چیئرمین پی سی بی کا پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا اعلان

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز ملک میں ہوں گے جس کے لیے چار وینیوز بھی شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے شائقین کرکٹ کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ اگلے برس پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے جس کے لیے چار اسٹیڈیمز کو شارٹ لسٹ بھی کر لیا گیا ہے۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی کے اسٹیڈیمز میں پچھلے ایڈیشنز کی وجہ سے کام ہو چکا ہے جب کہ ملتان اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز میں پی سی بی خطیر رقم خرچ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ دو طرفہ سیریز کھیلنے کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ کسی نیوٹرل وینیو کے حوالے سے بات نہیں کر رہا، ایشیاء کپ سمیت تمام باہمی سیریز پاکستان میں ہی کھیلنے کی بات ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پُر امید ہیں کہ اگلے برس ایشیا کپ پاکستان میں ہو گا، ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی میزبانی کی تصدیق بھی کی جا چکی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان نے بنگلا دیش اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرنا ہیں جو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہیں، ہم اس کوشش میں ہیں کہ میچز پاکستان میں ہوں اور اس حوالے سے مثبت پیش رفت ہو گی۔

بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسان مانی نے دو ٹوک الفاظ میں بتایا کہ ہمارا مؤقف آج بھی وہی ہے کہ سیریز کھیلنے کے لیے بھارت کو آنے کے لیے پہل کرنا ہو گی اور پاکستان ہی سیریز کی میزبانی کرے گا۔

احسان مانی نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، ہماری حکومت بھی سیریز کھیلنا چاہتی ہے، دو طرفہ سیریز کے لیے بھارتی بورڈ کو بھی مسئلہ نہیں ہے، اب دیکھنا ہے کہ ان کی نئی حکومت کی کیا پالیسی ہے۔

ڈومیسٹک اسٹرکچر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ‏چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹر اسٹرکچر اور آئین کی تجاویز حکومت کو بھجوا دی ہیں، اب حکومت نے فیصلہ کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جونہی حکومت منظوری دے گی نیا ڈومیسٹک سسٹم نئے آئین کی روشنی میں لاگو ہو جائے گا اور امید ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں اس حوالے سے صورت حال واضح ہو جائے گی۔

قومی ٹیم کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر احسان مانی کا کہنا تھا کہ ‏ورلڈ کپ کے بعد کپتان، ٹیم منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی 3 سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

‏ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کے حوالے سے چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ 20 روزہ دورے پر انگلینڈ میں ہیں، وہ مکمل الاؤنسز لینے سے دستبراد ہوئے ہیں، انہوں نے صرف نو دنوں کے 1800 ڈالرز لیے ہیں جب کہ ان کے الاؤنس 6400 ڈالرز بنتے تھے، وسیم خان رہائش بھی اپنی استعمال کر رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے