وزیراعظم کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت، واقعے کی رپورٹ طلب

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی اور کہا کہ مقدس مہینے میں بےگناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم دہشت گردی کے عفریت کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔

چاروں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی جس کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا دہشت گرد حملے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ریاست مخالف نعرے لگانے والوں کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے، وقت آگیا ہے کہ سب کے لیے لائن کھینچ دی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے منی مارکیٹ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید جب کہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے