بلاول نے کلمہ پڑھ کر کرپشن میں ملوث ہونے کی تردید کردی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کلمہ پڑھ کر کرپشن میں ملوث ہونے کی تردید کردی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ زندگی میں کبھی کرپشن نہیں کی، ایان علی کا نام لے کر بھی بلاوجہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، وہ کوئی سندھ حکومت کی ایڈوائزر تو نہیں ہے۔

بلاول نے کہا کہ بے نامی اکاؤنٹس کیس میں اُن کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے وکیل کو صرف 3 منٹ سُن کر نظرثانی اپیل مسترد کی گئی، بے نامی اکاؤنٹس کا اچانک از خود نوٹس لیا گیا، یہ معاملہ انسانی حقوق کا تو نہیں، کیس بینکنگ کورٹ میں تھا، صرف سست روی سے کیس چلنا انسانی حقوق کا معاملہ کیسے ہوگیا ؟

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جب کیس کراچی کا ہے، ایف آئی آر کراچی کی ہے، اکاؤنٹس کراچی کے ہیں تو کیس پنڈی کیوں لے جایا جارہا ہے، ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

بلاول نے ہدایت کی کہ حکومت سندھ اسمبلی کا اجلاس بلائے اور سراج درانی کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے، سراج درانی کی گرفتاری پر اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ نوٹس لیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان میں کس قسم کا جنگل کا قانون ہے، سراج درانی گرفتار جبکہ اسد قیصر، پرویز الٰہی، پرویز خٹک کیوں آزاد ہیں؟

قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آغا سراج درانی کی گرفتاری پر ٹوئٹر پر رد عمل جاری کیا اور کہا کہ ‘ہم بے نامی وزیراعظم کو بے وردی آمریت مسلط نہیں کرنے دیں گے’۔

بلاول نے کہا کہ ایک وفاقی وحدت کے اسپیکر پر حملہ قابل قبول نہیں ہے، سندھ حکومت کو گرانے کیلئے یہ غیرجمہوری حملہ ہے، یہ پہلے بھی سندھ حکومت کو گرانے میں ناکام ہوئے آئندہ بھی ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد اداروں کو انجانے میں اس سیاسی انجنیئرنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے