بدھ: 27 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت کے دو لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں، پاکستانی فوج[/pullquote]

پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ اس نے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے ہیں۔ پاکستانی فوج کے ترجمان کی ایک ٹوئیٹ کے مطابق پاکستانی فضائیہ کی ایک کارروائی کے بعد پاکستانی علاقے کا رُخ کرنے والے دو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا گیا۔ ترجمان کے مطابق ایک طیارے کا ملبہ پاکستان میں گِرا جبکہ دوسرے طیارے کا ملبہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں جا گِرا۔ ترجمان نے بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی ایئرفورس نے آج صبح پاکستانی علاقے سے ہی لائن آف کنٹرول کے پار ایک کارروائی کی۔

[pullquote]پاکستان اور بھارت کے درمیان جھڑپوں سے امن عمل متاثر ہو گا، طالبان[/pullquote]

طالبان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جھڑپوں سے افغان امن عمل کو نقصان پہنچے گا۔ طالبان کے ترجمان ذییح اللہ مجاہد کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہمسایہ ملک کے ساتھ کشیدگی میں مزید اضافے سے اجتناب کرے۔ افغانستان میں گزشتہ 17 برس سے جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے سلسلے میں ان دنوں طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ طالبان کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعے سے ان کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔

[pullquote]پاک بھارت بڑھتی کشیدگی پر برطانیہ کا اظہار تشویش[/pullquote]

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدہ صورت حال پر برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں برطانیہ مستقل دونوں ممالک سے رابطے میں ہے۔تھریسامے نے کہا کہ علاقائی استحکام کے لیے دونوں ملک بات چیت اور سفارتی حل کی جانب آئیں۔

[pullquote]امریکی پارلیمان میں ٹرمپ کی دیوار کے خلاف ووٹ[/pullquote]

امریکی پارلیمان کے ایوان نمائندگان نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے منصوبے کے خلاف ووٹ دیا ہے۔ 245 اراکین نے صدر ٹرمپ کے اس منصوبے کے خلاف جبکہ 182 ارکان نے یہ دیوار تعمیر کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ دیوار کی تعمیر کے خلاف ووٹ دینے والوں میں ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کے 13 ارکان بھی شامل تھے۔ کانگریس کی طرف سے دیوار کی تعمیر کے لیے فنڈز فراہم نہ کرنے کے سبب صدر ٹرمپ نے اپنے مقصد کے حصول کے لیے 15 فروری کوہنگامی حالت نافذ کر دی تھی۔

[pullquote]ٹرمپ اور اُن آٹھ ماہ بعد دوبارہ مل رہے ہیں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن آج ویتنامی دارالحکومت ہنوئے میں ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات سے قبل ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا ایک بڑی اقتصادی طاقت بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ٹرمپ کے بقول کم جونگ اُن کچھ بڑا کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ان دونوں رہنماؤں کی دوسری ملاقات ہے۔ آٹھ ماہ قبل ٹرمپ اور اُن پہلی مرتبہ سنگاپور میں ملے تھے۔ اس موقع پر جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر اتفاق رائے ہوا تھا۔

[pullquote]بچوں سے جنسی زیادتی کے مرتکب آسٹریلوی کارڈینل کو حراست میں لے لیا گیا[/pullquote]

بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے مرتکب قرار دیے جانے والے آسٹریلوی کارڈینل اور ویٹیکن کے چیف فنانشل افسر جارج پیل کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان کی گرفتاری میلبورن کی ایک عدالت کے حکم پر عمل میں آئی۔ ایک آسٹریلوی عدالت کے مطابق 77 سالہ پیل پر 1990 کی دہائی میں چرچ کے کوائر میں شامل 12 اور 13 برس کے دو لڑکوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا جرم ثابت ہو گیا تھا۔ پیل اب تک کی وہ اعلیٰ ترین کیتھولک مسیحی شخصیت ہیں، جنہیں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا قصور وار قرار دیا گا۔ پیل کو اس جرم میں 50 برس تک کی سزائے قید ہو سکتی ہے۔

[pullquote]جرمنی کی برکینا فاسو کے لیے امداد کا اعلان[/pullquote]

جرمنی نے برکینا فاسو کو مزید مالی امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اس مغربی افریقی ملک کے دورے کے موقع پر 46 ملین یوروکی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور انسداد بدعنوانی کےلیے استعمال کی جائے گی۔ جرمن وزیر نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ تیس ملین یورو عوام کے معیار زندگی کو بہتر کرنے جبکہ سولہ ملین پولیس کی تربیت اور سرحدی نگرانی کو بہتر بنانے پر خرچ کیے جائیں گے۔ برکینا فاسو کا شمار مسلم شدی پسندی سے متاثرہ ممالک میں ہوتا ہے۔

[pullquote]محمد بخاری نے کامیابی کا اعلان کر دیا[/pullquote]

نائجیریا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر محمد بخاری کامیاب قرار دے دیے گئے ہیں۔ ہفتے کو ہونے والی ووٹنگ میں محمد بخاری نے 56 فیصد جبکہ ان کے حریف سابق نائب صدر عتیقو ابوبکر کو 41 فیصد ووٹ ملے۔ انتخابات سے قبل ان دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ محمد بخاری 2015 سے نائجیریا کے صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نائجیریا میں ہونے والے ان انتخابات کے موقع پر پرتشدد واقعات کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔

[pullquote]حسن روحانی جواد ظریف کا استعفی قبول نہیں کیا[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا استعفی قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انسٹاگرام پر ایک تصویر موجود ہے، جس میں روحانی اور ظریف ایک ساتھ کھڑے ہیں اور مسکرا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹویٹر پر بھی فارسی میں ایک ہیش ٹیگ گردش کر رہا ہے، جس کا معنی ہیں کہ ظریف تنہا نہیں ہیں۔ جواد ظریف نے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ جواد ظریف 2013ء سے ایرانی وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے اور عالمی برادری کے ساتھ 2015ء میں طے پانے والے ایران کے جوہری معاہدے میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے