جمعہ : 12 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انڈونیشیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے[/pullquote]

مشرقی انڈونیشیا میں آج جمعہ کے روز آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر چھ اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز مشرقی ساحل پر واقع سولاویسی جزیرے سے سترہ کلومیٹر دور تھا۔ حکام کی جانب سے اس زلزلے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی ابھی تک حتمی اطلاع نہیں دی گئی۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد انڈونیشیا کے قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نے سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے مقامی کمیونٹی کو ساحلی پٹی سے دور رہنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ بعد ازاں یہ سونامی وارننگ ہٹا دی گئی۔

[pullquote]’جرمنی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو ہتھیار برآمد کر رہا ہے‘[/pullquote]

جرمنی کے متعدد میڈیا اداروں نے اپنے انتہائی قابل اعتماد ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جرمنی کی ملکی سکیورٹی کونسل نے حال ہی میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک کو جرمن اسلحہ برآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔ یہ ممالک یمن کی جنگ میں اس طرح ملوث ہیں کہ وہ حوثی باغیوں کے خلاف سعودی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے رکن ہیں۔ واضح رہے گزشتہ برس ریاض حکومت کے ناقد سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سے برلن حکومت نے سعودی عرب کو ہتھیاروں کی برآمد پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔ جرمن میڈیا اداروں کے ذرائع کے مطابق میرکل حکومت نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو دوبارہ جرمن ہتھیاروں کی برآمد کی منظوری دے دی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں ممکنہ جنگی جرائم پر تفتیش کی درخواست مسترد[/pullquote]

ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں واقع عالمی عدالت برائے انصاف کے ججوں نے استغاثہ کی جانب سے جمع کی گئی افغانستان میں ممکنہ جنگی جرائم کے حوالے سے تحقیقات کی درخواست مسترد کر دی۔ جمع بارہ اپریل کو عالمی عدالت برائے انصاف کے ججوں کی جانب سے دیے گئے فیصلے کے مطابق فی الوقت افغانستان کی صورتحال پر تحقیقات مددگار ثابت نہیں ہوگی۔ ججوں نے استغاثہ کی درخواست کو افغان تنازعے کے دوران ممکنہ جنگی جرائم کے بارے میں عدم شواہد کی بنیاد پر بھی مسترد کیا ہے۔

[pullquote]سوڈان میں سول حکومت قائم کی جائے گی، ملٹری کونسل[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان کی ملٹری کونسل کی سیاسی کمیٹی کے سربراہ عمر زین العابدین نے کہا ہے کہ نئی حکومت سویلین ہو گی۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ اس بیان میں ملٹری کونسل کی سیاسی کمیٹی کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ معزول صدر عمر البشیر کی سیاسی جماعت نیشنل کانگریس پارٹی کو اگلے عام انتخابات میں شرکت کی اجازت ہو گی۔ عمر زین العابدین کے مطابق فوجی کونسل کے سیاسی عزائم نہیں ہیں اور نہ ہی مستقبل کے لیے کوئی سیاسی حل یا نظریہ پیش کریں گے کیونکہ یہ معاملہ سوڈانی عوام نے طے کرنا ہے۔ انہوں نےسابق صدر عمر البشیر کو بین الاقوامی فوجداری عدالت کے سپرد کرنے کو خارج از امکان قرار دیا۔

[pullquote]اقوام متحدہ نے گیارہ طالبان نمائندوں کو بین الاقوامی سفر کی اجازت دے دی[/pullquote]

سکیورٹی کونسل نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر اور ڈپٹی لیڈر شیر محمد عباس اسٹانکزئی سمیت دوسرے اراکین کو بین الاقوامی سفر کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ اجازت صرف امن اور مصالحتی مذاکرات میں شرکت کے لیے مخصوص ہے۔ اس اجازت کا اطلاق رواں برس یکم اپریل سے اکتیس دسمبر تک ہو گا۔ اس بیان میں طالبان کے منجمد اثاثوں کی محدود بحالی بھی کی گئی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ عسکریت پسندوں کو اقوام متحدہ کی جانب سے دیے گئے اس استثنیٰ کا علم ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا: صدارتی انتخابات سترہ اپریل کو ہوں گے[/pullquote]

انڈونیشیا کے موجودہ صدر جوکو ویدودو کو صدارتی انتخابات میں سابق فوجی جنرل پرابووو سوبیانتو کے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ ویدودو اپنی انتخابی مہم کے دوران ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرح ہولوگرام ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سترہ اپریل کو ہونے والے انتخابات میں 192 ملین رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان میں پانچ ملین نئے نوجوان ووٹرز بھی شامل ہیں۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق صدر ویدودو کو اپنے حریف امیدوار پر برتری حاصل ہے۔

[pullquote]طرابلس کے نواح میں جنگ جاری[/pullquote]

شمالی افریقی ملک لیبیا کے دارالحکومت پر قبضے کی کوشش کرنے والی لیبین نیشنل آرمی کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی وفادار فوجوں کی سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ یہ لڑائی طرابلس کے مرکز سے گیارہ کلومیٹر کی دوری پر واقع الزین کے علاقے اور سابقہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اردگرد ہو رہی ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت کے ترجمان نے جمعرات گیارہ اپریل کو بتایا ہے کہ جنگی سردار خلیفہ حفتر کے حامی فورسز اور حکومتی فوج کے درمیان تقریباً ایک ہفتے سے جاری جھڑپوں میں کم از کم چھپن افراد ہلاک اور ڈھائی سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حفتر کی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ لیبین نیشنل آرمی جلد ہی طرابلس کے مرکزی حصے پر قبضہ کرنے والی ہے۔

[pullquote]مصر ’عرب نیٹو‘ میں شمولیت سے دستبردار ہو گیا[/pullquote]

مصری حکومت نے امریکا کے عرب اتحادیوں کے ممکنہ اتحاد سے دوری اختیار کر لی ہے۔ چار مختلف ذرائع نے قاہرہ حکومت کے اِس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ امریکا نے مغربی دفاعی اتحاد کی طرز ایرانی اثر و رسوخ کو محدود کرنے کے لیے ’مشرق وسطیٰ اسٹریٹیجک الائنس‘ (MESA) کو تجویز کر رکھا ہے۔ مصر نے اتوار چودہ اپریل سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شروع ہونے والے ’میسا‘ کے اجلاس میں اپنا وفد نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ قاہرہ نے اپنے اس فیصلے سے امریکا اور سعودی عرب کو مطلع کر دیا ہے۔ مصر کے اس فیصلے کو امریکی کوششوں کے لیے ایک دہچکا قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی خلائی جہاز چاند پر اترنے سے قبل تباہ[/pullquote]

اسرائیل کا روانہ کردہ خلائی جہاز چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ تباہ ہونے والے خلائی جہاز کا نام بیرے شِیٹ تھا۔ اسرائیل خلائی انڈسٹریز نامی ادارے نے خلائی جہاز کے چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ خلائی جہاز کے انجن نے لینڈنگ سے قبل کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ بیرے شیٹ کے چاند کی سطح پر اترنے کا منظر دیکھنے کے لیے زمین پر کنٹرول روم سے منسلک ہال میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کئی دوسری اعلیٰ شخصیات کے ہمراہ موجود تھے۔ لینڈنگ کے مناظر اسرائیلی ٹیلی وژن چینلوں پر براہ راست دکھائے گئے۔ اس مشن کی نگرانی کرنے والے خلائی سائنسدانوں نے جہاز کی تباہی کی وجوہات جاننے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

[pullquote]طالبان نے افغان فوج پر موسم بہار کے حملوں کا اعلان کر دیا[/pullquote]

افغان طالبان نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی موسم بہار کے شروع ہونے پر نئے حملوں کا سلسلہ شروع کر دیں گے۔ یہ اعلان ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب امریکا اور افغان حکومت طالبان عسکریت پسندوں کے ساتھ امن مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ طالبان نے اپنے ان آئندہ حملوں کو ’آپریشن فتح‘ کا نام دیا ہے۔ اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ملک پر غیر ملکی افواج کے قبضے کا خاتمہ ہے۔ طالبان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے ساتھ ساتھ ان کا ’جہاد‘ بھی جاری رہے گا کیونکہ ابھی افغانستان کے ایک وسیع حصے پر غیر ملکی دستے قابض ہیں۔

[pullquote]سوڈان میں سول حکومت قائم کی جائے، مظاہرین کا مطالبہ[/pullquote]

سوڈان میں صدر عمر البشیر کی حکومت کے خاتمے کے بعد بھی عوامی مظاہروں کا سلسلہ ختم نہیں ہوا۔ مظاہرین نے فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ اقتدار سویلین قیادت کو تفویض کیا جائے۔ جمعرات گیارہ اپریل کو ملکی فوج نے دو سال کے لیے حکومت سنبھالنے کا اعلان کیا تھا۔ اس عرصے کے بعد صدارتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ البشیر کی حکومت کے خلاف مظاہروں کا انتظام کرنے والی تنظیم سوڈانی پروفیشنلز ایسوسی ایشن نے فوجی حکومت کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے وزارت دفاع کے باہر دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کئی مظاہرین وزیر دفاع عود محمد احمد ابن عوف کے خلاف بینر بھی پکڑے ہوئے ہیں۔ امریکا نے بھی فوجی حکومت سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد اقتدار سویلین رہنماؤں کے حوالے کرے۔

[pullquote]شمالی کوریائی لیڈر کم جون اُن دوبارہ سپریم لیڈر منتخب کر لیے گئے[/pullquote]

شمالی کوریا میں کئی برسوں کے بعد اعلیٰ قیادت میں تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ حکمران جماعت نے کم جونگ اُن کو دوبارہ ریاستی امور کے کمیشن کا چیئرمین منتخب کر لیا ہے۔ ریاستی میڈیا پر ملکی لیڈر کے لیے ’کوریائی عوام کے سپریم نمائندے‘ کا نیا ٹائٹل استعمال کیا گیا۔ نیوز اییجنسی اے پی کے مطابق یہ خصوصی ٹائٹل رواں برس فروری میں منظور کیا گیا تھا لیکن اس کا استعمال حکمران پارٹی کی کانفرنس کے دوران شروع کیا گیا۔ اسی پارٹی کانفرنس میں ریاست کے انتہائی محدود اختیار کے حامل نئے سربراہ اور نئے وزیر اعظم کا تقرر بھی کیا گیا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے کم جونگ اُن کو دوبارہ چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

[pullquote]اسانج کو ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا[/pullquote]

وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کو لندن کی ایک عدالت نے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے کر مقدمے کی سماعت ملتوی کر دی ۔ عدالت نے اگلی پیشی کی تاریخ مقرر نہیں کی۔ اسانج کو جمعرات گیارہ اپریل کو لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے کے اندر سے گرفتار کرنے کے بعد ویسٹ منسٹر کی ایک مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ جج مائیکل سنو نے کہا کہ ملزم نے ایکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لے کر اپنی ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کی تھی۔ استغاثہ کے دلائل کی روشنی میں اس خلاف ورزی پر جولیان اسانج کو ملکی قانون کے مطابق کم از کم ایک برس کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]دلائی لامہ ہسپتال سے فارغ کر دیے گئے[/pullquote]

تبتی باشندوں کے نوبل انعام یافتہ اور جلاوطن روحانی رہنما دلائی لامہ کو آج جمعے کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ایک ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ انہیں منگل کو سینے میں انفیکشن کے بعد دھرم شالہ سے نئی دہلی کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ دلائی لامہ کے ترجمان کے مطابق وہ فی الحال دھرم شالہ نہیں جا رہے اور دہلی ہی میں مزید کچھ دن آرام کریں گے۔ دلائی لامہ سن 1959 میں تبت پر چینی تسلط کے خلاف ایک تحریک کی ناکامی کے بعد فرار ہو کر بھارت پہنچے تھے اور تب سے وہیں جلاوطنی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔

[pullquote]ملائیشیا کا چین کے ساتھ ریل رابطہ بحال کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

ملائیشیا کی حکومت نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ ریل رابطہ بحال کر دیا جائے گا۔ اس بحالی کا فیصلہ چین کی ایک فرم کی جانب سے تعمیراتی اخراجات میں کمی کی یقین دہانی کے بعد کیا گیا۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتر محمد کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اس ریلوے لنک کی بحالی کے اضافی سمجھوتے پر جلد ہی دستخط کر دیے جائیں گے۔ اس سمجھوتے کے تحت چائنہ کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی 688 کلومیٹر طویل ٹریک تعمیر کرے گی۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ تعمیراتی اخراجات میں کمی سے یقینی طور پر ملائیشیا کے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور ملک پر مالیاتی بوجھ میں کمی ہو گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے