بدھ:20 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مصر میں نو افراد کی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا گیا[/pullquote]

مصری حکام نے بدھ بیس فروری کو سن 2015 میں ملکی چیف پراسیکیوٹر کو قتل کرنے کے جرم میں کالعدم سیاسی مذہبی تنظیم اخوان المسلمون کے نو مشتبہ کارکنوں کو موت کی سزا دے دی۔ ان افراد کی سزاؤں کی توثیق گزشتہ برس نومبر میں اعلیٰ ترین عدالت نے کر دی تھی۔ سزائے موت پانے والوں کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔ ان مجرموں کو یہ سزائیں مصری چیف پراسیکیوٹر ہشام برکات کو ایک بم نصب کر کے قتل کرنے کے جرم میں سنائی گئی تھیں۔ رواں برس کے دوران مصر میں اب تک پندرہ افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔

[pullquote]امریکی پابندیاں دہشت گردی ہیں، ایرانی صدر[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اُن کے ملک پر عائد کی گئی امریکی پابندیاں حقیقت میں دہشت گردی سے جڑے اقدامات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بین الاقوامی کمپنیوں اور بینکوں پر امریکی دباؤ یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ پابندیاں سو فیصد دہشت گردانہ کارروائیاں ہیں۔ ایرانی صدر نے ان خیالات کا اظہار ملکی کابینہ کے اجلاس میں کیا، جس کی تفصیلات ایرانی میڈیا نے بتائیں۔ روحانی کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشمکش اپنے عروج پر ہے کیونکہ امریکا ایران کے خلاف اپنی پوری قوت استعمال کر رہا ہے۔ گزشتہ برس امریکا نے یہ پابندیاں ایرانی بینکنگ سیکٹر اور خام تیل کی برآمدات پر لگائی تھیں۔

[pullquote]داعش کے زیر قبضہ قصبے سے عام شہریوں کا انخلا[/pullquote]

مشرقی شام کے قصبے باغوز میں محصور شہریوں کو تیس ٹرکوں پر سوار کر کے وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔ ان افراد میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ ان کو باغوز کے شمال میں قائم کیے گئے ایک عارضی کیمپ میں ابتدائی چھان بین کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔ بعد میں یہ تمام افراد الہول منتقل کر دیے جائیں گے۔ اس عارضی کیمپ کی نگرانی امریکی حمایت یافتہ عسکری گروہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (SDF) کر رہا ہے۔ باغوز نامی قصبے پر جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کو کنٹرول حاصل ہے۔ اس قصبے سے ان جہادیوں کو نکالنے کے لیے شامی کردوں کی یہ تنظیم رواں ماہ کے اوائل سے کوششیں کر رہی ہے۔ ایس ڈی ایف کے مطابق اس قصبے میں داعش کے پانچ سو کے قریب جہادی موجود ہیں۔

[pullquote]چینی فوج کے سابق سربراہ کو عمر قید کی سزا[/pullquote]

چینی فوج کے سابق چیف آف اسٹاف فانگ فینگ ہُوئی کو ایک چینی فوجی عدالت نے کرپشن کے الزامات ثابت ہو جانے پر عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ فینگ ہُوئی سن 2012 میں پیپلز لبریشن آرمی کے اعلیٰ ترین افسر مقرر کیے گئے تھے۔ رشوت لینے اور دوسروں کو رشوت پیش کرنے کے الزامات کے علاوہ انہیں نامعلوم ذرائع سے اثاثے جمع کرنے کے الزام کا بھی سامنا تھا۔ فینگ ہُوئی کو سن 2017 میں بھارت کے ساتھ سرحدی تنازعے کے دوران ان کے منصب سے اچانک علیحدہ کر دیا گیا تھا۔ ان پر گزشتہ برس جنوری میں کرپشن کے الزمات عائد کیے جانے کے بعد ان کی تبدیلی فوج کے شعبہ استغاثہ میں کر دی گئی تھی۔

[pullquote]شمالی کوریا کے رہنما ٹرین کے ذریعے ویت نام جائیں گے[/pullquote]

ویت نام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے درمیان ملاقات کی میزبانی کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ برس جون میں ایک ملاقات سنگاپور میں ہو چکی ہے اور اب یہ دوسرا موقع ہو گا کہ حریف ممالک کے یہ دونوں رہنما ملیں گے۔ ان تیاريوں سے وابستہ دو ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ کم جونگ اُن اس ملاقات کے لیے ویت نام ٹرین پر پہنچیں گے۔ اس سفر میں کم جونگ اُن کو ڈھائی دن لگ سکتے ہیں اور وہ چین کے راستے ہنوئی پہنچيں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مجوزہ ملاقات 25 فروری کو ہے۔

[pullquote]فلسطینی صدر نے اسرائیل کی جانب سے ٹیکس کی رقم ٹھکرا دی[/pullquote]

فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے اسرائیل کی جانب سے ٹیکس وصولی کی مد میں دی جانے والی رقم قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اسرائیل نے فیصلہ کیا تھا کہ فلسطینی علاقے سے وصول کی جانے والی ٹیکس کی رقم میں وہ رقم کاٹ لی جائے، جو فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے دی جاتی ہے۔ فلسطینی انتظامیہ کا یہ اقدام سن 1993 میں طے پانے والی اوسلو امن ڈیل کے لیے ایک اور دھچکا قرار دیا گیا ہے۔ اس ڈیل کے مطابق اسرائیل کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے سے ٹیکس جمع کر کے اور فلسطینی انتظامیہ کے حوالے کرے گا۔

[pullquote]اسرائیلی وزیراعظم اور روسی صدر کے درمیان ملاقات تاخیر کا شکار[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان ایک مجوزہ ملاقات تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔ نیتن یاہو کو جمعرات اکیس فروری کو ماسکو میں روسی صدر سے ملنا تھا۔ اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اب یہ مجوزہ ملاقات چند روز بعد ہو گی، تاہم دونوں رہنما جمعرات کو ٹیلی فون پر بات چیت کریں گے اور ملاقات کے لیے نئی تاریخ کا تعین بھی کریں گے۔ فی الحال ملاقات کے اس التوا کی وجوہات نہیں بتائی گئی ہیں۔

[pullquote]امریکی میزائلوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے کم اور درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت والے میزائلوں کی تنصیب کی گئی، تو روس امریکا کو ہدف میں لے گا۔ بدھ کے روز اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں پوٹن نے کہا کہ میزائلوں کی تنصیب کی صورت میں روس ردعمل میں تنصیب کے مقامات والی ریاستوں کے علاوہ امریکا تک کو ہدف بنانے والے میزائل نصب کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں روس محاذآرائی نہیں چاہتا اور میزائلوں کی تنصیب میں پہل نہیں کی جائے گی۔

[pullquote]مالی میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، حکومتی اہلکار جہادیوں کے قبضے سے آزاد[/pullquote]

مالی کی سکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن کے ذریعے مشتبہ جہادیوں کے ہاتھوں مغوی بنائے گئے ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار اور ایک صحافی کو بازیاب کرا لیا ہے۔ بتایا گیا ہےکہ وسطی مالی میں اس اہلکار کو گزشتہ برس آٹھ مئی کو اغوا کیا گیا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ماکان ڈومبیا مقامی حکومت کے انتہائی اعلیٰ عہدیدار تھے، جنہیں رہا کرانے کے بعد دارالحکومت بماکو میں ایک ہسپتال پہنچایا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق دسمبر میں اغوا کیے گئے صحافی ازیاکا تامپورا کو بھی رہا کروانے کے بعد بماکو منتقل کیا گیا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ سعودی عرب کو جوہری ٹیکنالوجی کی منتقلی میں جلدی سے باز رہیں، قانون ساز[/pullquote]

امریکی قانون سازوں کا کہنا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سعودی عرب کو جوہری ٹیکنالوجی کی منتقلی میں ’جلد بازی‘ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ امریکی ایوانِ نمائندگان کی ایک کمیٹی اس معاملے کی تفتیش گزشتہ ماہ سے کر رہی ہے، جب کہ اس کمیٹی کی قیادت ڈیموکریٹک پارٹی کر رہی ہے۔ اس کمیٹی کی ایک ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نہایت ٹھوس نجی تجارتی مفادات کی وجہ سے سعودی عرب کو اس انتہائی حساس ٹیکنالوجی کی منتقلی پر زور دیا گیا۔ اس کمیٹی کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ یہ معاملہ مفادات کے تصادم کے زمرے میں آ سکتا ہے۔

[pullquote]یمنی بندرگاہ پر جنگ بندی معاہدہ، امن بات چیت کا ایک موقع ہو سکتا ہے، عالمی مندوب[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مندوب برائے یمن مارٹن گرفتھس نے کہا ہے کہ یمنی بندرگاہ الحدیدہ میں فائربندی کا معاہدہ، یمن میں امن کے لیے مذاکرات کا ایک موقع ہو سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حدیدہ میں فائربندی کے ذریعے حکومتی فورسز اور حوثی باغیوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ معاہدے کی پاس داری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر دو چھوٹی بندرگاہوں سے بھی جزوی طور پر فورسز کا اخراج دیکھا گیا ہے۔ گرفتھس نے یمنی تنازعے کے فریقين پر زور دیا کہ وہ ڈیل کے پہلے مرحلے پر مکمل عمل درآمد کریں اور دوسرے مرحلے کی تفصیلات بھی طے کریں۔

[pullquote]امریکا اور یورپ کے تجارتی مذاکرات میں کڑا وقت آگے ہے، جرمنی[/pullquote]

جرمنی کے وزیر اقتصادیات پیٹر الٹمائر نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات میں کڑا وقت اب شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات میں تمام تر توجہ محصولات میں کمی اور صنعتی مصنوعات کی درآمد و برآمد میں اضافے پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ چند ہفتوں اور مہنیوں میں امریکا کی سخت تجارتی پالیسیوں کی وجہ سے تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ الٹمائر نے کہا کہ اس تناؤ کا اثر عالمی اقتصادیات پر دیکھا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا یورپی گاڑیوں پر محصولات عائد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جب کہ اس سے قبل امریکا کی جانب سے یورپ سے المونیم اور لوہے کی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کیے گئے تھے۔

[pullquote]پاکستان اور بھارت کشيدگی ميں کمی کے ليے فوری اقدامات اٹھائيں، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيريش نے پاکستان اور بھارت پر زور ديا ہے کہ وہ کشيدگی کم کرنے کے ليے فوری اقدامات اٹھائيں۔ انہوں نے يہ پيشکش بھی کی ہے کہ اگر دونوں رياستيں راضی ہوں، تو اس مسئلے کے حل کے ليے عالمی ادارہ ثالث کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ يہ باتيں گوٹيريش کے ترجمان نے گزشتہ روز جاری کردہ ايک بيان ميں کہيں۔ قبل ازيں پاکستانی وزير خارجہ شاہ محمود قريشی نے گوٹيريش کے نام ايک خط لکھا تھا، جس ميں يہ درخواست کی گئی تھی کہ کشيدگی ميں کمی کے ليے بين الاقوامی ادارہ اپنا کردار ادا کرے۔ بھارتی زير انتظام کشمير ميں پلوامہ حملے کے تناظر ميں ان دونوں روايتی حريف ملکوں ميں شديد کشيدگی پائی جاتی ہے۔

[pullquote]پلوامہ حملے کا منصوبہ ساز ہلاک کر دیا، بھارتی فوج[/pullquote]

بھارتی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پلوامہ میں ہوئے خودکش حملے کے منصوبہ ساز کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ جمعرات کو پلوامہ میں ہونے والے خودکش کار بم حملے میں چالیس سے زائد سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کے بعد سے بھارتی فورسز کشمیر میں آپریشن شروع کیے ہوئے ہيں۔ بھارتی فوجی جرنیل لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ دھِلُون نے بتایا کہ ہلاک کیے گئے عسکریت پسندوں میں سے دو پاکستانی تھے، جن میں سے ایک جیش محمد کا مقامی چیف آف آپریشنز بھی تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پلوامہ میں ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی پاکستان میں کی گئی تھی اور اس کے درپردہ پاکستانی خفیہ ادارہ آئی ایس آئی تھا۔

[pullquote]یوکرائن کی جانب سے آرتھوڈوکس چرچ میں اصلاحات پر پوٹن کی تنقید[/pullquote]

روسی صدر ولاديمير پوٹن نے یوکرائن کی جانب سے آرتھوڈاکس چرچ میں اصلاحات پر تنقید کی ہے۔ یوکرائن آرتھوڈوکس چرچ کو ماسکو سے الگ کرنا چاہتا ہے۔ کییف حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی مذہبی آزادی کو یقینی بنائے گی۔ رواں ماہ کے آغاز پر حکومت نے آرتھوڈاکس چرچ آف یوکرائن کی آزادی کی منظوری دے دی تھی۔ اس طرح یہ چرچ کئی صدیوں سے روسی آرتھوڈاکس چرچ سے تعلق سے باقاعدہ طور پر الگ ہو گیا۔ پوٹن نے کہا کہ اس یوکرائنی اقدام کا مقصد ’طاقت کی جدوجہد‘ کے علاوہ کچھ نہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے