بدھ : 03 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]الجزائر: صدر عبدالعزيز بوتفليقہ کا استعفیٰ تسليم کر ليا گيا[/pullquote]

الجزائر کی آئينی کونسل نے صدر عبدالعزيز بوتفليقہ کا استعفیٰ تسليم کر ليا ہے۔ اس بارے ميں خبر الجزائر کے سرکاری ٹيلی وژن پر بدھ کے روز نشر کی گئی۔ بياسی سالہ بوتفليقہ نے ايک روز قبل ہی يہ اعلان کيا تھا کہ وہ اپنے خلاف کئی ہفتوں سے جاری احتجاجی مظاہروں کے تناظر ميں استعفی دے رہے ہيں۔ بعد ازاں کونسل نے پارليمان کو صدر کی پوزيشن کی دستيابی کے بارے ميں باقاعدہ طور پر آگاہ کر ديا ہے۔

[pullquote]يورپی يونين کی پولينڈ کے خلاف قانونی کارروائی[/pullquote]

يورپی يونين نے پولينڈ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے ميں وارسا حکومت کو يورپی کميشن کی جانب سے تحريری طور پر مطلع کر ديا گيا ہے۔ يورپی بلاک کا موقف ہے کہ انصاف سے متعلق قوانين ميں حاليہ تراميم ملکی عدليہ کی خودمختاری اور ججوں کی آزادی کو منفی طور پر متاثر کرتی ہيں۔ پولينڈ کو جواب دينے کے ليے دو ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ يورپی کميشن ہنگری کے خلاف بھی اسی طرز کی کارر

[pullquote]نیٹو کے وزرائے خارجہ کا اجلاس[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے وزرائے خارجہ کا خصوصی دو روزہ اجلاس بدھ تین اپریل سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ اجلاس اُسی کمرے میں منعقد کیا جائے گا، جہاں ستر برس قبل ابتدائی بارہ ممالک نے نیٹو اتحاد کے قیام کی دستاویزات پر دستخط کیے تھے۔ اجلاس میں وزرائے خارجہ روس سے لاحق خطرات اور افغانستان کی صورت حال کو زیر بحث لائیں گے۔ اس اجلاس میں شرکت کے لیے امریکی دارالحکومت پہنچے ہوئے نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے منگل دو اپریل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی کی تھی۔ وہ کانگریس کے مشترکہ سیشن سے بھی خطاب کریں گے۔

[pullquote]ترک بلدیاتی الیکشن: استنبول میں ووٹنگ کی دوبارہ گنتی[/pullquote]

ترکی کی حکمران سیاسی جماعت کی درخواست پر الیکشن اتھارٹی نے استنبول میں بلدیاتی الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی شروع کر دی ہے۔ سارے ملک میں صدر ایردوآن کی سیاسی جماعت اے کے پی (AKP) کو سب سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے لیکن انقرہ اور اقتصادی مرکز استنبول میں اُسے شکست کا سامنا رہا۔ استنبول میں ایردوآن کے قریبی حلیف اور سابق وزیراعظم بن علی یلدرم میئر کے امیدوار تھے۔ استنبول میں اپوزیشن کی سیاسی جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی کے امیدوار اکرم امام اولُو نے اپنی جیت کا اعلان کر رکھا ہے۔ عبوری نتائج کے مطابق امام اولو کو 48.79 اور یلدرم کو 48.52 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین کی برونائی میں سخت فوجداری قوانین کے نفاذ کی مذمت[/pullquote]

یورپی یونین نے مشرق بعید کے ملک برونائی میں سخت اسلامی قوانین کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ’ظالمانہ‘ قرار دیا ہے۔ یونین نے بدھ تین اپریل سے نافذ کیے گئے قوانین کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ قوانین ٹارچر کے مساوی ہونے کے علاوہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی سمجھوتوں کی خلاف ورزی بھی ہیں۔ یورپی یونین کے ترجمان کے مطابق بعض قوانین انسانی تذلیل کا سبب بن سکتے ہيں اور یہ غیرانسانی بھی ہیں۔ برونائی میں اسلامی شریعت کے تحت نافذ کیے جانے والے نئے فوجداری قوانین میں جنسی زیادتی کا ارتکاب کرنے والے کے علاوہ ہم جنس پرستوں کے لیے بھی موت کی سزا رکھی گئی ہے۔

[pullquote]وینزویلا کے وزیرخارجہ کا مشرق وسطیٰ میں امریکا مخالف ممالک کا دورہ[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک وینزویلا کے وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کے اُن ممالک کا دورہ شروع کر دیا ہے، جو امریکا مخالف خیال کیے جاتے ہیں۔ سیاسی عدم استحکام کے شکار ملک کے وزیر خارجہ خورگے اریازا (Jorge Arreaza) نے بدھ تین اپریل کو لبنانی صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وہ شام روانگی سے قبل ایران نواز شیعہ عسکری و سیاسی تنظیم حزب اللہ کے ایک اہم اہلکار سے بھی ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ دوسری جانب وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کی وفادار قومی دستور ساز اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر خوآن گوآئیڈو کو حاصل استثنیٰ ختم کر دیا ہے اور اس طرح اُن کو حراست میں لیے جانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

[pullquote]سابق ملائیشیائی وزیراعظم کے کرپشن کیس کی سماعت شروع ہو گئی[/pullquote]

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے خلاف دائر بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت دارالحکومت کی ایک عدالت میں آج بدھ سے شروع ہو گئی ہے۔ نجیب رزاق نے عدالت میں عائد الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کیا۔ اس کا امکان ہے کہ عدالت اس مقدمے کی سماعت کو ملتوی کر دے کیونکہ نجیب رزاق کے وکلا نے اعلیٰ عدالت کے مقدمے کے حوالے سے دیے گئے ایک فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر دی ہے۔ اس مقدمے کی باضابطہ سماعت رواں برس فروری میں شروع ہونا تھی لیکن بعض عدالتی پیچیدگیوں کی وجہ سے اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ دس برس قبل آج ہی کے دن یعنی تین اپریل کو نجیب رزاق نے اپنے ملک کے نوویں وزیراعظم کا منصب سنبھالا تھا۔

[pullquote]جنوبی کوریا میں فائیو جی نیٹ ورک جمعے سے کام کرنا شروع کر دے گا[/pullquote]

جنوبی کوریا جمعہ پانچ اپریل کو فائیو جی نیٹ ورک استعمال کرنے والا دنیا کا اّولین ملک بن جائے گا۔ یہ نیٹ ورک حالیہ فور جی سے بیس گنا تیز رفتار ہے اور صارفین اپنی من پسند ویڈیو محض ایک سیکنڈ سے بھی کم عرصے میں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔اندازہ لگایا گیا ہے کہ سن 2034 تک عالمی سطح پر فائیو جی نیٹ ورک مستعمل ہو جائے گا۔ جمعہ پانچ اپریل کو سمارٹ فون بنانے والے بڑے جنوبی کوریائی ادارے سام سنگ نے اپنا نیا ٹیلی فون گلیکسی ایس ٹین فائیو جی عام کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

[pullquote]نیٹو اتحاد کے ممالک کی مالی ادائیگیوں میں بہتری پر امریکی صدر کا اظہار مسرت[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ممالک کی جانب سے مالی ادائیگیوں میں بہتری لانے کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابھی بھی امریکا کو یورپی اقوام کے تحفظ کی خاطر نامناسب مالی ادائیگیوں کا سامنا ہے اور اس ضمن میں حلیف ریاستوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ امریکی صدر نے ان خیالات کا اظہار نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے قیام کی سترویں سالگرہ کی تقریبات آج بدھ سے شروع ہو رہی ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریبات کا اہتمام امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کیا گیا ہے۔ نیٹو کا قیام چار اپریل 1949ء کو عمل میں آیا تھا۔

[pullquote]الجزائر کے صدر بُو تفلیقہ نے اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیا[/pullquote]

شمالی افریقی ملک الجزائر کے علیل صدر عبدالعزیز بُو تفلیقہ نے فوری طور پر اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ریاستی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے یہ استعفیٰ دستوری کونسل کے سربراہ طیب بلعیز کے حوالہ کرنے کے ساتھ ساتھ کونسل کو ہدایت کی کہ اُن کی مدت صدارت کو فوری طور پر ختم کر دیا جائے۔ وہ گزشتہ دو دہائیوں سے الجزائر پر حکومت کر رہے تھے اور انہیں پرزور عوامی مظاہروں کا سامنا تھا۔ بوتفلیقہ کے صدارت چھوڑنے کے اعلان کے بعد عوام ملکی دارالحکومت کی سڑکوں پر نکل آئے اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ملکی پرچم لہراتے رہے۔

[pullquote]چین میں چاقو سے کیے گئے حملوں میں دو طلبا ہلاک[/pullquote]

جنوبی چین میں آج جمعرات کو چاقو زنی کی ایک واردات میں کم از کم دو طلبا ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔ چینی میڈیا کے مطابق یہ وقوعہ بدھ کی صبح ہونان صوبے کے شہر بیجی پنگ کے ایک اسکول میں رونما ہوا۔ پولیس نے چاقو سے حملے کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ ابتدائی تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے تاہم حملے کی تفصیلات کو ابھی عام نہیں کیا گیا ہے۔ چین میں اسکول اور کنڈر گارٹن پر کیے جانے والے اکثر حملوں میں ذہنی مریض ملوث ہوتے ہیں۔

[pullquote]استثنیٓ کے حامل آٹھ میں سے تین ممالک نے ایرانی تیل کی درآمد ختم کر دی، امریکا[/pullquote]

ایران کے لیے مقرر خصوصی امریکی مندوب برائن ہُک نے کہا ہے کہ ایرانی خام تیل کی برآمد پر گزشتہ برس کی پابندی کے بعد استثنیٰ کے حامل آٹھ ممالک میں سے تین ملکوں نے درآمد روک دی ہے۔ انہوں نے ان تینوں ملکوں کے نام بیان نہیں کیے ہیں۔ امریکا کی کوشش ہے کہ ایرانی خام تیل کی برآمدات کو مکمل طور پر روک دیا جائے۔ اس سلسلے میں عائد کی جانے والی پابندی کے بعد امریکا نے چین، بھارت، یونان، اٹلی، تائیوان، جاپان، ترکی اور جنوبی کوریا کو ایرانی تیل کی درآمد جاری رکھنے کا خصوصی استثنیٰ دیا تھا اور یہ اجازت رواں برس دو مئی کو ختم ہو رہی ہے۔

[pullquote]چینی حکومت نے انسانی حقوق کے کارکن کو امریکا روانہ ہونے سے روک دیا[/pullquote]

چینی حکومت نے انسانی حقوق کے کارکن اور وکیل چن جیان گانگ کو امریکا روانہ ہونے سے روک دیا ہے۔ جیان گانگ نے بتایا کہ پولیس نے انہیں بتایا کہ وہ ایک مقدمے میں انسانی حقوق کے مطلوب کارکن شی یانگ کی پیروی کر چکے ہیں اور امریکا کی جانب سے انہیں بطور جزوقتی اسکالر مدعو کرنا بھی مشکوک دکھائی دیتا ہے۔ چینی وکیل نے تاہم امریکا روانہ ہونے سے روکنے کی وجوہات کو مبہم قرار دیا ہے۔ انہیں امریکی وزارت خارجہ نے ہمفری ایچ ہمفری اسکالرشپ پروگرام کے تحت ایک برس کے لیے انگریزی کے مطالعہ کے لیے مدعو کیا تھا۔

[pullquote]برونائی میں ہم جنس پرستوں کے لیے موت کی سزا کے قانون کا نفاذ ہو گیا[/pullquote]

مشرق بعید کے ملک برونائی میں اسلامی شریعت کے کئی قوانین کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ نئے فوجداری قوانین میں ہم جنس پرستوں کے لیے موت کی سزا رکھی گئی ہے اور اس قانون کا آج تین اپریل سے نفاذ ہو گیا ہے۔ ان نئے قوانین میں جنسی زیادتی کے ملزم کے لیے بھی موت کی سزا رکھی گئی ہے۔ اسی طرح ناجائز تعلقات، چوری اور ڈکیتی کی شرعی سزائیں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔ ہم جنس پرستوں کو سنگسار کرتے ہوئے موت کی سزا بھی دی جائے گی۔ تاہم سنگساری کا تعین عدالت کرے گی۔ قبل ازیں برونائی میں ہم جنس پرستی کا جرم ثابت ہونے پر دس برس کی سزا دی جاتی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے