نواز شریف کی ضمانت کی مدت ختم، آج کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوجائیں گے

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے 6 ہفتے مکمل ہوگئے جس کے بعد وہ آج کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے 6 ہفتوں کی ضمانت دی تھی جس کی مدت ختم ہوگئی ہے۔

سپریم کورٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کی مدت میں توسیع کی درخواست بھی مسترد کرچکی ہے جس کے بعد نواز شریف آج دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوجائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز والد سے اظہارِ یکجہتی جلوس کی قیادت کریں گی۔

ن لیگ کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد کو رخصت کریں گی اور وہ والد کے ساتھ گاڑی میں موجود ہوں گی۔

مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز جاتی امراء سے جلوس کی قیادت کرتی ہوئی کوٹ لکھپت جیل تک جائیں گی، وہ آخری حد تک والد کے ساتھ ہوں گی۔

[pullquote]قومی مقاصد قربانی مانگتے ہیں، مریم نواز[/pullquote]

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ جتنا کٹھن فیصلہ ایک باپ کا بیٹی کا ہاتھ تھامے جیل جانے کا تھا، اتنا ہی کٹھن ایک بیٹی کا اپنے محبوب والد کو جیل چھوڑ کر آنا ہے لیکن میں جاؤں گی۔

جتنا کٹھن فیصلہ ایک باپ کا بیٹی کا ہاتھ تھامے جیل جانے کا تھا، اتنا ہی کٹھن ایک بیٹی کا اپنے محبوب والد کو جیل چھوڑ کر آنا ہے۔ مگر میں جاؤں گی۔ کیونکہ مقصد قومی ہے اور باپ بیٹی کے رشتوں سے کہیں بڑا ہے۔ قومی مقاصد قربانی مانگتے ہیں۔ کل انشاءاللہ میں کارکنوں کے ساتھ ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ مقصد قومی ہے جو باپ بیٹی کے رشتوں سے کہیں بڑا ہے لہٰذا قومی مقاصد قربانی مانگتے ہیں اور کارکنوں کے ساتھ ہوں گی۔

[pullquote]’مسلم لیگ (ن) کے کارکن اظہار یکجہتی کیلئے ان کے ساتھ جیل تک جائیں گے‘[/pullquote]

مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی صحت ٹھیک نہیں لیکن اس کے باوجود وہ جیل منتقل ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن اظہار یکجہتی کیلئے ان کے ساتھ جیل تک جائیں گے۔

[pullquote]مسلم لیگ ن کا کارکن متحرک ہے اور کارکن اپنی محبت سے نکل رہا ہے، رانا مشہور[/pullquote]

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ افطار کے بعد جاتی امرا سے کوٹ لکھپت جیل تک جگہ جگہ کیمپ لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا کارکن متحرک ہے اور کارکن اپنی محبت سے نکل رہا ہے، پارٹی ان کی کال پر لبیک کہہ رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ افطار کے بعد نواز شریف جیل جانے کے لیے نکلیں گے، لاہور میں لیگی کارکنوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہوگا۔

ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق نواز شریف کو شام 5 بجے سے پہلے کوٹ لکھپت جیل پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ جلوس کی شکل میں جیل آنا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوگا۔

26 مارچ کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کو 6 ہفتوں کیلئے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کی ضمانت میں توسیع اور بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی درخواستیں مسترد کردیں تھیں۔

نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، انہیں 24 دسمبر 2018ء کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے