مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشتگردی، مزید 4 افراد شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور آج مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے دالیپور میں نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی اور 4 نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔

شہید نوجوانوں کی شناخت نصیر، عمر میر، خالد احمد اور رئیس احمد ڈار کے ناموں سے ہوئی جب کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک نوجوان یونس احمد ڈار بھی شدید زخمی ہوا جو شہید رئیس احمد ڈار کا بھائی ہے۔

قابض بھارتی فورسز نے آپریشن کے دوران ایک گھر کو بھی تباہ کردیا، واقعے کے بعد نوجوانوں کی بڑی تعداد قابض فورسز کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی اور اس دوران دونوں کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں۔

ضلع پلوامہ میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل ہے اور ضلع بھر میں کرفیو کا سماں ہے جہاں قابض فورسز نے مختلف علاقوں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے