وزیر خارجہ کا چینی اور جاپانی ہم منصب سے رابطہ، پلوامہ حملے سے متعلق بات چیت

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی اور جاپانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطے کیے اور پلوامہ حملے کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں پلوامہ واقعہ کے بعد امن وامان کی صورتحال سمیت کشیدگی کم کرنے کے پاکستان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، بھارت سے معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہش مند ہیں۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ٹیلی فونک رابطے پر شاہ محمود کا شکریہ ادا کیا اور قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی خطے میں امن وامان کیلئے خطرہ بن سکتی ہے، چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی گرانقدر خدمات کا معترف ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے بھرپور تعاون پر چینی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

[pullquote]جاپانی ہم منصب سے رابطہ[/pullquote]

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے جاپانی ہم منصب تارو کونو کو ٹیلیفون کیا اور حالیہ دورۂ جاپان مؤخر کرنے کی وجوہات بتائیں جب کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان باہمی مشاورت سے دورے کی نئی تاریخ طے کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے جاپانی ہم منصب سے گفتگو میں کہا کہ 24 فروری کو جاپان کے دورے پر روانہ ہونا تھا تاہم پلوامہ واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی صورتحال گھمبیر ہوگئی، اس نازک صورتحال میں میری اپنے ملک میں موجودگی ضروری ہے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ جاپانی وزیر خارجہ سے گزارش کی ہےکہ وہ اپنے وزیراعظم کو بھی ان حالات سے آگاہ کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی مخدوش ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو کشیدگی کم کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کا کہا ہے جب کہ جاپان کو بھی اس ضمن میں مؤثر کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے