منگل:26 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی کی یمن کے لیے ایک سو ملین یورو کی امداد[/pullquote]

جرمن حکومت نے یمن کے لیے ایک سو ملین یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے مطابق یہ رقم اقوام متحدہ کے زیر انتظام جاری امدادی سرگرمیوں میں خرچ کی جائے گی۔ ماس نے یہ بیان جنیوا میں یمن کے موضوع پر ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ اقوام متحدہ کے سکیرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کے بقول اس دوران 2.3 ارب یورو اکھٹے ہوئے ہیں، جو گزشتہ ڈونر اجلاس سے تیس فیصد زیادہ رقم ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق یمن کے چوبیس ملین مجبور انسانوں کی مدد کے لیے 3.7 ارب یورو کی ضرورت ہے۔

[pullquote]یورپی کونسل کی فرانسیسی پولیس کی کارروائیوں پر تنقید[/pullquote]

یورپی کونسل کی جانب سے فرانس میں زرد جیٹکوں والے مظاہرین کے خلاف پولیس کی کارروائیوں پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔ یورپی کونسل کی کمشنر برائے انسانی حقوق دنیا میاتووچ نے کہا کہ زخمی مظاہرین کی تعداد کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ فرانسیسی پولیس کا طرز عمل مناسب نہیں تھا۔ یورپی کونسل کی ایک رپورٹ میں بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کے فرانسیسی پولیس کے طریقہ کار پر سوالیہ نشانہ اٹھائے گئے ہیں۔ دنیا میاتووچ نے چند مظاہرین کی جانب سے لگائے جانے والے نسل پرستانہ اور یہود مخالف نعروں پر بھی تنقید کی۔

[pullquote]امریکا وینزویلا میں فوجی مداخلت کی تیاری کر رہا ہے، روسی حکام[/pullquote]

روسی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا وینزویلا میں فوجی مداخلت کی تیاری کر رہا ہے۔ روسی خبر رساں ادارے RIA کے مطابق یہ بات روس کی سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نکولائی پیٹروشیف نے کہی ہے۔ ایک اور روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے پیٹروشیف ہی کے حوالے سے بتایا ہے کہ واشنگٹن کی طرف سے وینزویلا کے معاملے پر بات چیت کی پیشکش کو روس نے قبول کر لیا ہے تاہم امریکا حیلوں بہانوں سے مسلسل اس سے احتراز کر رہا ہے۔ روس وینزویلا کا ایک قریبی حلیف ملک ہے۔

[pullquote]برطانوی وزیر خارجہ کے دورہ سعودی عرب کے دوران خاشقجی کے قتل کے معاملے میں پیشرفت کی توقع[/pullquote]

برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہَنٹ رواں ہفتے سعودی عرب کے دورے پر جا رہے ہیں جس دوران صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے میں پیشرفت کی توقع ہے۔ یہ بات برطانوی وزیر برائے ایشیا اور پیسیفک مارک فیلڈ نے ملکی پارلیمان کو بتائی۔ فیلڈ نے ایک سوال کے جواب میں پارلیمان کو بتایا کہ حکومت خاشقجی کے معاملے پر اپنی تحقیقات پارلیمان کے سامنے پیش کرے گی اور یہ بھی کہ حکومت اس سلسلے میں کیا اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

[pullquote]بھارت اور پاکستان تحمل سے کام لیں، چین[/pullquote]

چین نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لُو کینگ کے مطابق بیجنگ حکومت امید کرتی ہے کہ بھارت اور پاکستان ایسے اقدامات کریں گے جو علاقے میں صورتحال اور باہمی تعلقات کو مستحکم کریں گے۔ چین کی طرف سے یہ بیان پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں بھارت کی جانب سے ایک فضائی حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔ بھارت کا دعویٰ ہے کہ یہ حملہ چودہ فروری کو بھارتی زیر انتظام کشمیر میں خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے عسکریت پسند گروپ جیش محمد کے کیمپ پر کیا گیا۔

[pullquote]پاکستان میں عسکریت پسندوں کے ایک بڑے کیمپ کو نشانہ بنایا ہے، بھارت[/pullquote]

بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی طیاروں نے پاکستانی علاقے میں جیش محمد نامی عسکریت پسند گروپ کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا ہے۔ وِجے گوکھلے کے مطابق یہ حملہ ان انٹیلیجنس رپورٹس کے تناظر میں کیا گیا کہ جیش محمد بھارت میں مزید حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ بعض بھارتی ذرائع کے مطابق اس فضائی حملے میں 300 عسکریت پسند مارے گئے تاہم پاکستان کی طرف سے کسی بھی ہلاکت کی تردید کی گئی ہے۔

[pullquote]امریکی حکام کی مشرق وسطیٰ امن کے معاملے پر رہنماؤں کے ساتھ بات چیت[/pullquote]

امریکی اہلکاروں جیرڈ کُوشنر اور جیسن گرین بلاٹ نے متحدہ عرب امارات اور عمان کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازعے کے حل کے سلسلے میں علاقے کے دورے کے دوران ہوئی ہے۔ جیرڈ کُوشنر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور داماد ہیں جبکہ گرین بلاٹ مشرق وسطیٰ امن کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے ہیں۔ ملاقات کے بعد جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکی اہلکاروں نے امریکا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون کے فروغ اور اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن کی بحالی کے لیے امریکی کوششوں کے سلسلے میں بات چیت کی۔

[pullquote]اسرائیل کے ایک سابق وزیر کو ایران کے لیے جاسوسی پر 11 برس قید کی سزا[/pullquote]

اسرائیل کے ایک سابق وزیر کو ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں 11 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسرائیلی استغاثہ کے مطابق انہیں یہ سزا عدالت سے باہر ایک سمجھوتے کے تحت دی گئی ہے۔ گینون سیگیو سن 1995 سے سن 1996 تک اسرائیل کے وزیر برائے توانائی رہے تھے۔ اس مقدمے کی نوعیت کے سبب عدالتی کارروائی خفیہ رکھی گئی تھی۔ استغاثہ نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ عدالت نے استغاثہ اور مجرم کے درمیان ہونے والے اس سمجھوتے کو تسلیم کر لیا ہے۔

[pullquote]بھارتی طیاروں نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بمباری کی، پاکستانی فوجی ترجمان[/pullquote]

بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے آج منگل چھبیس فروری کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حدود میں داخل ہو کر بمباری کی۔ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھاتی طیارے کنٹرول لائن پار کر کے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سرحدی علاقے میں بالاکوٹ کے قریب فضا میں داخل ہوئے، تو پاکستانی جنگی طیاروں نے ان کا پیچھا کیا۔ اس پر بھارتی طیارے جلدبازی میں اپنا بارودی مواد گرا کر واپس چلے گئے۔ بالا کوٹ میں پولیس کے سربراہ صغیر حسین شاہ کے مطابق انہوں نے اس علاقے کی طرف پولیس کی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں اور جہاں بھارتی طیاروں نے بم گرائے، وہ زیادہ تر ایک غیر آباد جنگلاتی علاقہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوری طور پر اس بمباری کی وجہ سے کسی کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

[pullquote]برطانوی کابینہ بریگزٹ میں تاخیر پر غور کر رہی ہے، میڈیا رپورٹس[/pullquote]

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی کابینہ آج منگل کے روز برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کی طے شدہ تاریخ آگے بڑھانے کے معاملے پر غور کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے اس امکان پر غور کر رہی ہیں تاکہ بدنظمی پر مبنی بریگزٹ سے بچا جا سکے۔ دوسری طرف برطانوی لیبر پارٹی نے بریگزٹ کے معاملے پر ایک اور ریفرنڈم کرانے کے مطالبات کی حمایت کر دی ہے۔ اب تک کے طے شدہ شیڈول کے مطابق برطانیہ کو 29 مارچ کو یورپی یونین سے الگ ہو جانا ہے۔

[pullquote]کم جونگ اُن صدر ٹرمپ سے ملنے ہنوئے پہنچ گئے[/pullquote]

شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن ویتنام کے دارالحکومت ہنوئے پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان یہ سربراہی ملاقات 27 اور 28 فروری کو ہونا ہے۔ ٹرمپ اور کِم جونگ اُن کی یہ دوسری ملاقات ہو گی۔ اس سے قبل دونوں رہنما گزشتہ برس جون میں ملاقات کر چکے ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد شمالی کوریا کو اس کے جوہری اور میزائل پروگرام سے دستبردار ہونے پر راضی کرنا اور جزیرہ نما کوریا اور خطے میں امن کا قیام ہے۔ دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات کے موقع پر ہنوئے میں سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

[pullquote]ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے استعفیٰ دے دیا[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جواد ظریف نے لکھا، ’’اپنی ذمہ داری مزید جاری نہ رکھنے اور اپنی مدت وزارت کے دوران خامیوں اور کوتاہیوں پر میں معذرت خواہ ہوں۔‘‘ جواد ظریف 2013ء سے ایرانی وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے اور عالمی برادری کے ساتھ 2015ء میں طے پانے والے ایران کے جوہری معاہدے میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ ایرانی صدر حسن روحانی کے دفتر نے بھی جواد ظریف کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے، ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ صدر ان کا استعفیٰ قبول نہیں کریں گے۔

[pullquote]جواد ظریف کا استعفیٰ، ایرانی اسٹاک مارکیٹ دو ہزار پوائنٹ گر گئی[/pullquote]

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے استعفے کی خبر کے بعد ایران کی اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہو گئی۔ ایرانی نیوز ایجنسی IRNA کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں قریب دو ہزار پوائنٹ کی کمی واقع ہوئی۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے ابھی تک محمد جواد ظریف کے استعفے کو باقاعدہ طور پر قبول نہیں کیا۔ خیال ہے کہ ظریف نے اپنا اس عہدے کو دائیں بازو کے سخت گیر مؤقف رکھنے والے عناصر کے دباؤ کے سبب چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

[pullquote]نکولاس مادورو کے خلاف عالمی فوجداری عدالت میں جانے کا فیصلہ[/pullquote]

وینزویلا کی سرحدوں پر غیر ملکی امداد کو بذریعہ طاقت روکنے پر لیما گروپ میں شامل ریاستوں نے وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کے خلاف دی ہیگ کی عالمی فوجداری عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وینزویلا کی ہمسایہ ریاستوں پر مشتمل اس گروپ کا موقف ہے کہ مادورو ضرورت مند افراد تک بین الاقوامی امداد کا راستہ روک کر ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کے مرتکب ہوئے ہیں۔ اس گروپ نے تاہم یہ بھی طے کیا ہے کہ مادورو کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لیے طاقت کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔

[pullquote]آسٹریلوی کارڈینل بچوں سے جنسی زیادتی کے مرتکب ہوئے تھے، عدالتی فیصلہ[/pullquote]

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کارڈینل اور ویٹیکن کے چیف فنانشل افسر جارج پیل کو بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا مرتکب قرار دے دیا گیا ہے۔ ایک آسٹریلوی عدالت کے مطابق 77 سالہ پیل پر 1990 کی دہائی میں چرچ کے کوائر میں شامل دو لڑکوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا جرم ثابت ہو گیا ہے۔ اس وقت متاثرہ بچوں کی عمریں 12 اور 13 برس تھیں۔ پیل اب تک کی وہ اعلیٰ ترین کیتھولک مسیحی شخصیت ہیں، جنہیں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔ عدالت نے ابھی ان کے لیے سزا کا اعلان نہیں کیا۔

[pullquote]امریکی نائب صدر کی وینزویلا کے اپوزیشن سربراہ گوآئیڈو سے ملاقات[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پنس نے بوگوٹا میں وینزویلا کے اپوزیشن سربراہ خوآن گوآئیڈو سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں لیما گروپ کی ایک سربراہی ملاقات کے موقع پر ہوئی۔ پینس نے اس موقع پر نکولاس مادرو کی ’آمریت‘ کے خلاف آواز بلند کرنے پر گوآئیڈو کی بہادری کو سراہا۔ پینس نے گوآئیڈو کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ پیغام بھی پہنچایا کہ امریکا سو فیصد ان کے ساتھ ہے۔ امریکا اور اہم مغربی ممالک گوآئیڈو کو وینزویلا کا عبوری صدر تسلیم کر چکے ہیں تاہم اس ملک پر ابھی تک نکولاس مادرو کا ہی اقتدار قائم ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے