شہباز شریف اور مریم، نواز شریف کی عیادت کے بعد جناح اسپتال سے روانہ

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جناح اسپتال میں عیادت کی۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور کے جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں جنہیں 15 فروری کو کوٹ لکھپت جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

مریم نواز والد کی عیادت کے لیے الگ سے جناح پہنچیں جب کہ شہباز شریف بھی نواز شریف کی عیادت کے لیے وہاں آئے اور بھائی سے خیریت دریافت کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا علاج ہورہا ہے اور انہیں علاج کی ضرورت ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔

میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کے علاج کی ہسٹری طلب کی تھی جس پر مشاورت کے بعد کل حتمی رائے دی جائے گی۔

سابق وزیراعظم مزید کتنے روز جناح اسپتال میں زیر علاج رہیں گے اس حوالے سے اب تک کوئی حتمی وقت نہیں دیا گیا۔

[pullquote]نواز شریف کی میڈیکل ہسٹری کا جائزہ، میڈیکل بورڈ کل حتمی رائے دے گا[/pullquote]

لاہور: جناح اسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کے میڈیکل بورڈ نے ان کی تمام میڈیکل ہسٹری کا جائزہ لیا جس کے بعد کل حتمی رائے سامنے آنے کی توقع ہے۔

سابق وزیراعظم سے سروسز اسپتال، پی آئی سی اور لندن میں علاج کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں جو انہوں نے فراہم کیں جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے اس کا جائزہ لیا۔

علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر عارف تجمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کو علاج اور رہائش کی جگہ سےکوئی تکلیف نہیں، ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کی کیس ہسٹری کا جائزہ لے لیا ہے۔

ڈاکٹر عارف تجمل کے مطابق نواز شریف کے کچھ ٹیسٹ ہوچکے ہیں اور ان کی طبعیت ٹھیک ہے اور انہیں دی جانے والی دواؤں میں تبدیلی کی ضرورت نہیں۔

پروفیسر عارف تجمل نے کہا کہ نواز شریف کا پرانے ڈیٹا سمیت پی آئی سی اور سروسز کا ڈیٹا مل گیا ہے، کسی رپورٹ کے بارے میں کارڈیالوجسٹ بہتر آگاہ کرسکتے ہیں اور ممکن ہے کہ کل تک میڈیکل بورڈ اپنی حتمی رائے دے۔

پروفیسر عارف تجمل کا مزید کہنا تھا کہ مریض کو علاج کی ضرورت ہے اور ہم ان کا علاج کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو 15 فروری کو کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں گزشتہ روز ان کا ایکو ٹیسٹ اور ای سی جی ہوئی تھی۔

سابق وزیراعظم کوٹ لکھپت جیل میں احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں دی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور علاج کی غرض سے انہیں جناح اسپتال کے پرائیوٹ کمرے میں منتقل کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے