دنیا میں ورلڈکپ ٹیموں کا اعلان ہو رہا ہے اور یہاں تماشا لگا ہوا ہے: وسیم اکرم

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پوری دنیا ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے اعلان میں لگی ہوئی ہے اور یہاں تماشا لگا ہوا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ساری دنیا ورلڈ کپ کی تیاری کررہی ہے اور ہم یہاں دوسری بحث میں لگے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں لوگوں کو پتہ ہے کہ ٹیم کا اعلان کب ہو گا، دنیا بھر میں ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کا اعلان ہو رہا ہے اور یہاں تماشا لگا ہوا ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ کا معیار ہونا چاہیے، ایسا نہ ہو کہ فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے بھی اسکواڈ کا حصہ بن جائیں۔

کوئٹہ میں ہونے والے پی سی بی کی گورننگ باڈی کے اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ آج پی سی بی کی میٹنگ میں جو کچھ ہوا اس پر افسوس ہوا، کچھ لوگ ڈرے ہوئے ہیں کہ اگر ڈپارٹمنٹل کرکٹ بند ہو گئی تو کیا ہو گا، معلوم نہیں ایسا فیصلہ کیوں کیا جا رہا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پوری دنیا میں غلط تاثر جا رہا ہے، دیکھنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اس معاملے پر کیا ردعمل آتا ہے۔

وسیم خان کی بطور ایم ڈی پی سی بی تقرری کے حوالے سے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وسیم خان نوجوان ہے اور ان میں ٹیلنٹ بھی موجود ہے، انہیں ایک موقع ضرور دینا چاہیے۔

کرکٹ کمیٹی سے متعلق سوال پر وسیم اکرم نے طنز کرتے ہوئے کہا کیا کرکٹ کمیٹی بھی ہے، مجھے تو نہیں پتا کہ کوئی کرکٹ کمیٹی بھی ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ میں کرکٹ کمیٹی میں ہوں لیکن اس کے باوجود مجھے کچھ معلوم نہیں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے