پیر : 19 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا میں وینزویلا کی سفارتی عمارات، گوآئیڈو نے کنٹرول سنبھال لیا[/pullquote]

تیل کی دولت سے مالا مال ملک وینزویلا میں جاری اقتدار کی جنگ میں خود ساختہ صدر خوآن گوآئیڈو نے امریکا میں موجود اپنے ملک کی سفارتی عمارات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وینزویلا کی اپوزیشن کے اس رہنما کے ساتھیوں نے واشنگٹن میں ملٹری اتاشیوں کے زیر استعمال دو عمارات اور نیویارک میں قونصل خانے کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ وینزویلا کے متنازعہ صدر نکولاس مادورو نے اسے غیرقانونی قرار دیتے ہوئے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس عمل کو روکے۔ ساتھ ہی انہوں نے امریکا پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر کی اس کارروائی کے پیچھے بھی امریکا ہی کا ہاتھ ہے۔ امریکا اور متعدد یورپی ممالک خوآن گوآئیڈو کو وینزویلا کا صدر تسلیم کر چکے ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب میں تفریحی منصوبوں کا افتتاح، لاگت 23 بلین ڈالر[/pullquote]

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ملکی دارالحکومت ریاض میں چار مختلف تفریحی منصوبوں کا افتتاح کر دیا ہے۔ سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ان منصوبوں پر تئیس بلین ڈالر کی خطیر رقوم خرچ کی جائیں گی۔ ان منصوبوں میں ایک تفریحی پارک، ایک اسپورٹس ٹریک اور ایک آرٹ سینٹر کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اسی طرح دارالحکومت کی ایک مرکزی شاہراہ کا نام بھی ولی عہد محمد بن سلمان کے نام پر رکھا جائے گا۔

[pullquote]اُتريخت ميں فائرنگ کے واقعے کے پیچھے دہشت گردی کے اشارے، ڈچ پولیس[/pullquote]

ہالينڈ کے شہر اُتريخت ميں پیر کے روز فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعے کے پیچھے دہشت گردی کے اشارے سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس حوالے سے انہیں اس کار سے ایک مشتبہ خط بھی ملا ہے، جو ملزم کی طرف سے فرار کے لیے استعمال کی جانا تھی۔ حکام کے مطابق اس شوٹنگ ميں تين افراد ہلاک اور پانچ ديگر زخمی ہوئے۔ فائرنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں اب تک تين افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مرکزی ملزم ایک سينتيس سالہ ترکی شہری ہے۔ قبل ازیں ایسی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ اس ملزم نے یہ فائرنگ ممکنہ طور پر ایک جذباتی جھگڑے کی وجہ سے کی تھی۔

[pullquote]انڈونیشیا میں سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر نواسی ہو گئی[/pullquote]

انڈونیشیا میں آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر تقریبا نوے ہو گئی ہے۔ پاپوا کے علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ درجنوں افراد کے لاپتہ ہونے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ تقریباﹰ چھ ہزار آٹھ سو افراد کو عارضی کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقے میں پندرہ روزہ ایمرجنسی کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں مغوی بھارتی انجینئر کو رہا کر دیا گیا[/pullquote]

افغانستان میں اغوا کیے گئے سات بھارتی انجینئرز میں سے ایک کو رہا کر دیا گیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے افغان حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ رہائی پانے والا بھارتی انجینئر واپس اپنے گھر پہنچ چکا ہے۔ افغان طالبان نے مئی دو ہزار اٹھارہ میں ان بھارتی شہریوں کو صوبے بغلان سے اغوا کیا تھا۔ نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے مطابق وہ کابل حکومت کے ساتھ مل کر باقی چھ انجینئرز کی رہائی کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق افغانستان میں مختلف منصوبوں پر سترہ سو سے زائد بھارتی انجینئر کام کر رہے ہیں۔ بھارت افغانستان میں تقریباﹰ تین ارب ڈالر کے ترقیاتی امدادی پروگرام پر کام بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]شام میں درجنوں غیرملکی عسکریت پسند گرفتار[/pullquote]

امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) نے شدت پسند تنظیم داعش کے ایک سو ستاون عسکریت پسندوں کے گرفتار کر لیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس دہشت گرد تنظیم سے کئی برسوں سے وابستہ ان شدت پسندوں میں زیادہ تعداد ایسے غیرملکی عسکریت پسندوں کی ہے، جو جہاد کے لیے شام گئے تھے۔ انہیں باغوز کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ یہ علاقہ شام میں داعش کا آخری مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے اور ایس ڈی ایف فورسز باغوز پر اپنے قبضے کے لیے جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]موزمبیق میں شدید طوفان، ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

افریقی ملک موزمبیق میں آنے والے شدید سمندری طوفان کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے بھی زائد ہونے کا خدشہ ہے۔ اس ملک کے صدر فیلیپ نیُوسی نے ملک میں ’حقیقی انسانی تباہی‘ کی بات کی ہے۔ ایک سو ساٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ ’ایدائی‘ نامی اس سمندری طوفان سے موزمبیق کے ہمسایہ ممالک زمبابوے اور ملاوی بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

[pullquote]نیوزی لینڈ حملوں کا بدلہ لیا جائے گا، داعش[/pullquote]

نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر حملے کے بعد شدت پسند جہادی تنظیم داعش نے بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے ایک صوتی پیغام میں داعش کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اس تنظیم کے کارکن کرائسٹ چرچ میں ہلاک ہونے والے اپنے مسلمان بھائیوں کا بدلہ لیں گے۔ نیوزی لینڈ کی مساجد پر ہونے والے اسلام مخالف دہشت گردانہ حملے میں کم از کم پچاس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اٹھائیس سالہ آسڑیلوی ملزم کو متعدد ہلاکتوں کے جرم میں عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

[pullquote]اربوں انسان صاف پانی سے محروم، یونیسکو[/pullquote]

دنیا بھر میں دو اعشاریہ ایک ارب انسانوں کو صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ یہ حقائق عالمی ادارے یونیسکو کی طرف سے پانی سے متعلق جاری ہونے والی تازہ رپورٹ میں بتائے گئے ہيں۔ متاثرین کی نصف تعداد کا تعلق براعظم افریقہ سے ہے۔ اقوام متحدہ کی اس تنظیم کے مطابق یورپ اور جنوبی امریکا میں بھی ستاون ملین افراد اپنے گھروں میں صاف پانی کی فراہمی سے محروم ہیں۔ اسی رپورٹ کے مطابق دنیا میں چار اعشاریہ تین ارب انسانوں کو محفوظ بیت الخلاء کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔

[pullquote]وینزویلا حکومت میں بڑی تبدیلیوں کا عندیہ[/pullquote]

وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو اپنی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں۔ جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ’بنیادی اصلاحات‘ کے لیے وزرا کو مستعفی ہونے کا کہا گیا ہے۔ اس کا مقصد ملک کو ہر خطرے کا سامنا کرنے کے قابل بنانا بتایا گیا ہے۔ تیل کی دولت سے مالا مال اس ملک میں گزشتہ کئی ماہ سے اقتدار کی جنگ جاری ہے۔ جنوری میں ہونے والے انتخابات کے بعد صدر مادورو نے اپنی جیت کا اعلان کیا تھا جبکہ اپوزيشن رہنما خوآن گوآئیڈو نے ان نتائج کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ امریکا اور متعدد یورپی ممالک اپوزیشن لیڈر کو ملکی صدر تسلیم کر چکے ہیں۔

[pullquote]اتريخت: واقعے ميں ملوث ہونے کے شبے میں تين افراد زير حراست[/pullquote]

ہالينڈ کے شہر اتريخت ميں ايک ٹرام ميں اور چند ديگر مقامات پر فائرنگ کرنے کے شبے میں تين افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پوليس نے مرکزی مشتبہ ملزم کو بھی حراست ميں لے ليا ہے، جو ايک سينتاليس سالہ ترک شہری بتایا گیا ہے۔ ايسی خبريں بھی تھيں کہ حملہ آور نے ذاتی جھگڑے کی وجہ سے چند لوگوں کو نشانہ بنايا تاہم ڈچ وزارت داخلہ کے حکام نے کہا ہے کہ وہ اس بات کا پتہ چلا ليں گے کہ يہ کارروائی کسی ذاتی تنازعے کی وجہ سے کی گئی يا اس کا مقصد کچھ اور تھا۔ گرفتار کيے جانے والے دو ديگر افراد کے بارے ميں کوئی تفصيلات فراہم نہيں کی گئيں۔ اس واقعے ميں تين افراد ہلاک اور پانچ ديگر زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]ويلگنٹن: کمپنيوں نے فيس بک پر اشتہاری مہمات ختم کر ديں[/pullquote]

نيوزی لينڈ ميں کئی کمپنيوں نے سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر جاری اپنی اشتہاری مہمات آج بروز منگل ختم کر دی ہيں۔ کرائسٹ چرچ ميں مساجد پر حملوں کے مناظر فيس بک پر دکھائے جانے اور حملہ آور کا منشور ٹوئٹر پر جاری کيے جانے کے بعد ان کمپنيوں نے احتجاجاً يہ قدم اٹھايا ہے۔ ملک ميں اشتہارات چلانے والی کمپنيوں کی تنظيم (ANZA) نے بھی ايک روز قبل کمپنيوں پر زور ديا تھا کہ وہ اپنے اپنے اشتہارات ايسے پليٹ فارمز سے ہٹا ليں، جن پر حملوں کا مواد جاری کيا گيا تھا۔ نیوزی لینڈ حکومت اور کمپنيوں کا مطالبہ ہے کہ سماجی رابطوں کی ويب سائٹس اصلاحات متعارف کرائيں۔

[pullquote]دو تہائی جرمن شہری زندگی سے خوش اور مطمئن، سروے[/pullquote]

جرمن شہريوں کی دو تہائی تعداد زندگی سے خوش اور مطمئن ہے۔ يہ بات خوشی کے عالمی دن يا ’انٹرنيشنل ہيپینس ڈے‘ سے قبل کرائے گئے ايک سروے ميں سامنے آئی ہے۔ SINUS انسٹيٹيوٹ اور YouGov کی جانب سے کرائے گئے سروے ميں دو ہزار سے زائد افراد سے ان کی رائے جانی گئی اور چھياسٹھ فيصد سے زائد نے اپنی زندگی سے خوش ہونے کے ساتھ ساتھ اطمينان کا اظہار کيا۔ ستائيس فيصد افراد کے بقول وہ ناخوش ہيں۔ ’انٹرنيشنل ہيپینس ڈے‘ بيس مارچ کو دنيا بھر ميں منايا جائے گا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے يہ دن سن 2012 سے منانا شروع کيا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے