وفاقی وزارتوں کا چائے پانی کا بجٹ ختم، وزرا کو اپنی جیب سے انتظام کرنا ہوگا

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزارتوں کا انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ بجٹ ختم کرنے کی منظوری دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے شبرزیدی کی بطور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) تقرری کی منظوری دی۔

کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے وزارتوں کا انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ بجٹ ختم کردیا ہے جس کے بعد وزراء چائے پانی کا خرچہ بھی اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ مدارس کو وزارت تعلیم کے کنٹرول میں دینے کا تاثر غلط ہے، 30 ہزار مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت نہیں کیا گيا بلکہ ان سے منسلک کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں پاک چائنہ انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام اورآذربائیجان کے ساتھ زرعی شعبے میں معاہدے کی منظوری بھی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادوایات کی قیمتوں میں کمی کرکے 7 ارب روپے بچائے گئے ہیں، ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی رقم ادویات کمپنیوں سے ریکور کی گئی ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ٹیلی نار اور جیز کے لائسنسز کی 492 ملین ڈالر کے عوض تجدید کی منظوری بھی دی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے