پیر: 25 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]لویہ جرگہ کابل حکومت کی طرف سے ’مذاکرات میں سرخ لکیروں‘ کا تعین کرے گا[/pullquote]

طالبان کے ساتھ ممکنہ امن مذاکرات کی کوششوں میں افغان عمائدین اپنے ایک جلاس میں کابل حکومت کی طرف سے ’سرخ لکیروں‘ کا تعین کریں گے۔ اعلیٰ امن کونسل کے ایک نمائندے کے مطابق لویہ جرگہ کا اجلاس مارچ کے وسط میں ہو گا، جس میں ملک بھر سے دو ہزار سے زائد عمائدین اور قبائلی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس اجلاس میں مقرر کی جانے والی حدود کو کابل حکومت کسی بھی صورت عبور نہیں کرے گی۔ طالبان کے ساتھ کوئی ممکنہ امن معاہدہ کس طرح کا ہونا چاہیے، اس بارے میں کابل حکومت، ملکی حزب اختلاف اور سول سوسائٹی میں واضح اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کا چالیسواں اجلاس شروع[/pullquote]

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کا چالیسواں اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنول انٹونیو گوٹیرش اور انسانی حقوق کی کمشنر میشل باچیلٹ نے اس موقع پر اپنی تقریروں میں درخواست کی کہ نسل پرستی، غیر ملکیوں سے نفرت اور عدم برداشت کے خاتمے کے لیے کوششیں کی جانا چاہییں۔ گوٹیرش نے ساتھ ہی خبردار کیا کہ دنیا کے متعدد ممالک میں انسانی حقوق بری طرح پامال کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی گوٹیرش اور باچیلٹ نے دنیا میں غربت کے خاتمے کی کوششوں میں ہونے والی کامیابی کو بھی سراہا۔

[pullquote]ہنوئی سمٹ کے موقع پر کوریائی جنگ کے خاتمے کا اعلان ہو سکتا ہے، سیؤل[/pullquote]

ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران کوریائی جنگ کے باقاعدہ خاتمے کا اعلان بھی ہو سکتا ہے۔ شمالی کوریا کے صدارتی دفتر کے مطابق یہ دونوں رہنما اس حوالے سے ایک معاہدے تک پہنچ سکتے ہیں۔ امریکی حمایت یافتہ جنوبی کوریا اور چینی حمایت یافتہ شمالی کوریا سن 1950 سے سن 1953 کے درمیان ایک جنگ بھی لڑ چکے ہیں۔ تاہم اس جنگ کے خاتمے پر کوئی امن معاہدہ نہیں ہوا تھا جس کی وجہ سے پیونگ یانگ اور سیول ابھی تک تیکنیکی اعتبار سے حالت جنگ میں ہیں۔

[pullquote]جرمن حکومت نے 437 مہاجرین کو اپنے وطن واپس جانے کے لیے ادائیگی کی[/pullquote]

جرمن حکومت نے سال 2018ء کے دوران 437 مہاجرین کو ان کے وطن واپس جانے کے لیے پیسے ادا کیے۔ جرمنی کی بائیں بازو کی جماعت ڈی لنکے کے ایک رکن پارلیمان کی درخواست پر حکومت نے اپنے اس اقدام کا دفاع کیا ہے اور کہا ہے کہ وفاقی حکام کی طرف سے شامی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے کسی طور حوصلہ افزائی نہیں کی جا رہی تاہم رضاکارانہ طور پر وطن واپسی کے لیے مالی مدد فراہم کرنے کا عمل ضرور جاری ہے۔

[pullquote]ایرانی وزیر مواصلات پر جاسوسی کے الزامات[/pullquote]

ایرانی استغاثہ نے ملکی وزیر مواصلات کے خلاف انٹرنیٹ جاسوسی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی ISNA کے مطابق محمد جواد آذری جاہرومی کے خلاف الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر ایران کے سخت کنٹرول سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل نہیں کر رہے تھے۔ ایرانی دفتر استغاثہ کے مطابق وزیر مواصلات کے اقدامات کے سبب ملک دشمنوں کی ایرانی ڈیٹا تک رسائی کے خطرات بڑھ گئے تھے اور یہ بات ’انٹرنیٹ جاسوسی‘ کے مترادف ہے۔ 37 سالہ جاہرومی نہ صرف صدر حسن روحانی کے سب سے کم عمر وزیر ہیں بلکہ سب سے زیادہ معروف بھی ہیں۔

[pullquote]طالبان کے نائب صدر امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے قطر پہنچ گئے[/pullquote]

طالبان کے نائب سربراہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے چھٹے راؤنڈ میں شرکت کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ اس بات کی تصدیق طالبان کی طرف سے کی گئی ہے۔ مُلا عبدالغنی برادر کو پاکستان نے گزشتہ برس اکتوبر میں امریکا کی درخواست پر رہا کیا تھا جس کے فوری بعد انہیں طالبان کی طرف سے دوحہ کے سیاسی دفتر کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق دوحہ میں ہونے والے ان چار روزہ مذاکرات میں افغانستان میں غیر ملکی مداخلت کے خاتمے اور افغانستان کو دیگر ممالک کی طرف سے استعمال کرنے سے بچانے جیسے معاملات پر بات چیت ہو گی۔

[pullquote]امریکا نے چین پر اضافی ٹیکس لاگو کرنے میں تاخیر کر دی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چینی درآمدات پر اضافی ڈیوٹی عائد کرنے کی ڈیڈ لائن مؤخر کر رہے ہیں جس کی وجہ چین کے ساتھ تجارتی معاملات پر مذاکرات میں ’ٹھوس پیشرفت‘ ہے۔ اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگر مزید پیشرفت ہوتی ہے تو وہ فلوریڈا میں اپنے چینی ہم منصب شی جی پنگ کے ساتھ ملاقات میں تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔ امریکا نے گزشتہ برس ستمبر میں چینی درآمدات پر 10 فیصد اضافی ڈیوٹی لاگو کردی تھی۔ ٹرمپ نے یہ دھمکی بھی دی تھی کہ اگر فریقین کے درمیان یکم مارچ تک ایک تجارتی معاہدہ نہ ہوا تو وہ اس ڈیوٹی کو بڑھا کر 25 فیصد کر دیں گے۔

[pullquote]وینزویلا: گوآئیڈو آج امریکی نائب صدر سے مل رہے ہیں[/pullquote]

وینزویلا کے اپوزیشن رہنما خوآن گوآئیڈو آج پیر کو امریکی نائب صدر مائیک پینس اور لاطینی امریکی ممالک کے حکومتی نمائندوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس ملاقات میں وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کی حکومت کے خلاف ممکنہ سفارتی اقدامات پر بات چیت ہو گی۔ یہ ملاقات کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں ہو رہی ہے۔ اختتام ہفتہ پر سیاسی اور معاشی بحران کے شکار اس ملک میں اس وقت شدید ہنگامہ آرائی ہوئی، جب حکام نے امدادی اشیاء کو وینزویلا میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔

[pullquote]یورپی یونین اور عرب لیگ کا سربراہی اجلاس[/pullquote]

مصر میں ہونے والے یورپی یونین اور عرب لیگ کے سربراہی اجلاس کے دوسرے روز آج پیر کو کئی اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق آج غیر قانونی ہجرت کو روکنے اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر بات کی جائے گی۔ مصر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ میں جاری اس اجلاس میں عرب خطے میں جاری متعدد تنازعات بھی زیر بحث آئیں گے۔گزشتہ روز میزبان صدر عبدالفتاح السیسی نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانا انتہائی ضروری ہے۔

[pullquote]ٹریزا مے نے ملکی پارلیمان میں بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ کی تاریخ آگے کر دی[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے کہا ہے کہ ملکی پارلیمان میں بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ اب 12 مارچ کو کرائی جائے گی۔ یورپی یونین اور عرب لیگ کے سربراہی اجلاس کے لیے گزشتہ روز مصر پہنچنے پر مے نے کہا کہ ان کی ٹیم ابھی بھی برسلز کے ساتھ کچھ معاملات پر بات چیت کر رہی ہے، جس کی وجہ سے ملکی پارلیمان میں ووٹنگ رواں ہفتہ کی بجائے اب 12 مارچ کو کرائی جائے گی۔ یہ تاریخ بریگزٹ کی طے شدہ تاریخ سے محض 17 دن قبل بنتی ہے۔

[pullquote]رومانیہ میں عدالتی اصلاحات کے خلاف مظاہرہ[/pullquote]

رومانیہ میں ہزاروں افراد نے غیر جانبدار عدلیہ کے حق میں مظاہرہ کیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت بخارسٹ میں تقریباً دس ہزار افراد اس مظاہرے میں شریک تھے۔ یہ احتجاج سوشل لبرل حکومت کے عدلیہ میں اصلاحات کے تازہ منصوبوں کے خلاف کیا گیا۔ ناقدین کے مطابق حکومت عدلیہ کی سیاسی غیر جانبداری پر اثر انداز ہونا چاہتی ہے۔ آج پیر کو رومانیہ کے پانچ بڑے شہروں میں کئی روزہ ہڑتال بھی شروع ہو گئی ہے۔

[pullquote]نائجیریا میں انتخابات کے موقع پر تشدد کے نتیجے میں درجنوں ہلاک[/pullquote]

نائجیریا میں صدارتی انتخابات کے لیے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کے دوسرے روز اتوار کو ہونے والے پرتشدد واقعات کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔ انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 39 ہے جبکہ نائجیریا کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس نے انتخابات سے متعلق پر تشدد واقعات کے تناظر میں 128 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ نائجیریا میں موجودہ صدر محمد بخاری دوسری مدت کے لیے صدر بننے کے خواہاں ہیں جبکہ ان کے اہم ترین حریف سابق نائب صدر عتیقو ابوبکر ہیں۔ ان صدارتی انتخابات کے نتائج آج پیر کو متوقع ہیں۔

[pullquote]گرین بُک بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ جیت گئی[/pullquote]

’گرین بک‘ کو بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ دیا گیا ہے۔ گزشتہ شب لاس اینجلس میں ہونے والی تقریب میں بہترین اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ اولیویا کولمان کو فلم ’دی فیورٹ‘ میں ان کے کردار پر دیا گیا۔ جبکہ بوہیمیئن ریمپسڈی میں اپنی اداکاری کی وجہ سے ریمی ملک بہترین اداکار قرار پائے۔ بہترین غیر ملکی فلم میکسیکو کے فلمساز آلفونزو کوآرون کی تخلیق ’روما‘ رہی۔ کئی دہائیوں میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آسکر ایوارڈ کی تقریب بغیر کسی میزبان کے منعقد ہوئی۔

[pullquote]پہلا خلا باز ستمبر میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جائے گا، متحدہ عرب امارات[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اس کا پہلا خلاباز رواں برس ستمبر میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جائے گا۔ حکام کے مطابق ہزاع المنصوری یا سلطان النیادی میں سے کسی ایک کو روسی سویوز راکٹ کے ذریعے 25 ستمبر کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات اپنا خلائی پروگرام انتہائی جوش وجذبے سے جاری رکھے ہوئے ہے اور گزشتہ برس اکتوبر میں مقامی طور پر تیار کردہ اپنا پہلا خلائی سیارہ ’خلیفہ سیٹ‘ جاپان سے روانہ کیا گیا تھا۔ یہ خلیجی ملک آئندہ برس مریخ کی جانب اپنا خلائی مشن بھیجنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے