

[pullquote]ماسکو میں افغان امن عمل کے لیے مذاکرات کا آغاز آج منگل سے[/pullquote]

افغان طالبان اور افغان اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ آج منگل سے ماسکو میں شروع ہو رہا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق ان دو روزہ مذاکرات کا مقصد افغانستان میں قیام امن کے لیے افغان لوگوں کے درمیان بات چیت کی وسیع بنیاد فراہم کرنا ہے۔ یہ ملاقات ایک ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب گزشتہ ماہ طالبان اور امریکی حکام کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں چھ روز تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد حوصلہ افزا نتائج کا اعلان کیا گیا تھا۔ ماسکو میں ہونے والی اس ملاقات میں افغان حکومت کو مدعو نہیں کیا گیا۔

[pullquote]امریکا کو شام میں داعش کے دوبارہ مضبوط ہو جانے کا خدشہ، پینٹاگون[/pullquote]

امریکا کو خدشہ ہے کہ جنگ زدہ شام سے امریکی فوجی دستوں کے انخلاء کے بعد وہاں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش خود کو دوبارہ مضبوط بنا سکتی ہے۔ امریکی وزارت دفاع نے تنبیہ کی ہے کہ یہ ممکن ہے کہ داعش شام میں اگلے چھ ماہ سے لے کر ایک سال تک کے عرصے میں خود کو دوبارہ قدرے مضبوط بنا لے اور ماضی میں اپنے زیر قبضہ رہنے والے علاقوں پر دوبارہ قبضے کی کوشش کرے۔ پینٹاگون کی ایک رپورٹ کے مطابق مشرقی شام میں، جہاں امریکی فوجی دستے مصروف عمل ہیں، اب بھی داعش کے تقریباﹰ دو ہزار جنگجو موجود ہیں۔ شام میں امریکی فوجی دستوں کی تعداد دو ہزار کے قریب ہے اور دسمبر میں صدر ٹرمپ نے ان کے انخلاء کا اچانک اعلان کر دیا تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ یہ فوجی کب واپس جائیں گے۔

[pullquote]تیرہ لاطینی امریکی ممالک اور کینیڈا کا وینزویلا کے خلاف پابندیوں کا فیصلہ[/pullquote]

تیرہ لاطینی امریکی ممالک کے لیما گروپ اور کینیڈا نے وینزویلا کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کو اقتدار سے علیحدہ ہونے پر مجبور کرنا ہے۔ کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں ہونے والے کینیڈا اور لیما گروپ کے رکن ممالک کے ایک اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ کاراکس میں مادورو حکومت کی وینزویلا کے بین الاقوامی اثاثوں تک رسائی معطل کر دی جائے گی۔ اس اجلاس میں بحران زدہ ملک وینزویلا کی فوج سے یہ اپیل بھی کی گئی کہ وہ نکولاس مادورو کے بجائے اپوزیشن رہنما اور عبوری صدر خوآن گوآئیڈو کی حمایت کرے۔

[pullquote]گِنی میں سونے کی کان بیٹھ گئی، سترہ افراد مارے گئے[/pullquote]

وسطی افریقی ملک گِنی میں سونے کی ایک کان کے بیٹھ جانے سے اس میں کام کرنے والے کان کنوں میں سے کم از کم سترہ افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ شہر سیگُواِیری کے قریب واقع ایک کان میں اتوار تین فروری کی رات پیش آیا۔ کئی افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق اس علاقے میں قریب بیس ہزار باشندے ایسے ہیں، جو باقاعدہ قانونی اجازت ناموں کے بغیر سونے کی کانوں میں کام کرتے ہیں۔ ان میں گِنی کے مقامی باشندوں کے علاوہ ہمسایہ وسطی افریقی ریاستوں کے بہت سے شہری بھی شامل ہیں۔

[pullquote]جرمنی کے دفاعی بجٹ میں اضافے کے لیے وزیر خزانہ کو مشکلات کا سامنا[/pullquote]

وفاقی جرمن وزیر خزانہ اولاف شولس کو اس بارے میں مشکلات کا سامنا ہے کہ سن دو ہزار چوبیس تک ملکی دفاعی بجٹ بڑھا کر مجموعی قومی پیداوار کے ایک اعشاریہ پانچ فیصد تک کر دیا جائے۔ وزارت خزانہ کی بائیس صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی ترقی میں اضافے کی مقابلتاﹰ کم شرح کے باعث حکومت کو ٹیکسوں کی مد میں ہونے والی آمدنی میں بہت اضافہ نہیں ہو گا، اور اسی لیے دفاع کے لیے ایک اعشاریہ پانچ فیصد تک مالی وسائل مختص کرنا ایک مشکل ہدف ثابت ہو گا۔ اس کے برعکس وفاقی جرمن وزیر دفاع اُرزُولا فان ڈئر لاین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جرمنی کو اپنی یہ دفاعی مالیاتی منزل حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرنا چاہیے۔ امریکا کا مطالبہ ہے کہ نیٹو کے ایک رکن ملک کے طور پر جرمنی 2024ء تک اپنا دفاعی بجٹ بڑھا کر مجموعی قومی پیداوار کے دو فیصد کے برابر تک کرے۔

[pullquote]پیرس میں ایک آٹھ منزلہ عمارت میں آگ لگنے کے سبب آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ایک آٹھ منزلہ عمارت میں آگ لگنے کے سبب آٹھ افراد ہلاک جبکہ 28 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ آگ آج منگل کو علی الصبح لگی۔ متاثرہ عمارت کے ارد گرد کی عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا اور فائر بریگیڈ کا عملہ صبح دیر تک آگ بجھانے میں مصروف تھا۔ زخمی ہونے والوں میں آگ بجھانے والے دو کارکن بھی شامل ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔

[pullquote]جرمنی کی گیرمانیا ایئرلائن دیوالیہ ہو گئی[/pullquote]

جرمنی کی ایک ایئرلائن گیرمانیا نے دیوالیہ پن کی درخواست جمع کراتے ہوئے اپنی تمام پروازیں فی الفور معطل کر دی ہیں۔ زیادہ تر سیاحتی پروازوں کے لیے مشہور اس فضائی کمپنی کے پاس 37 ہوائی جہاز ہیں، جو سالانہ چالیس لاکھ سیاحوں کو ان کی منزلوں تک پہنچاتے تھے۔ گیرمانیا ایئرلائن کے مینیجنگ ڈائریکٹر کارسٹن بالکے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مالی مشکلات کے سبب یہ فضائی کمپنی دیوالیہ پن کی درخواست دے دینے پر مجبور ہوئی۔ اس ایئرلائن کے مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ متبادل پروازوں کے لیے اپنے ٹور آپریٹرز سے رابطہ کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے