اتوار : 28 اپریل 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بریگزٹ مذاکرات، رواں ہفتہ اہمیت کا حامل ہو گا، بارنیئر[/pullquote]

یورپی یونین کے بریگزٹ کے لیے اعلیٰ مذاکرات کار مشیل بارنیئر کا کہنا ہے کہ یہ ہفتہ بریگزٹ کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ ایک فرانسیسی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بارنیئر نے کہا کہ رواں ہفتے برطانوی وزیر اعظم ٹيريزا مے کی حکومت اور لیبر پارٹی کے مابین مذاکرات کے نتیجہ سامنے آ جائے گا۔ دوسری جانب برطانیہ کی لیبر پارٹی کی ایک خاتون ترجمان ربیکا لانگ بیلے نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کو آج اتوار کے روز مثبت قرار دیا۔ لانگ بیلے کا تاہم یہ بھی کہنا تھا کہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے حکومت کو مزید لچک دکھانا ہو گی۔

[pullquote]امریکا کے ساتھ تخفیف اسلحہ کے نئے ممکنہ معاہدے کے لیے تیار ہیں، کریملن[/pullquote]

روس امریکا کے ساتھ تخفیف اسلحے کے کسی نئے ممکنہ معاہدے کے لیے تیار ہے۔ کریملن کے ایک مشیر یوری اوشاکوف نے یہ بات ایسی خبریں سامنے آنے کے بعد کہی ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس اور چین کے ساتھ اسلحے کے دوڑ روکنے کے لیے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ اتوار کے روز روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اوشاکوف کا تاہم یہ بھی کہنا تھا کہ نئے معاہدے سے قبل امریکا کو پہلے سے طے شدہ معاہدوں کی پاسداری کرنا ہو گی۔ امریکی صدر نے رواں برس ہی سن 1987 میں طے پانے والے معاہدے آئی این ایف سے یکطرفہ اخراج کا اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]جرمنی ميں انتہائی دائيں بازو کی قوتوں کی نگرانی مشکل ہوتی ہوئی[/pullquote]

جرمنی کی داخلی انٹيليجنس ايجنسی کے مطابق ملک ميں دائيں بازو کی انتہا پسند قوتوں کی نگرانی مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے۔ اخبار ’ويلٹ ام زونٹاگ‘ ميں اتوار کو شائع ہونے والی ايک رپورٹ کے مطابق انتہائی دائيں بازو کے گروہ پہلے کی نسبت کم منظم ہوتے جا رہے ہيں اور يہی وجہ ہے کہ ان کی مؤثر نگرانی مشکل ہے۔ رپورٹ کے مطابق بڑے انتہا پسند اور ممکنہ طور پر جرائم پيشہ افراد کے حامل گروہ اب اتنے با اثر نہيں رہے لیکن چھوٹے اور غير منظم گروہ زيادہ خطرناک ثابت ہو سکتے ہيں۔ ايجنسی کے مطابق ايسے گروہ لوگوں کو اپنی جانب راغب کرنے کے ليے سماجی رابطوں کی ويب سائٹس کا سہارا ليتے ہيں۔

[pullquote]ليبيا کے حراستی مراکز سے مہاجرين کو نکالا جائے، پاپائے روم[/pullquote]

پاپائے روم نے ليبيا ميں حراستی مراکز ميں قيد مہاجرين بالخصوص عورتوں اور بچوں کو وہاں سے نکالنے کا مطالبہ کيا ہے۔ ويٹيکن سٹی ميں ایک ہفتہ وار دعائيہ تقريب سے اپنے خطاب میں پوپ فرانسس نے اتوار کے روز کہا کہ ليبيا کے مسلح تنازعے ميں حاليہ ابتری کے نتيجے ميں وہاں پھنسی ہوئی عورتيں، بچے اور بيمار افراد اب زيادہ نازک صورت حال سے دوچار ہيں۔ ليبيا ميں اس وقت لگ بھگ چھ ہزار مہاجرين اور تارکین وطن مختلف حراستی مراکز ميں قيد ہيں۔ وہاں سے 140 مہاجرين کے ايک گروپ کو پير انتيس اپريل کو اطالوی دارالحکومت روم منتقل کيا جا رہا ہے۔

[pullquote]’جہاديوں کے ہاتھوں ریپ کے نتیجے میں جنم لینے والے بچے ايزدی قبيلے کا حصہ نہيں بنيں گے‘[/pullquote]

عراق میں ای‍زدی آبادی کی اعلیٰ ترين روحانی کونسل کے مطابق ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے جہاديوں کی جانب سے کی گئی جنسی زيادتیوں کے نتيجے ميں ايزدی عورتوں کے ہاں پيدا ہونے والے بچوں کو اس برادری کا حصہ نہیں بننے ديا جائے گا۔ پچھلے ہفتے اس کونسل کے سربراہ حاذم تحسين سعد نے ایک حکم نامہ جاری کيا تھا کہ داعش کے جرائم سے بچ جانے والوں کو اس قبيلے ميں شامل رہنے کی اجازت ہو گی۔ تاہم گزشتہ رات اس بارے ميں ایک وضاحت جاری کر دی گئی کہ اس برادری ميں شموليت کے ليے بچوں کے والدين کا ايزدی ہونا لازمی ہے۔ سن 2014 ميں عراق کے سنجار نامی پہاڑی علاقے ميں ايزدی قبيلے پر داعش کے قبضے کے بعد سے متاثرہ افراد کے مستقبل کا معاملہ عراق ميں بحث کا موضوع بنا رہا ہے۔

[pullquote]سوڈان کے ليے متحدہ عرب امارات کی طرف سے سینکڑوں ملین ڈالر کی امداد[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے سوڈان کے مرکزی بينک ميں ڈھائی سو ملين ڈالر جمع کرانے کا اعلان کيا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سوڈان ميں عمر البشير کے اقتدار کے خاتمے کے بعد اس افریقی ملک کی مالی امداد کرنا ہے۔ ان رقوم کی منتقلی کے ليے سوڈانی مرکزی بينک اور ابوظہبی کے ترقیاتی فنڈ کے مابين ايک سمجھوتے پر دستخط پہلے ہی کيے جا چکے تھے۔ پچھلے ہفتے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سوڈان کے ليے مجموعی طور پر تين بلين ڈالر کے قرضوں کا اعلان کيا تھا۔

[pullquote]سری لنکا: خود کش حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کے والد اور دو بھائی ہلاک[/pullquote]

سری لنکن پولیس کے مطابق جمعے کے روز شدت پسندوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین تصادم میں ایسٹر کے دن کیے گئے حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کے والد اور دو بھائی بھی ہلاک کر دیے گئے تھے۔ سری لنکا کے مشرق میں واقع شہر کالمونائی میں مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مارے گئے اس چھاپے میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہفتے کے روز داعش کے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کالمونائی میں داعش کے ارکان کے حملے میں سترہ پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔ دوسری جانب ایسٹر کے روز دہشت گردانہ حملوں کے ایک ہفتے بعد آج سری لنکا کے گرجا گھروں میں پہلی مرتبہ دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں۔

[pullquote]جاپانی کمپنیاں گاڑیاں امریکا میں بنائیں، صدر ٹرمپ کا مطالبہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپانی کار ساز اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی کاروں کی امریکی سرزمین پر تیاری میں اضافہ کریں۔ جاپان میں تعنیات امریکی سفر کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ مطالبہ جمعے کے روز وائٹ ہاؤس میں جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم آبے سے ملاقات کے دوران یہ عندیہ بھی دیا کہ جون میں دنوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی معاہدے پر دستخط کیے جا سکتے ہیں۔ امریکی صدر جون میں جی ٹوئنٹی اجلاس میں شرکت کے لیے جاپان کا دورہ کریں گے۔

[pullquote]موزمبیق میں سمندری طوفان کے بعد شدید سیلاب کا خطرہ[/pullquote]

افریقی ملک موزمبیق کے شمالی علاقوں میں سمندری طوفان کے بعد شدید سیلاب کا خدشہ ہے۔ طوفان کے بعد آنے والی بارشوں کے باعث موزمبیق کا ساحلی شہر پیمبا سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ مزید بارشوں کی پیشگوئی اور شدید سیلاب کے خدشات کے پیش نظر حکومت نے عوام کو محفوظ بالائی مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ موزمبیق میں اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے ادارے نے بھی تباہ کن سیلاب کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ چھ ہفتے قبل بھی موزمبیق میں ایک سمندری طوفان کے باعث چھ سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]امریکا: یہودی عبادت گاہ پر فائرنگ، ایک خاتون ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں یہودیوں کی ایک عبادت گاہ پر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہیں۔ ہفتے کے روز پیش آنے والے اس واقعے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حملے کے وقت عبادت گاہ میں ’پاس اوور‘ کی تقریبات جاری تھیں۔ سین ڈیاگو کاؤنٹی کے شیرف ولیم گور کے مطابق تقریب کے دوران ایک سفید فام مسلح شخص نے پووے شہر میں واقع سیناگوگ میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی تھی۔ پولیس نے انیس سالہ مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ نفرت پر مبنی جرم دکھائی دیتا ہے۔ چھ ماہ قبل امریکی شہر پٹسبرگ کے ایک سیناگوگ پر فائرنگ کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں دو بھارتی پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

بھارت میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ ہفتہ ستائیس اپریل کی شب چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں پیش آیا۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار ماؤ نواز باغیوں کی فائرنگ سے دونوں پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ ایک دیہاتی زخمی بھی ہوا۔ چھتیس گڑھ میں رواں ماہ کے اوائل میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان اور ان کے تین ساتھی بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی ماؤ نواز باغیوں نے قبول کی تھی۔

[pullquote]فوجی کی باقیات واپس ملنے کے بعد اسرائیل نے دو شامی شہری رہا کر دیے[/pullquote]

اسرائیل نے اپنی قید میں موجود دو شامی شہریوں کو رہا کر دیا ہے۔ دمشق حکومت نے اپنے دونوں شہریوں کی وطن واپسی کی تصدیق کر دی ہے۔ تل ابیب حکومت کے مطابق ان شامی باشندوں کو شام سے اسرائیلی فوجی زخاری بومیل کی باقیات واپس اسرائیل لائے جانے کے بدلے نہیں بلکہ ’جذبہ خیر سگالی‘ کے تحت رہا کیا گیا ہے۔ بومیل سن انیس سو بیاسی میں شامی اور اسرائیلی فوجوں کے مابین جنگ کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے۔ رواں ماہ شامی حکومت نے روس کی ثالثی کے نتیجے میں بومیل کی باقیات اسرائیل کے حوالے کر دی تھیں۔

[pullquote]بھارت: ہماچل پردیش میں بس حادثہ، بارہ افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں ایک بس کے کھائی میں گرنے سے بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہفتے کی رات پیش آنے والے اس حادثے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس بھارتی پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ سے ڈلہوزی جا رہی تھی۔ تاہم ڈلہوزی سے دس کلومیٹر پہلے ہی ایک موڑ مڑتے ہوئے یہ بس ساٹھ میٹر گہری کھائی میں جا گری۔ بھارت میں ہر سال ٹریفک حادثوں کے سبب اوسطاً ایک لاکھ پینتیس ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔

[pullquote]ایونجرز سیریز کی نئی فلم، باکس آفس پر نیا ریکارڈ[/pullquote]

والٹ ڈزنی کمپنی کی ایونجرز سیریز کی چوتھی اور آخری فلم نے دنیا بھر میں باکس آفس کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ’ایونجرز اینڈ گیم‘ جمعے کے روز جاری کی گئی تھی۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ’اینڈ گیم‘ نے ریلیز کے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر دنیا بھر میں چھ سو چوالیس ملین ڈالر کمائے، جو یہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

[pullquote]سوڈان: فوج اور اپوزیشن جماعتیں مشترکہ کونسل کے قیام پر متفق[/pullquote]

سوڈان میں حکمران فوجی کونسل اور جمہوریت نواز مظاہرین ایک مشترکہ کونسل کے قیام پر متفق ہو گئے ہیں۔ یہ فیصلہ ہفتے کے روز دس رکنی فوجی کونسل اور جمہوریت نواز اپوزیشن گروپوں کے مابین مذاکرات کے بعد کیا گیا ہے۔ فوجی اور سول نمائندوں پر مشتمل نئی کونسل ملک میں جمہوری حکومت بننے تک قائم رہے گی۔ عوامی مظاہروں کے بعد سوڈان میں گیارہ اپریل کو فوج نے تین دہائیوں سے برسراقتدار عمر البشیر کو منصب صدارت سے معزول کر دیا تھا۔ عبوری فوجی کونسل نے آئندہ دو برس کے دوران انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا جب کہ مظاہرین فوری طور پر جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے تھے۔

[pullquote]جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے نکل سکتے ہیں، ظریف[/pullquote]

ایرانی وزیر داخلہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکی اقدامات کے ردِ عمل میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے نکل جانا ایران کے پاس موجود ’کئی امکانات‘ میں سے ایک ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ جلد ہی شمالی کوریا کا دورہ کریں گے۔ اس ممکنہ دورے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ظریف کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب امریکا نے ایرانی تیل درآمد کرنے والے دوست ممالک کو دیا گیا استثناء ختم کر دیا ہے۔ خام تیل کی فروخت ایرانی معیشت میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔

[pullquote]اسپین میں عام انتخابات، ووٹنگ شروع[/pullquote]

اسپین میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ووٹنگ صبح نو بجے سے شام آٹھ بجے تک جاری رہے گی، جس دوران سینتیس ملین رجسٹرڈ ووٹر حق رائے استعمال کریں گے۔ غیر حتمی انتخابی نتائج پولنگ ختم ہونے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق سوشلسٹ پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملنے کا قوی امکان ہے تاہم اس پارٹی کو تنہا حکومت سازی کے لیے مطلوبہ نشستیں حاصل نہیں ہو سکیں گی۔ جائزوں کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی عوامیت پسند جماعت بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے