اتوار : 14 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]صدر السیسی کی قاہرہ میں خلیفہ حفتر سے ملاقات[/pullquote]

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے قاہرہ میں لیبیا کے کمانڈر خلیفہ حفتر سے ملاقات کی ہے۔ مصری صدارتی دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس ملاقات میں لیبیا کی موجودہ صورت حال پر گفتگو کی گئی۔ خلیفہ حفتر کے حامی جنگجو چار اپریل سے ملکی دارالحکومت طرابلس پر قبضے کی کوششوں میں ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ لیبیا کی یونٹی حکومت اور خلیفہ حفتر کی فورسز کے مابین جاری اس لڑائی میں اب تک ایک سو اکیس افراد ہلاک جب کہ ساڑھے پانچ سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ مصری صدارتی دفتر کے مطابق السیسی نے خلیفہ حفتر سے ملاقات کے دوران انہیں لیبیا میں دہشت گردی کے خاتمے اور سلامتی کی صورت حال بہتر بنانے کی کوششوں میں مصری حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

[pullquote]آسٹریلیا میں ہزاروں افراد کا مہاجرین کے حق میں مظاہرہ[/pullquote]

آسٹریلیا کے کئی شہروں میں حکومت کی مہاجرین سے متعلق سخت پالیسی کے خلاف مظاہرے کیے گئے ہیں۔ ان ملک گیر مظاہروں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ان مظاہروں کی کال کینبرا مسلم کمیونٹی نے دی تھی۔ مظاہرین نے حکومت سے نارو اور مانوس جزیروں پر تارکین وطن کے لیے بنائے گئے حراستی مراکز ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ سن 2013 میں بنائے گئے ان حراستی مراکز کے باعث کینبرا حکومت کو عالمی سطح پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔ آسٹریلوی حکومت کے مطابق ان جزائر پر اب بھی قریب ایک ہزار تارکین وطن موجود ہیں۔

[pullquote]وینیزویلا میں ڈی ڈبلیو کے ہسپانوی چینل کی نشریات معطل[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک وینیزویلا میں حکام نے جرمنی کے بین الاقوامی نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کی ہسپانوی چینل کی نشریات بند کر دی ہیں۔ جرمنی نے سن 2018 کے انتخابات کے بعد صدر مادورو کی حکومت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اپوزیشن رہنما خوان گوئیڈو کو ونیزویلا کا عبور صدر تسلیم کر لیا تھا۔ ڈی ڈبلیو نے حال ہی میں وینیزویلا کی صورت حال کے بارے میں خصوصی پروگرام شروع کیا تھا۔ ڈی ڈبلیو کے جنرل مینیجر پیٹر لمبورگ نے وینیزویلا کی براڈ کاسٹ اتھارٹی سے نشریات کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

[pullquote]سیاسی جماعتیں ’آزاد‘ شخصیت کو وزیر اعظم بنانے پر متفق ہوں، سوڈانی فوج[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان میں مظاہرین نے فوجی حکومت سے سویلین حکومت تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ مظاہرین کے دس ارکان پر مشتمل نمائندوں کی ملکی فوجی کونسل کے ارکان سے مذاکرات کے دوران کیا گیا۔ سوڈانی فوج نے گزشتہ ہفتے صدر عمر البشیر کی حکومت ختم کر کے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔ سوڈان میں اس وقت برسراقتدار فوجی کونسل کے رکن لیفٹینیٹ جنرل یاسر العطا نے سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ عبوری سویلین حکومت قائم کرنے کے لیے ایک ’آزاد شخصیت‘ کا نام تجویز کریں۔ سوڈانی وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری سے بھی جمہوری حکومت قائم کرنے میں مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

[pullquote]ایران کو سیلاب سے ڈھائی بلین امریکی ڈالر کا نقصان ہوا ہے[/pullquote]

ایرانی حکومت نے بتایا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلابوں سے ملکی خزانے کو 2.5 بلین امریکی ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ سیلاب نے زرعی شعبے کے علاوہ پلوں، مکانات اور سڑکوں کو گہرا نقصان پہنچایا۔ رواں برس انیس مارچ سے بارشوں اور سیلابی ریلوں میں کم از کم چھہتر انسانی جانیں بھی ضائع ہوئی ہیں۔ ابھی بھی دو لاکھ سے زائد افراد عارضی خیموں میں پناہ گزین ہیں۔ تہران حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فوج بھی متعین کر رکھی ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ کے مطابق سیلاب نے پچیس صوبوں کے ساڑھے چار ہزار کے قریب دیہات کے ساتھ ساتھ کئی قصبوں اور شہروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا تھا۔

[pullquote]اسرائیلی وفد کا بحرین کا دورہ منسوخ[/pullquote]

اسرائیل کے کاروباری افراد اور حکومتی اہلکاروں پر مبنی وفد کا خلیج کی عرب ریاست بحرین کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ دورے کی منسوخی کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائے گئے ہیں۔ یہ گروپ بحرین میں پندرہ اپریل سے شروع ہونے والی ’گلوبل اینٹرپینیور شپ نیٹ ورک‘ کی کانگریس میں شریک ہونا چاہتا تھا۔ منتظمین کے مطابق اسرائیلی وفد کی جانب سے مطلع کیا گیا کہ وہ اس کانگریس میں شریک ہو کر بقیہ ایک سو اسی ملکوں کے لیے کسی پریشانی کا باعث نہیں بننا چاہتے لہذا دورے کو منسوخ سمجھا جائے۔ بحرینی پارلیمنٹ نے بھی اسرائیلی وفد کے خلاف قرارداد منظور کی تھی اور دارالحکومت منامہ میں احتجاج بھی کیا گیا تھا۔

[pullquote]جرمنی: داعش کی پسپائی سے غلط اندازے نہ لگائے جائیں[/pullquote]

جرمنی میں تحفظ آئین کے وفاقی دفتر بی ایف وی نے خبردار کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی پسپائی سے غلط اندازے اخذ نہیں کرنے چاہییں۔ بی ایف وی کے سربراہ تھوماس ہالڈنوانگ نے اخبار ویلٹ ام زونٹاگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے حوالے سے خطرے کی شدت کو کم نہیں کر سکتے۔ ان کے بقول یہ دہشت گرد تنظیم یورپ کے لیے بدستور ایک خطرہ ہے۔ جرمنی میں تحفظ آئین کے وفاقی دفتر کو داخلی سلامتی کی خفیہ ایجنسی بھی کہا جاتا ہے۔

[pullquote]لیبیا میں اپریل میں اب تک 121 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

لیبیا میں اس ماہ کے دوران اب تک121 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق جنگی سردار خلیفہ حفتر کی جانب سے دارالحکومت طرابلس پر قبضہ کرنے کی کارروائی شروع کرنے کے بعد یہ ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے زخمیوں کی تعداد ساڑھے پانچ سو سے زائد بتائی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے طرابلس کے لیے ادویات بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہاں پر طبی امدادی عملے کی تعداد بھی بڑھائی جا رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے امدادی کارکنوں اور ان کے قافلوں کو تواتر کے ساتھ نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں دوسری عالمی جنگ کے دوران گرے بم کو تلف کر دیا گیا[/pullquote]

جرمنی کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دریائے مائن میں گرے بم کو کامیابی سے اڑا دیا ہے۔ بم کو تلف کرنے سے قبل قریبی علاقے کے تقریباً چھ سو مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ یہ بم امریکی ایئر فورس نے دوسری عالمی جنگ کے دوران بمباری کرتے ہوئے پھینکا تھا۔ بم کا وزن ڈھائی سو کلوگرام تھا۔ اس بم کی موجودگی کا پتہ اُس وقت چلا تھا جب گزشتہ منگل کو شہری فائر بریگیڈز کے عملے نے اپنی مشقوں کے دوران غوطہ خوری کی تھی۔

[pullquote]مڈغاسکر میں خسرے کی وبا سے بارہ سو سے زائد انسانی اموات[/pullquote]

بحر ہند کی جزیرہ ریاست مڈغاسکر کو خسرے کی شدید وبا کا سامنا ہے۔ اب تک اس وبا کے پھیلنے سے ہونے والی اموات بارہ سو سے تجاوز کر چکی ہیں۔ ہزاروں بچوں کو ابھی تک ویکسین دستیاب نہیں ہو سکی ہے۔ مڈغاسکر کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بدترین وبا سے ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد افراد خسرے کے مرض سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ امریکا میں بھی خسرے کے مریضوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]اسکارف اتارنے والی ایرانی خاتون کو ایک سال کی سزا[/pullquote]

ایک ایرانی عدالت نے سرعام اسکارف اتارنے والی خاتون کو ایک برس کی قید سزا سنائی لیکن یہ سزا معاف کر دی گئی ہے۔ سزا پانے والی خاتون وداع موحد کے وکیل پیام درفشاں کے مطابق عدالت کی جانب سے دی گئی ایک سال کی سزا کو ملکی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے معاف کر دیا ہے اور اب اُس کی جیل سے رہا کرنے کے بنیادی اقدامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ وہ اگلے دنوں میں جیل سے رہا کر دی جائے گی۔ وداع موحد نے ہیڈ اسکارف گزشتہ ماہ مارچ میں احتجاج کے طور پر اتارا تھا۔ اسی خاتون کو سن 2017 میں بھی اسی الزام کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔

[pullquote]سوڈان میں عمر البشیر حکومت کا صفایا کر دیا جائے گا، نئے فوجی لیڈر کا عزم[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان کی ملٹری کونسل کے نئے سربراہ جنرل عبدالفتح برہان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سارے ملک میں سے عمر البشیر حکومت کی تمام باقیات کا پوری طرح صفایا کر دیا جائے گا۔ انہوں نے حکومتی ڈھانچے کی تشکیل نو کا اعلان کرتے ہوئے بدعنوانی کو ختم کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔ جنرل برہان نے عمر البشیر کی حکومت کو ہٹانے کے بعد قائم ہونے والی ملٹری کونسل کے سربراہ جنرل عود ابن عوف کو فارغ کر دیا ہے۔ عود ابن عوف معزول صدر عمر البشیر کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ نئے فوجی سربراہ نے ملکی خفیہ ادارے کے سربراہ صلاح عبداللہ محمد صالح کو بھی ہٹا دیا ہے۔ دوسری جانب سوڈانی مظاہرین سول حکومت کے قیام کا مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

[pullquote]آسٹریلوی شہر میلبورن میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک[/pullquote]

آج اتوار کی علی الصبح آسٹریلوی شہر میلبورن کے ایک نائٹ کلب کے باہر ہونے والی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ فائرنگ سے چار افراد زخمی ہیں اور اِن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق ایک موٹر کار سے نائٹ کلب کے باہر کھڑے لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں۔ پولیس ابھی تک حملہ آور اور کار کے بارے میں کوئی معلومات جمع نہیں کر سکی ہے۔ پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اس واقعے کے بارے میں ان کے پاس اگر کوئی معلومات ہے تو وہ فراہم کریں تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔

[pullquote]اسانج کے والد کی اپنے بیٹے کو واپس آسٹریلیا لانے کی اپیل[/pullquote]

وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کے والد جان شِپٹن نے آسٹریلیوی حکومت سے اپیل کی ہے کہ لندن میں گرفتار ان کے بیٹے کو وطن واپس لایا جائے۔ شپٹن کے مطابق گرفتاری کے بعد اپنے بیٹے کی حالت دیکھ کر انہیں شدید صدمہ ہوا ہے۔ ہر سال کرسمس کے موقع پر وہ ایکواڈور کے سفارت خانے میں اسانج سے ملنے باقاعدگی سے جاتے تھے۔ اسانج کو واپس لانے کے لیے انہوں نے ملکی وزیراعظم اور وزارت خارجہ سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن کہہ چکے ہیں کہ اُن کی حکومت اسانج کو کوئی خصوصی رعایت نہیں دے گی۔

[pullquote]فرانس: بھارتی تاجر کی کمپنی کو ٹیکس کی مد میں لاکھوں یورو کی چھوٹ[/pullquote]

فرانسیسی حکومت نے بھارت کی ارب پتی شخصیت انیل امبانی کی کمپنی کو 143 ملین یورو سے زائد کے ٹیکس کی چھوٹ دی تھی۔ اخبار لا مونڈ نے یہ تفصیلات اپنی ایک رپورٹ میں ہفتہ تیرہ اپریل کو شائع کی ہیں۔ بھارتی کمپنی ریلائنس کو ٹیکس میں یہ چھوٹ سن 2015 میں دی گئی تھی۔ اُدھر ریلائنس نے فرانسیسی اخبار کی رپورٹ کو من گھڑت قرار دیا ہے۔ نئی دہلی میں فرانسیسی سفارت خانے کے مطابق ریلائنس کے ساتھ ٹیکس کے حوالے سے طے پانے والا معاملہ قانون کے دائرے میں اور سیاسی اثر و رسوخ کے بغیر تھا۔ اس حوالے سے مودی حکومت نے بھی تردیدی بیان جاری کیا ہے۔

[pullquote]نیپال میں چھوٹے طیارے کی ہیلی کاپٹر سے ٹکر، دو ہلاک[/pullquote]

نیپال میں ایک چھوٹے طیارے کے حادثے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیپالی پولیس کے مطابق چھوٹا طیارہ ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب واقع ٹینزنگ ہیلیری ہوائی اڈے سے پرواز کے فوری بعد قریب سے گزرتے ایک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔ اس حادثے میں طیارے کے معاون پائلٹ اور ایک پولیس افسر کی ہلاکت ہوئی۔ زخمی ہونے والوں میں ہیلی کاپٹر کا پائلٹ اور ایک پولیس اہلکار شامل ہیں۔ ہلاک و زخمی ہونے والے اہلکار سیاحوں کی حفاظت کے لیے تعینات پولیس فورس کا حصہ تھے۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی اور ہلاک ہونے والوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے۔

[pullquote]فن لینڈ میں آج پارلیمانی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں[/pullquote]

فن لینڈ میں آج اتوار کو عام انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ قبل از انتخابات کرائے گئے رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ انٹی رینے کے جیتنے کے امکانات روشن ہیں۔ دوسری جانب مہاجرین مخالف اور دائیں بازو کی عوامیت پسند جماعت ’دی فنن‘ کو سولہ فیصد تک ووٹ ملنے کا امکان ہے۔ اس طرح یہ جماعت پارلیمان کی دوسری سب سے بڑی قوت بن سکتی ہے۔ فن لینڈ میں پارلیمانی نشستوں کی تعداد دو سو ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے