جمعہ : 15 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شام میں محفوظ زون میں صرف ترک فوجیں تعینات ہونا چاہیئں، انادولو[/pullquote]

ترک خبر رساں ادارے انادولو نے وزیر دفاع ہلوسی اکر کے حوالے سے کہا ہے کہ شمالی شام میں مجوزہ ’محفوظ علاقے‘ میں صرف ترک فوج تعینات ہونا چاہیے۔ امریکی فورسز کے شام سے انخلا کے بعد ترکی شمالی شام میں محفوظ علاقے کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں ترکی کوشش ہے کہ اتحادی ممالک سے لاجسٹک مدد حاصل کی جائے۔ ترکی کا کہنا ہے کہ اس محفوظ علاقے سے امریکی حمایت یافتہ کرد جنگجوؤں کو خالی ہونا چاہیے۔ انقرہ حکومت کرد عسکری گروہ وائی پی جی کو دہشت گرد گروپ قرار دیتی ہے۔

[pullquote]اسپین میں قبل از وقت انتخابات، اٹھائیس اپریل کو ہوں گے[/pullquote]

اسپین کے سوشلسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے اٹھائیس اپریل کو قبل از وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان پارلیمنٹ میں بجٹ کی منظوری میں ناکامی کے بعد کیا۔ انہوں نے انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کی تجویز پیش کی۔ چھیالیس سالہ سانچیز قریب آٹھ ماہ قبل قدامت پسند سیاستدان ماریانو راخوئے کو منصب وزارت عظمیٰ سے ہٹا کر سیاسی منظر پر سامنے آئے تھے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق اُن کی سوشلسٹ پارٹی کو اس وقت بقیہ سیاسی جماعتوں پر سبقت ضرور حاصل ہے لیکن وہ بھاری اکثریت حاصل کرنے سے قاصر رہے گی۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ کی یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ سے ملاقات[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پندرہ فروری کو برسلز میں یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایک روز قبل جمعرات چودہ فروری کو امریکی نائب صدر مائیک پینس نے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں منعقدہ ایک کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے امریکا کے روایتی یورپی اتحادیوں پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ایران پر امریکی پابندیوں کو متاثر کرنے کی کوشش میں ہیں۔ موگرینی نے اس تناظر میں پومپیو کے ساتھ ملاقات کے بعد رپورٹرز کے سوالوں کے جواب دینے سے گریز کیا۔

[pullquote]غریب یورپی ممالک شرح بیروزگاری میں کمی لائیں، عالمی مالیاتی ادارہ[/pullquote]

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ نے براعظم یورپ کے کمزور معیشت کے حامل ممالک کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں۔ لاگارڈ نے ان ملکوں سے یہ بھی کہا کہ وہ اجرتوں کو بہتر کرنے کے لیے اپنی روزگار کی منڈیوں میں اصلاحات متعارف کرائیں۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی سربراہ کا اشارہ یورپ کے جن ممالک کی جانب تھا، ان میں اسپین، اٹلی، پرتگال اور یونان نمایاں ہیں۔ لاگارڈ کے مطابق یہ ممالک اپنی کمزور اقتصادیاتی صورت حال کو تبدیل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یورپی یونین مزید توانا ہو سکتی ہے۔

[pullquote]میونخ سیکورٹی کانفرنس کا آغاز[/pullquote]

جرمن شہر میونخ میں آج پندرہ فروری سے سلامتی کے موضوع پر بین الاقوامی سکیورٹی کانفرنس کا سالانہ اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ 55 ویں میونخ سکیورٹی کانفرنس میں چالیس سے زائد ممالک کے سربراہان حکومت و مملکت کی شرکت متوقع ہے۔ اسے سیاسی اور دفاعی شعبے کے ماہرین کا ایک اہم ترین بین الاقوامی اجلاس قرار دیا جاتا ہے۔ اتوار تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل، امریکی نائب صدر مائیک پینس بھی شریک ہوں گے۔ اس کانفرنس میں شرکت کرنے والا سب سے بڑا وفد چین کا ہے، جس کی قیادت خارجہ امور کے سیاستدان یانگ جیئچی کر رہے ہیں۔

[pullquote]ترکی کو جرمن عسکری سازو سامان کی ترسیل میں کمی[/pullquote]

ترکی کو جرمن دفاعی سامان کی برآمدات میں باسٹھ فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ایک پارلیمانی رپورٹ کے مطابق 2018ء کے دوران حکومت نے ترکی کو اسلحے کی فراہمی کے 58 سودوں کی منظوری دی، جن کی لاگت 12.9 ارب یورو بنتی ہے۔ دوسری جانب 2017ء میں ترکی کو 34.2 ارب یورو کا عسکری ساز و سامان فروخت کیا گیا تھا۔ اس کمی کی ایک اہم وجہ ترکی کی شام میں فوجی مداخلت ہے۔ برلن اور انقرہ کے تعلقات ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے کشیدہ ہیں۔

[pullquote]فیس بک پر ایک ارب ڈالر کا جرمانہ[/pullquote]

سماجی ویب سائٹ فیس بک پر صارفین کے نجی کوائف کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر امریکا میں جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق صارفین کی ذاتی معلومات کے سن 2011 کے قانون کی خلاف ورزی کی وجہ سے فیس بک کو ایک ارب ڈالرکے ہرجانے کا سامنا ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ اس وقت ایک امریکی کمیشن فیس بک کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے تاکہ اس حوالے سے کسی نتیجے پر پہنچا جا سکے۔ فیس بک نے اپنے87 ملین صارفین کی معلومات کیمبرج انلیٹکا کو فروخت کی تھیں۔

[pullquote]شمالی اور جنوبی یورپ میں معاشی تفریق پر آئی ایم ایف کو تشویش[/pullquote]

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ’آئی ایم ایف‘ نے یورپی یونین کی شمالی اور جنوبی ریاستوں کے مابین پائی جانے والی معاشی تفریق سے خبردار کیا ہے۔ آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ کے مطابق یورپ کے ان خطوں کے مابین اس فرق کو کم کرنے کی کوششیں گزشتہ بیس برسوں کے دوران آگے نہیں بڑھ سکی ہیں۔ انہوں نے یہ بات میونخ میں یورپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔ لاگارڈ نے اس تناظر میں بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات لانے کی تجویز پیش کی ہے۔

[pullquote]پاکستان کو تنہا کر دیں گے، ارون جیٹلی[/pullquote]

بھارت تجارتی شعبے میں پاکستان کو دی جانے والی تمام رعایات ختم کر دے گا۔ بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ نئی دہلی حکومت پاکستان کو مکمل طور پر تنہا کرنے کے لیے سفارتی سطح پر تمام تر اقدامات اٹھائے گی۔ جیٹلی کا یہ بیان گزشتہ روز بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں نیم فوجی دستوں کے قافلے پر خود کش حملے کے رد عمل میں سامنے آیا ہے۔ جیش محمد نامی تنظیم نےکم از کم چوالیس فوجیوں کی ہلاکت کا باعث بننے والے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ بھارتی کشمیر میں اب تک کا خونریز ترین حملہ تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے