بدھ:21 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسلامک اسٹيٹ کے جنگجو ہتھيار ڈالنے کو تيار نہيں[/pullquote]

دہشت گرد گروہ اسلامک اسٹيٹ کے 260 شدت پسند امريکی حمايت يافتہ سيريئن ڈيموکريٹک فورسز کے سامنے ہتھيار ڈالنے کو تيار نہيں۔ ايس ڈی ايف نے عراقی سرحد کے قريب داعش کے زير قبضہ آخری علاقے کو گھيرے ميں لے رکھا ہے۔ باغہوز ميں محصور يہ باغی سرنگوں ميں پناہ ليے ہوئے ہيں۔ ان ميں اکثريت غير ملکی جنگجوؤں کی ہے۔ دريں اثناء علاقے سے شہريوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی بھی جاری ہے۔ ايک روز قبل دو ہزار افراد باغہوز سے فرار ہوئے جبکہ ايس ڈی ايف کے ايک کمانڈر کے بقول آج بھی کئی شہری علاقہ چھوڑ رہے ہيں۔

[pullquote]شام سے پکڑے گئے داعش کے عراقی جنگجو، عراق کے حوالے[/pullquote]

شام سے گرفتار کيے گئے دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے ڈيڑھ سو عراقی جنگجوؤں کو بغداد حکومت کے حوالے کر ديا گيا ہے۔ يہ اطلاع ايک عراقی سکيورٹی اہلکار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر جمعرات کو دی ہے۔ اس اہلکار کے مطابق جنگجوؤں کو ايک محفوظ مقام پر منتقل کر ديا گيا ہے۔ امريکی حمايت يافتہ شامی باغيوں کی فورسز باغوز ميں داعش کے آخری ٹھکانے پر کارروائی جاری رکھے ہوئے ہيں۔ شام ميں زير حراست سينکڑوں غير ملکی جہاديوں کی ان کے آبائی ممالک حوالگی کا معاملہ ان دنوں کافی گرم ہے۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات: ساڑھے پانچ بلين ڈالر ماليت کے دفاعی معاہدے[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج نے بيس بلين درہم يا تقريباً ساڑھے پانچ بلين ڈالر ماليت کے مختلف دفاعی معاہدوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ يہ پيش رفت وہاں جاری دفاعی ساز و سامان و ہتھياروں کی بين الاقوامی نمائش IDEX کے دوران پچھلے ايک ہفتے کے دوران ہوئی۔ فوجی ترجمان نے بتايا کہ 268 بلين درہم کے معاہدے بيرون ملک کمپنيوں کے ساتھ طے ہوئے جبکہ ملکی کمپنيوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کی ماليت 135.1 بلين درہم رہی۔

[pullquote]روس ميں امريکی سرمايہ کار پر فرد جرم عائد[/pullquote]

روسی تفتيش کاروں نے امريکی سرمايہ کار مائيکل کيلوی کی متنازعہ حراست کے بعد تازہ پيش رفت ميں اب ان پر دھوکا دہی کی فرد جرم عائد کر دی ہے۔ جرم ثابت ہونے پر انہيں دس برس تک کی قيد ہو سکتی ہے۔ کيلوی پر تقريباً اڑتيس بلين ڈالر کی ہيرا پھيری ميں ملوث ہونے کے الزامات ہيں۔ وہ کئی بلين ڈالر ماليت کے ’بارنگ ووسٹوک انويسٹمنٹ فنڈ‘ کے بانی ہيں۔ کيلوی نے موقف اختيار کيا ہے کہ ايک تنازعے کی وجہ سے ان کے خلاف يہ کيس گھڑا گيا ہے اور وہ دعوی کرتے ہيں کہ وہ بے قصور ہيں۔ واضح رہے کہ روس ميں امريکی اور يورپی کاروباری شخصيات کی حاليہ حراست کے سبب ان خطوں ميں تشويش کی لہر دوڑ گئی تھی۔

[pullquote]ميونخ ميں فائرنگ کا واقعہ، دو افراد ہلاک[/pullquote]

جرمن شہر ميونخ ميں فائرنگ کے ايک واقعے ميں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ فائرنگ کا يہ واقعہ جنوبی جرمنی کے اس شہر ميں آج صبح ايک کنسٹرکشن سائٹ پر پيش آيا۔ پوليس کے ترجمان سون مولر نے بتايا کہ ہلاک شدگان ميں امکاناً فائرنگ کرنے والا بھی شامل ہے۔ ان کے بقول اب کوئی خطرے کی بات نہيں۔ فی الحال اس واقعے کے حوالے سے ديگر تفصيلات دستياب نہيں ہيں۔ پوليس نے تفتيشی عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن ميں دسمبر سن 2016 ميں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد جرمن حکام ايسے واقعات سے نمٹنے کے ليے چوکنا رہتے ہيں۔

[pullquote]بچوں کا جنسی استحصال: ويٹيکن سٹی ميں سمٹ شروع[/pullquote]

ويٹيکن سٹی ميں ايک چار روزہ سمٹ شروع ہو چکی ہے، جس ميں بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے بارے ميں بات چيت جاری ہے۔ اس اجلاس ميں کيتھولک کليسا کی دنيا بھر سے تقريباً دو سو اہم شخصيات حصہ لے رہی ہيں۔ يہ اجلاس در اصل مختلف مقامات پر کيتھولک کليسا سے منسلک پادريوں کے ہاتھوں بچوں کے جنسی استحصال کے تناظر ميں بلايا گيا ہے اور اس ميں اسی مسئلے کے انسداد پر بات چيت جاری رہے گی۔ اجلاس سے قبل ايک سو سے زائد بشپس نے متاثرہ بچوں سے ملاقات بھی کی تاکہ ان کا موقف جانا جا سکے۔ اس اجلاس کا ایک مقصد کليسا ميں اصلاحات بھی ہے۔

[pullquote]مسلح تنازعات والے علاقوں کے بارے ميں زيادہ معلومات درکار، ڈچ سيفٹی بورڈ[/pullquote]

ہالينڈ سے تعلق رکھنے والے ايک واچ ڈاگ کی جانب سے کہا گيا ہے کہ مسلح تنازعات والے علاقوں کے اوپر سے پرواز کے بارے ميں فيصلے کرنے کے ليے دنيا بھر کی ايئر لائنز کو بہتر اور زيادہ مربوط معلومات درکار ہيں۔ ڈچ سيفٹی بورڈ نے جمعرات کو ايک رپورٹ جاری کی، جس ميں جولائی سن 2014 ميں ملائيشيئن ايئر لائن کے يوکرائن کی فضائی حدود ميں تباہ ہونے والے مسافر طيارے کی تباہی کی ذمہ داری روس نواز باغيوں پر عائد کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق، گو کہ اس واقعے کے بعد ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کے معاملے ميں بہتری آئی ہے تاہم مسلح تنازعات والے علاقوں ميں پائے جانے والے ممکنہ خطرات کے بارے ميں مزيد معلومات درکار ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے