حکومت نے قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے: سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے قوم کو اپنے ہاتھوں سے آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے مہنگائی کے خلاف نہ کوئی احتجاج کیا اور نہ دھرنا دیا، ہم عید کے بعد مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف عوام سے رجوع کریں گے۔

حکومت کی ایمنسٹی اسکیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم فراڈ ہے، اس کا نتیجہ بھی لوٹو اور پھوٹو نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ حرام کی دولت کو حلال کرنے کی کوشش کریں گے تو یہ جائز نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افسوس گزشتہ 10 سالہ قرض کے مقابلے میں 10 ماہ میں اتنا ہی قرض لے لیا گیا، وزیراعظم کے احکامات کے باوجود ڈالر کی قیمت بڑھ رہی ہے۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ افسوس حکمرانوں نے رمضاں کو مشکل اور مہنگائی کا مہینہ بنا دیا، حکومت نے رمضان میں اپنے وعدوں کے 100 فیصد خلاف کام کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے خود اپنے ہاتھوں سے قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے، اب آئی ایم ایف ہمارے داخلہ و خارجہ معاملات، تعلیمی پالیسی اور دوست و دشمن کا فیصلہ بھی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے، موجودہ حکومت بھی انہی سابق جماعتوں کی حکمرانی کا تسلسل ہے، لوگ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور مشرف کو دیکھ چکے، اب آپشن صرف جماعت اسلامی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ تبدیلی کا مطلب شاید روزانہ قیمتوں میں تبدیلی ہے، حکومت میں ایسے افراد موجود ہیں اگر انہی سے قرضے لے لیں تو معیشت بہتر ہو جائے۔

انہوں نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے سچ بولتے ہوئے بتا دے کہ وہ ناکام ہو چکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے