شرمین عبید چنائے کی ڈاکومینٹری کا امریکہ میں پریمیئر

پاکستان کی اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ڈاکومینٹری فلم میکر شرمین عبید چنائے کی نئی ڈاکومینٹری فلم ’سونگ آف لاہور‘ (لاہور کا نغمہ) کا پریمیئر نومبر میں امریکہ کے تین شہروں میں کیا جائے گا۔

اس فلم میں ان کے شریک پروڈیوسر اور ڈائریکٹر امریکہ سے تعلق رکھنے والے اینڈی شوکن ہیں۔

یہ ڈاکومینٹر ی امریکہ کے تین شہروں نیویارک، سان فرانسسکو اورلا س اینجلس میں بالترتیب تین، چھہ اور نو نومبر کو پیش کی جائے گی۔ نیویار ک اور لاس اینجلس کے پریمیئرز کی تقریب کی میزبانی ہالی وڈ کی اکیڈمی ایوارڈ یافتہ لیجنڈری اداکارہ میرل سٹریپ کریں گی۔

اس فلم کو لاہور میں فلمایا گیاہے جس کے لیے لاہور کے نامور تاجر عزت مجید کے سچل سٹوڈیو کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

Song of Lahore - Poster [F]

سونگ آف لاہور کا مرکزی خیال لاہور کے وہ کلاسیکی اور فوک موسیقار ہیں جو ۱۹۷۰ تک اپنی تخلیقی صلاحیتوں کی بدوت پوری دنیا میں مقبول تھے۔ لیکن بدلتے ہوئے سیاسی اور سماجی حالات کی وجہ سے یہ موسیقی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ فلم میں ۲۰۰۴ میں قائم ہونے والے عزت مجید کے سچل سٹوڈیو کی خدمات کو بھی سراہا گیا ہے جس نے قوم کی اس کھوئی اساس کو محفوط کرنے کا بیڑا اٹھایا۔ عزت مجید نے لاہور کے منجھے ہوئے کلاسیکی موسیقاروں کو ان کے ساز دوبارہ اٹھانے پر راضی کیا جو پاکستان میں موسیقی کے زوال پزیر حالات کی وجہ سے شدید مایوسی کا شکار تھے۔ کچھ ہی عرصے میں ان موسیقاروں کے ساتھ مل کر انھوں نے کئی فوک اور کلاسیکی البم جاری کئے جن میں وہ تجرباتی البم بھی شامل ہے جس میں جنوبی ایشیا کے روایتی سازوں کو جاز کے امتزاج ساتھ پیش کیا گیاتھا اور جو دنیا بھر سچل سٹوڈیو کی شہرت کا باعث بنا۔

یہ فلم بروڈ گرین پکچرز کے اشترا ک سے پیش کی جاری ہے جس کی سکریننگ کے انتظامات نیشنل بورڈ آف ریویواور ٹیسٹ میکرز کی کی جانب سے کئے گئے ہیں۔ ہر پریمیئر کے اختتام پر سچل جاز اینسیمبل کی پرفارمنس بھی پیش کی جائے گی۔

سونگ آف لاہور کواگلے سال فروری میں ہونے والے ۸۸ ویں اکیڈمی ایوارڈز میں ڈاکومینٹری فیچر کی کیٹیگری میں آسکر نامزدگی پر غور کے لیے بھی بھیجا گیا ہے ۔

پیس کیپرر ٹورانٹو میں

اس سے قبل اس ہی سال ستمبر میں شرمین عبید چنائے اور بھارتی ہدایتکارہ اور پروڈیسر گیتا گندبھیر کی مشترکہ ڈاکومینٹری ’اے جرنی آف تھائوسینڈ مائلز: پیس کیپرز‘ کا پریمیئر بھی ٹورانٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں ہوچکا ہے۔

Peacekeepers - BTS Images [F] (1)

یہ ڈاکومینٹری بنگلہ دیش کی ۱۴۰ مسلمان خواتین پرمشتمل اقوام متحدہ کے امن یونٹ کی سچی کہانی ہے۔ یہ خواتین بنگلہ دیش میں اپنے خاندان، رشتہ داروں دوستوں کو پیچھے چھوڑ کر ہائٹی میں تباہی سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے مشن پر روانہ ہوگئی تھیں۔یہ یونٹ دنیا کا پہلا امن یونٹ ہے جس میں ذیادہ تر مسلمان خواتین شامل ہیں اور جن کا تعلق دنیا کے غریب ملک بنگلہ دیش سے ہے۔

اس فلم کے بارے میں شرمین عبید چنائے کا کہنا ہے کہ ’ہم گزشتہ تین سالوں سے ان باہمت خواتین کی سرگرمیوں کو اپنے کیمرے میں محفوط کررہے تھے۔ جنہوں نے عورت کے ایک دقیانوسی کرادر کی نفی کی اور بتایا کہ تیسری دنیا کی ایک مسلمان عورت بھی بہت کچھ کرسکتی ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ آج ہم ان کے سفر کی کہانی باقی دنیا کو دکھانے کے قابل ہیں۔‘

اس فلم کو ۳۰ اکتوبر اور یکم نومبر کو ممبئی کے جیو مامی فلم فیسٹول میں پیش کیا جارہا ہے جبکہ امریکہ کے نیویارک سٹی میں منعقد ہونے والے مشہور ڈاکومینٹری فلم فیسٹول ڈی او سی میں بھی ۱۴ اور ۱۶ نومبر کو اسکی سکریننگ متوقع ہے۔

یاد رہے کہ شرمین عبید چنائے اس سال پاکستان کی پہلی اینیمیٹد فلم ’تین بہادر‘ بھی بناچکی ہیں جسے پاکستان بھر کے سینمائوں میں لگایا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے