منگل : 19 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]تقریباً 200 خاندان داعش کے زیر قبضہ علاقے میں ہیں، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی سربراہ مشیل باچیلیٹ کا کہنا ہے کہ شام میں جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے زیر انتظام علاقے میں دو سو کے قریب خاندان پھنسے ہوئے ہیں۔ باچیلیٹ کے مطابق ان محبوس انسانوں کو فضائی حملوں اور زمینی مسلح کارروائیوں کا سامنا ہے۔ دوسری جانب امریکی حمایت یافتہ شامی کردوں کی عسکری تنظیم سیرین ڈیموکریٹک فورسز (SDF) کا کہنا ہے کہ داعش نے اپنی گوریلا کارروائیوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ ایس ڈی ایف نے مشرقی شام کے اُس ایک گاؤں باغوز پر چڑھائی کر رکھی ہے، جسے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کا آخری ٹھکانہ قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]مصری سکیورٹی فورسز نے ایک درجن سے زائد مشتبہ عسکریت پسند ہلاک کر دیے[/pullquote]

مصر کے سرکاری اخبار الاہرام کے مطابق شمالی سینائی میں کیے جانے والے ایک بڑے عسکری آپریشن کے دوران ملکی سکیورٹی فورسز نے کم از کم سولہ مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ شدت پسند العریش نامی شہر میں کیے گئے دو چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز کو اپنی کارروائی کے دوران جوابی فائرنگ کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسری جانب پیر اور منگل کی درمیانی شب قاہرہ کی ایک سیاحتی مارکیٹ پر کیے جانے والے خودکش حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تین ہو گئی ہے۔ تیسرا ہلاک ہونے والا پولیس کا اہلکار ہے جو اپنے زخموں سے جانبر نہیں ہو سکا۔

[pullquote]بریگزٹ سے قبل عوام ادویات کا ذخیرہ مت کریں، آئرش نائب وزیراعظم[/pullquote]

آئرلینڈ کے نائب وزیراعظم سائمن کووینی نے اپنی عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتیس مارچ سے برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کے تناظر میں ادویات کا ذخیرہ کرنے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت کے پاس انخلا کے بعد کے آٹھ ہفتوں کی دوائیاں موجود ہیں اور مزید کے لیے یورپی یونین کی دیگر ریاستوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ آئرلینڈ ادویات کے حصول کے لیے برطانیہ پر انحصار کرتا ہے اور انتیس مارچ کے بعد متعدد برطانوی ادویات پر پابندی عائد ہو جائے گی جو یونین کی منظور شدہ نہیں ہیں۔

[pullquote]گلوبل وارمنگ کی اصطلاح متعارف کرنے والے سائنسدان کی رحلت[/pullquote]

امریکا کے مشہور ماہر ماحولیات اور کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر و محقق ویلس اسمتھ بروئکر ستاسی برس کی عمر میں انیس فروری کی رات رحلت پا گئے ہیں۔ بروئکر نے سب سے پہلے سن 1975 میں ماحولیاتی تبدیلی کے ایک مضمون میں ’گلوبل وارمنگ‘ کی اصلاح کا استعمال کیا تھا۔ ماہرین ماحولیات کا اتفاق ہے کہ رحلت پانے والے امریکی سائنسدان نے تنہا ہی ’گلوبل وارمنگ‘ کے بارے میں دنیا کی رہنمائی کی اور ان ہی کاوشوں کی وجہ سے اس وقت اس بارے میں آگہی عام ہوئی ہے۔

[pullquote]جرمنی: بالٹک سمندر میں بحری جہازوں کی ٹکر، چار زخمی[/pullquote]

جرمن کوسٹ گارڈز کے مطابق بحیرہ بالٹک میں دو سامان بردار بحری جہازوں کی ٹکر سے کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ حادثہ جرمن جزیرے رُؤگن کے قریب پیش آیا۔ ٹکرانے والے کارگو بحری جہازوں میں میں سے ایک تیل کی سپلائی کرنے والا تھا۔ جرمن حکام کے مطابق چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ٹکرانے والے دونوں بحری جہازوں کو کھینچ کر جزیرے کی ساحلی پٹی پر لنگر انداز کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

[pullquote]عالمی شہرت کے فیش ڈیزائنر کارل لاگر فیلڈ انتقال کر گئے[/pullquote]

فرانسیسی میڈیا کے مطابق فیشن کی دنیا کی مشہور شخصیت کارل لاگر فیلڈ پچاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ سن 1983 سے مشہور فرانسیسی فیشن برانڈ ’شانَیل‘ کے تخلیقی ڈائریکٹر کا منصب سنبھالے ہوئے تھے۔’شانَیل‘ نے لاگرفیلڈ کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ وہ دس نومبر سن 1933 میں جرمن شہر ہیمبرگ میں پیدا ہوئے تھے۔

[pullquote]ایرانی وزیر خارجہ چین کے دورے پر[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ چین جانے والے وفد میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی بھی شامل ہیں۔ دوسرے اراکین میں خزانہ اور پٹرولیم کے وزراء کے علاوہ مرکزی بینک کے سربراہ بھی شامل ہیں۔ اس دورے پر ایران امریکی پابندیوں کے تناظر میں درپیش مالی چیلنجز کو بھی بیجنگ حکومت کے ساتھ زیربحث لانا چاہتا ہے۔ اس دورے میں ایرانی وزیر خارجہ کی بظاہر کوشش ہے کہ سن 2015 کی جوہری ڈیل کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات نے اربوں ڈالر کی ہتھیاروں کی ڈیل کو حتمی شکل دے دی[/pullquote]

خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اتوار کو منعقد ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش اور کانفرنس کے دوران مختلف ستاون کمپنیوں کے ساتھ اسلحے کے حصول کے کئی سمجھوتے طے کیے گئے ہیں۔ ان کاروباری سودوں کی مالیت بارہ بلین درہم یا 3.3 امریکی بلین ڈالر بتائی گئی ہے۔ اسلحے کی ایک ڈیل امریکی کمپنی ریتھیون (Raytheon) کے ساتھ بھی طے کی گئی ہے، جو امارتی فوج کو جدید قسم کے راکٹ لانچرز فراہم کرے گی۔ اس نمائش میں بحری دفاع اور سمندری نگرانی کے آلات کی نمائش بھی شامل تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے