فہمیدہ مرزا نے پی پی رہنماؤں کا کچا چٹھا کھولنے کی دھمکی دیدی

پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی منور تالپور کی تقریر پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا پھٹ پڑیں اور اپنی سابق جماعت کے اراکین کا کچا چٹھا کھولنے کی دھمکی دیدی۔

پیپلز پارٹی کے ایم این اے میر منور تالپور کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جیسے گرفتار کیا گیا اس کی مذمت کرتے ہیں۔

منور تالپور نے کہا کہ 7 گھنٹے تک سراج درانی کی فیملی کو یرغمال بنائے رکھا گیا، سراج درانی خاندانی آدمی ہیں وہ کہیں بھاگے ہوئے تو نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے جرم کیا ہے تو ضرور سزا ملنی چاہیے لیکن ریفرنس دائر کر کے سراج درانی کو بلایا جاتا تو بہتر ہوتا۔

منور تالپور نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خاتون ممبر بتائیں کہ بدین میں ان کے خاندان پر کیا ظلم ہوا تھا؟

رہنما پیپلز پارٹی نے فہمیدہ مرزا کا نام لیے بغیر کہا اُن لوگوں کے بقول ان کے تن پر تو کپڑا بھی زرداری صاحب کا تھا۔

فہمیدہ مرزا نے جوابی تقریر میں کہا کہ ان کا منہ مت کھلوائیں، پیپلز پارٹی میں کس کی کیا حیثیت ہے انہیں سب پتہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بات کریں گے تو میں بھی ایک ایک کا کچا چٹھا کھولوں گی، میرے پاس ایک ایک کے خلاف دستاویز موجود ہیں۔

فہمیدہ مرزا نے الزام عائد کیا کہ فریال تالپور جو آج کل سندھ کی وزیراعلیٰ بنی پھرتی ہیں، میرے خاندان پر حملے کے احکامات فریال تالپور نے ہی منور تالپور کے گھر سے جاری کیے۔

فہمیدہ مرزا کی پیپلز پارٹی کے خلاف ایوان میں تقریر پر پیپلز پارٹی ارکان نے ہنگامہ آرائی کی اور خواتین اراکین اسپیکر کے ڈائس پر پہنچ گئیں۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پیپلز پارٹی کے اراکین کے شور شرابے کے باوجود تقریر جاری رکھی اور کہا کہ جب تک پیپلز پارٹی ارکان خاموش نہیں ہوں گے بات جاری رکھوں گی۔

فہمیدہ مرزا نے کہا میں نے ابھی کچھ نہیں کہا لیکن مجھے بہت کچھ پتہ ہے، میں نے کوئی قرضہ نہیں لیا، ان کی طرح بینک لوٹ کر نہیں کھایا، میرے پاس ان کے خلاف ثبوت موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں جھوٹی ڈگریوں کے کیس بھی لے کر آؤں گی، میرے پاس تمام شواہد موجود ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے