احتساب اور میرٹ ہی نظام میں بہتری لانے کے اصول ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نےکہا ہےکہ احتساب اور میرٹ ہی نظام میں بہتری لانے کے اصول ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سول سروس ریفارمز ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 60 اور 70 کی دہائی میں پاکستانی سول سروس خطےکی سب سے بہترین سروس تھی، خطے کے دیگر ممالک ہم سے سیکھنے آتے تھے، بدقسمتی سے سیاسی مداخلت سے سول سروس کا زوال شروع ہوا، سول سروس کو سیاسی مداخلت سے بچانے کے لیے سیاستدانوں کی ٹریننگ بھی ضروری ہے، ٹریننگ بھی اس لیے ضروری ہےکہ بیوروکریٹ بلا خوف و خطرذمہ داریاں انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نیک نیتی کے ساتھ اصلاحات کا ایجنڈا لے کر آئی ہے، عوامی فلاح و بہود کی خاطر نظام میں بہتری لانے کے خواہش مند ہیں، احتساب اور میرٹ ہی نظام میں بہتری لانے کے اصول ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ہماری حکومت کا مشن ہے کہ بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے، ہر تقرری صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائے، خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت سروس کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں لائی، تبدیلیوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی گورننس میں بہتری آئی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سول سرونٹس کو بے جا تنگ کرنے سے کام رک جاتا ہے، پوسٹ پر مدت ملازمت کو تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ ڈیلیوری میں تسلسل قائم رہے، سرکاری اداروں کے بورڈز میں اچھی شہرت اور اہل افراد کو شامل کیا جارہا ہے، تعلیم اور صحت کے شعبے سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں، وسائل کے ضیاع کو روکنا ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے