العزیزیہ ریفرنس: نواز شریف کی طبی بنیادوں پرسزا معطلی کی درخواست پرسماعت آج ہوگی

اسلام آباد: العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کے سلسلے میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست پر سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ درخواست پر سماعت کرے گا۔

مذکورہ کیس کی 28 جنوری کو ہونے والی گذشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کی تمام میڈیکل رپورٹس طلب کی تھیں۔

واضح رہے کہ 24 دسمبر 2018 کو احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کوالعزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد نیب نے انہیں گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا تھا۔

نواز شریف کے وکلاء کی طرف سے 26 جنوری کو دائر کی گئی ایک درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم کی صحت غیر تسلی بخش ہے انہیں عارضہ قلب اور گردوں کا مرض لاحق ہے، لہذا ان کی درخواست ضمانت پر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسوں کی اپیلوں سے پہلے فیصلہ سُنایا جائے اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطل کرکے نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کیا جائے۔

درخواست کے ساتھ اسپیشل میڈیکل بورڈ کی 17 جنوری کی رپورٹ بھی جمع کرائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف کا چند روز قبل جیل میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے طبی معائنہ کیا تھا جس میں امراض قلب کے ماہرین بھی شامل تھے، جس کے بعد انہیں ڈاکٹروں کے مشورے پر سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے