کلبھوشن سے متعلق مضبوط کیس پیش کریں گے:وزیر خارجہ

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 19 فروری کو عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو سے متعلق مضبوط کیس پیش کریں گے۔

مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘کلبھوشن کو پاکستان سے گرفتار کیا گیا اور اس نے کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے، ہمارے پاس ثبوت ہیں اور ہمارا کیس مضبوط ہے’۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن جادیو کا کیس 18 سے 21 فروری 2019 کے دوران سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔

عالمی عدالت انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت 18 فروری 2019 کو دن 10 سے ایک بجے تک دلائل دے گا جبکہ 19 فروری کو دن 10 سے ایک بجے تک پاکستان دلائل دے گا۔

اعلامیے کے مطابق 20 فروری کو 3 سے ساڑھے 4 بجے تک بھارت دلائل دے گا جبکہ 21 فروری کو ساڑھے 4 سے 6 بجے تک پاکستان اپنے دلائل دے گا۔

بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے جاسوس کلبھوشن جادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

کلبھوشن پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کر چکا ہے۔

10 اپریل 2017 کو کلبھوشن جادیو کو جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم بھارت نے کلبھوشن جادیو کی سزائے موت کو عالمی ثالثی عدالت (آئی سی جے) میں چیلنج کرتے ہوئے سزا پر عمل درآمد رکوانے کی اپیل کی تھی۔

عالمی عدالت نے کلبھوشن کی سزائے موت کے خلاف بھارت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ حتمی فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو پھانسی نہیں دی جاسکتی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے