پیر : 18 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]يورپی اليکشن: عواميت پسند قوتوں کے آگے آنے کا امکان[/pullquote]

يورپی بلاک کے حوالے سے شکوک و شبہات کی حامل اور عواميت پسند قوتيں آئندہ يورپی انتخابات ميں پہلے کے مقابلے ميں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہيں۔ يہ انکشاف رائے عامہ کے ايک تازہ جائزے کے نتائج پر آج بروز پير کيا گيا۔ سروے کے مطابق دائیں بازو کے اطالوی وزير داخلہ ماتيو سالوينی اور انتہائی دائيں بازو کی فرانسيسی سياست دان لی پين کی وفادار قوتيں مئی ميں ہونے والے يورپی پارليمان کے اليکشن ميں اچھی کاکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہيں۔ البتہ يہ بھی کہا گيا ہے کہ مرکزی سياسی دھڑے کی قوتين اتنی اکثريت لے پائيں گی کہ وہ اقتدار ميں رہيں۔

[pullquote]يورپی کاروں پر اضافی محصولات کا معاملہ، يورپ اور امريکا آمنے سامنے[/pullquote]

يورپی يونين نے کہا ہے کہ اگر امريکا کی جانب سے يورپی کاروں پر اضافی ڈيوٹی عائد کی گئی، تو اس کا فوری جواب ديا جائے گا۔ يہ بات يورپی کميشن کے ترجمان نے پير اٹھارہ فروری کو کہی۔ برسلز کی جانب سے يہ موقف اس پيش رفت کے بعد اختيار کيا گيا، جس ميں امريکی صدر کو اب يہ اختيار حاصل ہے کہ وہ آئندہ نوے ايام ميں يورپی کاروں پر اضافی ڈيوٹی عائد کر سکتے ہيں۔ امريکا پہلے بھی يورپ سے اسٹيل اور المونيم کی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کر چکا ہے۔

[pullquote]’وائز گراڈ فور‘ گروپ کی اسرائیل کے ساتھ سمٹ منسوخ[/pullquote]

اس ہفتے اسرائيل اور ’وائز گراڈ فور‘ نامی ملکوں کے گروپ کی ايک سمٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔ چيک جمہوريہ کے وزير اعظم آندريس بابج نے پير کو اس بارے ميں بتايا۔ ان کے بقول يہ پيش رفت پولينڈ کی جانب سے سربراہی اجلاس ميں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے سامنے آئی ہے۔ قبل ازيں پولینڈ کے وزیراعظم ماتوئیش موراویئسکی نے اپنا دورہ اسرائیل منسوخ کر کے ملکی وزیر خارجہ کو وہاں بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے يہ قدم اسرائیلی وزیر اعظم کی طرف سے پولینڈ کو ہولوکاسٹ کے جرم میں شریک ہونے کا الزام دیے جانے کے بعد اٹھايا۔ V4 گروپ ميں ہنگری، پولينڈ، سلوواکيہ اور چيک ری پبلک شامل ہيں۔

[pullquote]دی ہيگ: کلبھوشن يادو کی کيس کی سماعت جاری[/pullquote]

پاکستان ميں زير حراست مشتبہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کيس پر ہالينڈ کے شہر دی ہيگ کی عالمی عدالت برائے انصاف ميں سماعت کا آغاز ہو گیا ہے۔ نئی دہلی حکومت کی کوشش ہے کہ يادیو کی سزائے موت پر عملدرآمد کو رکوايا جائے۔ بھارت کا اصرار ہے کہ يادیو جاسوس نہيں ہے اور اسے پاکستان ميں اغواء کيا گيا۔ بھارت نے موقف اختيار کيا ہے کہ اسلام آباد نے يادیو تک ’کونسلر رسائی‘ کی راہ روک کر ويانا کنونشن کی خلاف ورزی کی۔ آئی سی جے نے دو برس قبل يادیو کی سزا پر عملدرآمد سے پاکستان کو روک ديا تھا۔ اب اس سلسلے ميں بھارت کی جانب سے نئے سرے سے کيس پيش کيا جا رہا ہے۔

[pullquote]امريکا نے ’اقتصادی جنگ‘ جاری رکھی ہوئی ہے، ايرانی صدر[/pullquote]

ايرانی صدر حسن روحانی نے امريکا کی جانب سے عائد کردہ اقتصادی پابنديوں کو ’معاشی جنگ‘ سے تعبير کيا ہے۔ بندر عباس ميں تيل کی ايک ريفائنری کے تيسرے اور آخری مرحلے کی تعمير کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے يہ بات آج پير کے روز کہی۔ روحانی کے مطابق اقتصادی جنگ، ہتھياروں کی جنگ سے زيادہ مشکل ہوتی ہے۔ ايرانی صدر نے اس موقع پر امريکی پابنديوں کے باوجود ملک ميں جاری ترقياتی کاموں کو سراہا۔

[pullquote]فیس بُک نے جانتے بوجھتے پرائیویسی قوانین کی خلاف ورزی کی، برطانوی ارکان پارلیمان[/pullquote]

برطانوی ارکان پارلیمان نے فیس بُک پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے جانتے بوجھتے ڈیٹا پرائیویسی اور انسداد مسابقت سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی۔ یہ بات برطانوی پارلیمان کی ڈیجیٹل، کلچر، میڈیا اینڈ اسپورٹس کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سماجی رابطوں سے متعلق کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر شائع کردہ مواد کے حوالے سے خود پر واضح قانونی ذمہ داریاں لاگو کرنا چاہییں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیس بُک اپنے صارفین کی پرائیویسی ترجیحات کو نظر انداز کرتے ہوئے ان کی معلومات بعض ایپلیکیشن بنانے والوں کو فراہم کرنے پر آمادہ نظر آتا ہے۔

[pullquote]پلوامہ: تازہ مسلح جھڑپ ميں چار بھارتی فوجی ہلاک[/pullquote]

بھارتی زير انتظام کشمير ميں عليحدگی پسندوں کے ساتھ ايک مسلح جھڑپ ميں کم از کم چار بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان ميں بھارتی فوج کا ایک ميجر بھی شامل ہے۔ سکيورٹی حکام کے مطابق عليحدگی پسندوں کی موجودگی کے بارے ميں اطلاع ملنے پر پلوامہ ميں ايک گاؤں کو گھيرے ميں لے ليا گیا اور جب وہاں تلاشی لی جا رہی تھی، تو اس وقت جھڑپ شروع ہوئی۔ جھڑپ ميں ايک اور بھارتی فوجی اور ايک شہری زخمی بھی ہوئے اور دونوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پوليس نے بتايا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ اب رک چکا ہے تاہم علاقے ميں تلاشی کا کام اب بھی جاری ہے۔ پلوامہ ميں جمعرات کو ايک فوجی قافلے پر حملے ميں بياليس بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]يورپی وزرائے خارجہ کا اجلاس، يورپی جنگجوؤں کی واپسی پر بات چيت متوقع[/pullquote]

بيلجيم کے دارالحکومت برسلز ميں آج يورپی يونين کے وزرائے خارجہ کا ايک اجلاس ہو رہا ہے۔ اس اجلاس ميں شامی تنازعے اور بالخصوص شام سے حراست ميں ليے گئے يورپی جنگجوؤں کے بارے ميں بات چيت متوقع ہے۔ امريکی حمايت يافتہ شامی باغيوں کی تنظيم سيريئن ڈيموکريٹک فورسز نے برطانيہ، جرمنی، فرانس، آئرلينڈ اور کينيڈا کے تقريباً آٹھ سو ايسے افراد کو حراست ميں لے رکھا ہے، جو داعش کے ليے لڑنے کے ليے شام آئے تھے۔ بيلجيم کے وزير انصاف نے اس معاملے کے مشترکہ يورپی حل پر زور ديا ہے۔

[pullquote]امريکی صدر کے مطالبے پر عملدرآمد مشکل ہے، جرمن وزير خارجہ[/pullquote]

جرمن وزير خارجہ ہائيکو ماس نے کہا ہے کہ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطالبے کو عملی جامہ پہنانا کافی مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔ گزشتہ روز ٹرمپ نے يورپی رياستوں سے مطالبہ کيا تھا کہ وہ شام سے گرفتار کيے گئے اسلامک اسٹيٹ کے یورپی جہاديوں کو واپس ليں۔ اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ماس نے کہا کہ ايسے افراد کی واپسی اسی صورت ممکن ہے کہ جب يہ بات يقينی ہو کہ انہيں حراست ميں ہی رکھا جائے گا اور ان کے حلاف قانونی کارروائی بھی فوری طور پر ہی ہو۔ جرمن وزير خارجہ نے مزيد کہا کہ وہ اس بارے ميں فرانسيسی و برطانوی حکام سے بھی مشاورت کريں گے اور پھر ہی اس پر حتمی فيصلہ ليا جائے گا۔

[pullquote]باغوز ميں لڑائی جاری، شہريوں کے ليے فرار ہونا مشکل[/pullquote]

دہشت گرد گروپ داعش کے جنگجوؤں نے شام ميں اپنے زير قبضہ آخری علاقے کا دفاع جاری رکھا ہوا ہے۔ يہ جنگجو عراقی سرحد کے قريب باغوز کے علاقے ميں محاصرے ميں ہيں تاہم اس علاقے ميں تقريباً دو ہزار شہری بھی موجود ہيں اور اسی سبب سيريئن ڈيموکريٹک فورسز نے اپنی سرگرمياں محدود رکھی ہوئی ہيں۔ گھیرے میں آئے ہوئے داعش کے جنگجو شہريوں کو اس مقام سے نکلنے کی اجازت نہيں دے رہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق داعش کے ان جنگجوؤں نے تمام سڑکيں بلاک کر رکھی ہيں۔ فرار ہو جانے والے چند شہريوں نے بتايا کہ جنگجو عورتوں اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہيں۔

[pullquote]يمنی تنازعے ميں برسرپيکار قوتيں حديدہ سے افواج کے انخلاء پر متفق[/pullquote]

يمنی تنازعے ميں برسرپيکار قوتيں بندرگاہی شہر حديدہ سے اپنی اپنی افواج کے جزوی انخلاء پر متفق ہو گئی ہيں۔ يہ پيش رفت ڈينش جنرل ميشائل لولسگارڈ کی ثالثی ميں حديدہ ميں ہی جاری بات چيت ميں ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ نے اسے ايک اہم پيش رفت قرار ديا ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ حديدہ میں جنگ بندی پر اتفاق پچھلے سال سويڈن ميں اقوام متحدہ کی ثالثی ميں منعقدہ مذاکرات ميں ہوا تھا۔ حوثی باغيوں اور يمنی حکومت کے مابين حدیدہ سے انخلاء کے حوالے سے طے پانے والے اتفاق رائے پر عملدرآمد کی البتہ کوئی تاريخ فی الحال نہيں بتائی گئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے