اتوار : 21 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سری لنکا میں حملے، ہلاک شدگان کی تعداد 207 ہو گئی[/pullquote]

سری لنکا میں ایسٹر کے دن سلسلہ وار خونریز حملوں کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد دو سو سے متجاوز ہو گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ اتوار کے دن آٹھ بم حملے کیے گئے، جن میں 207 افراد ہلاک جبکہ ساڑھے چار سو کے قریب زخمی ہو گئے۔ اں حملوں میں گرجا گھروں اور لگژری ہوٹلوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے ان حملوں میں ملوث ہونے کے شبے میں سات افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ فوری طور پر کسی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر حملے، عالمی برادری کی جانب سے مذمت[/pullquote]

سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہوئے پے در پے بم دھماکوں پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے سخت مذمت کی گئی ہے۔ کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسِس نے کہا کہ ایسٹر کا دن آج سوگ اور تکلیف لے کر آیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اس موقع پر سری لنکا کی معاونت کے لیے تیار ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا کہ یہ افسوس ناک بات ہے کہ لوگ ایسٹر کے تہوار کی خوشیاں منا رہے تھے، جب انہیں بزدلانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے بھی ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سری لنکن عوام کے ساتھ تعزیت کی ہے۔

[pullquote]سعودی عرب میں حملہ، چار افراد مارے گئے[/pullquote]

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دارالحکومت ریاض کے نواح میں ایک سکیورٹی سروس بیس پر حملہ کرنے والے چار افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اتوار کے دن حکام نے بتایا کہ یہ اس جھڑپ میں سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ اس حملے کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔ صرف یہ کہا گیا کہ دہشت گردوں کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی سوڈان کے لیے مالی امداد[/pullquote]

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اتوار کے دن اعلان کیا ہے کہ سوڈان کو تین بلین ڈالرز فراہم کیے جائیں گے تاکہ یہ افریقی ملک اقتصادی مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ امداد کی نوعیت کیا ہو گی۔ ان دونوں ممالک نے سوڈان میں فوجی عبوری حکومت کی حمایت کا اظہار بھی کیا ہے۔ دوسری جانب سوڈان کی عبوری فوجی حکومت نے کہا ہے کہ وہ اقتدار جلد ہی سویلین حکومت کے حوالے کر دے گی۔ ساتھ ہی یہ تصدیق بھی کر دی گئی ہے کہ معزول صدر عمر البشیر کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]کابل میں خود کش حملہ، داعش نے ذمہ داری قبول کر لی[/pullquote]

کابل میں ہوئے ایک خود کش حملے کی ذمہ داری انتہا پسند گروپ داعش سے واسبتہ جنگجوؤں نے قبول کر لی ہے۔ ہفتے کو ہوئے اس خود کش حملے کے نتیجے میں سات افراد مارے گئے۔ ان شدت پسندوں کی طرف سے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اس کارروائی میں چار خودکش حملہ آوروں کے ایک گروہ نے ٹیلی کمیونیکشن کی وزارت کو نشانہ بنایا۔ داعش نے حالیہ برسوں میں افغانستان میں ہوئے متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

[pullquote]شمالی مقدونیہ میں صدارتی انتخابات، کم ٹرن آؤٹ کے خدشات[/pullquote]

شمالی مقدونیہ میں صدارتی انتخابات کے سلسلے میں عوام آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، تاہم خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ کم ترین ٹرن آؤٹ کی وجہ سے یہ الیکشن کالعدم ہو سکتا ہے۔ گزشتہ برس اسکوپیے اور ایتھنز حکومتوں کے درمیان ملکی نام کی تبدیلی کے معاہدے کے بعد مقدونیہ نے اپنا نام شمالی مقدونیہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ ملکی نام کی تبدیلی کے بعد مقدونیہ میں یہ پہلے صدارتی انتخابات ہیں۔ مقدونیہ کے آئین کے مطابق صدارتی انتخابات کے لیے کم از کم ٹرن آؤٹ 40 فیصد لازمی ہے، دوسری صورت میں انتخابات کالعدم قرار پائیں گے۔

[pullquote]مصر میں السیسی کو 2030 تک حکومت کا حق دینے کے لیے ریفرنڈم جاری[/pullquote]

مصر میں سرکاری میڈیا عوام سے اپیل کر رہا ہے کہ وہ صدر عبدالفتاح السیسی کو سن 2030 تک صدر کے عہدے پر کام کرنے کی اجازت دینے سے متعلق جاری ریفرنڈم میں حصہ لیں۔ آج بروز اتوار مصر میں جاری اس ریفرنڈم کا دوسرا دن ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صدر السیسی کی ان دستوری تبدیلیوں کو مسترد کر دیں کیوں کہ اس سے ملک میں ایک مرتبہ پھر آمریت آ جائے گی۔ واضح رہے کہ السیسی سن 2014ء میں مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کو برطرف کر کے اقتدار پر قابض ہوئے تھے۔

[pullquote]سوڈانی مظاہرین کی جانب سے سویلین عبوری کونسل کا اعلان آج متوقع[/pullquote]

سوڈانی مظاہرین کے رہنماؤں کی جانب سے ملک کا انتظام عبوری طور پر سویلین کونسل کو سونپنے کے حوالے سے اہم اعلان متوقع ہے۔ سوڈان میں بڑے عوامی مظاہروں کے بعد فوج نے طویل عرصے سے عہدہ صدارت پر براجمان عمر البشیر کو برطرف کر کے ملک کا انتظام عبوری طور پر اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا، تاہم مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ فوج اقتدار اور انتظام سے الگ رہے۔ ہزاروں مظاہرین اب بھی دارالحکومت خرطوم کے مرکز میں جمع ہیں اور ان کے رہنما آپس میں صلاح مشوروں میں مصروف ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے سویلین کونسل کا اعلان آج شام کیا جائے گا اور اس کے لیے غیرملکی سفارت کاروں اور صحافیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

[pullquote]افغان سپریم کورٹ نے صدر غنی کے عہدہ صدارت کی مدت میں توسیع کر دی[/pullquote]

افغانستان کی سپریم کورٹ نے اتوار کے روز صدر اشرف غنی کی مدت صدارت میں توسیع کر دی ہے۔ عدالت کے مطابق ملک میں صدارتی انتخابات کے انعقاد تک صدر غنی اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں۔ صدر غنی کے عہدے کی مدت 22 مئی کو مکمل ہو رہی ہے جب کہ صدارتی انتخابات تاخیر کا شکار ہیں۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات کا انعقاد 20 اپریل کو ہونا تھا، تاہم اب وہ ممکنہ طور پر 20 جولائی تک ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے