پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد: چین کے نائب صدر وانگ کشان کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

چین کے نائب صدر وانگ کشان اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں ائیر پورٹ پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے ان کا استقبال کیا۔

چینی نائب صدر کے اعزاز میں ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر مملکت عارف علوی نے معزز مہمان کو اعلی ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازا۔

وانگ کشان نے اسلام آباد میں فرینڈز آف سلک روڈ سیمینار میں بھی شرکت کی۔

بعد ازاں چین کے نائب صدر ایوان وزیراعظم پہنچے جہاں وزیراعظم نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔

پاکستان اور چین نے معاشی، تیکنیکی امور اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون کے ایم او یوز پر دستخط کیے۔

چین کے نائب صدر گندھارا کا دورہ بھی کریں گے جہاں انہیں گندھارا کی قدیم تہذیب کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی نائب صدر چائنا کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور کے کلیدی رکن ہیں، اُن کے دورے کا مقصد پاک چین اعلیٰ سطح تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ نومبر 2018 اور حالیہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں وزیراعظم کی شرکت سے اعلیٰ سطح تبادلوں میں تیزی آئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے