پیر : 17 جون 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی تیاری کر رہا ہے[/pullquote]

ایران نے کہا ہے کہ وہ اپنی جوہری تنصیبات میں یورینیم کی اس حد سے زیادہ افزودگی کی تیاریاں کر رہا ہے، جس کی اسے عالمی طاقتوں کے ساتھ معاہدے کے تحت اجازت ہے۔ جوہری توانائی کے ایرانی ادارے کے ترجمان کے مطابق ایران اگلے دس دنوں میں اس حد سے تجاوز کر جائے گا۔ ایرانی حکومتی فیصلے کے مطابق افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو بڑھانے پر عائد پابندی کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔ ساتھ ہی بھاری پانی کے ذخیرہ کوبھی بڑھایا جائے گا۔ اس طرح ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ اپنے اس معاہدے سے انحراف کرے گا، جس کا مقصد تہران کو ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کی صلاحت سے روکنا تھا۔

[pullquote]33 ہزار تارکین وطن کو قانونی طور پر یورپ آنے کی اجازت[/pullquote]

یورپی یونین نے 33 ہزار تارکین وطن کو قانونی طور پر یورپ آنے کی اجازت دے دی ہے۔ یورپی یونین کے مہاجرین اور تارکین وطن سے متعلق امور کے نگران کمشنر دیمیتریس آوراموپولوس کے مطابق یورپی یونین نے شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سے تعلق رکھنے والے فوری تحفظ کے حق دار 32 ہزار 700 تارکین وطن اب تک یورپ پہنچ چکے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جرمنی کے فُنکے میڈیا گروپ کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران بتائی۔ ان کے بقول اس اقدام کا مقصد یہ تھا کہ تارکین وطن کو یورپ آنے کے لیے غیر قانونی اور پرخطر راستے اپنانے سے روکا جا سکے۔

[pullquote]امریکی پابندیوں کی وجہ سے ہواوے کو اربوں کا نقصان[/pullquote]

ٹیلی مواصلات کی چینی کمپنی ہواوے کو امریکی پابندیوں کی وجہ سے بڑا مالی نقصان ہوا ہے۔ کمپنی کے سربراہ رین زینگ فائی نے بتایا کہ آئندہ دو برسوں کے دوران کمپنی کی آمدنی پہلے سے لگائے اندازوں سے 30 ارب ڈالر کم رہنے کا امکان ہے۔ امریکا نے مئی میں اپنے تمام تر اداروں میں ہواوے کے بنے آلات کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔ صدر ٹرمپ نے ہواوے کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔ کئی ماہرین کے مطابق ان پابندیوں کا تعلق ان دونوں ممالک کے مابین جاری تجارتی جنگ سے ہے۔

[pullquote]ایران پر امریکی الزامات، یورپی یونین منقسم[/pullquote]

خلیج عمان میں بحری جہازوں پر ہوئے حملوں کے تناظر میں ایران کے خلاف امریکی الزامات پر یورپی یونین کی جانب سے کوئی متفقہ حمایت سامنے نہیں آئی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے بقول اس سلسلے میں امریکی اور برطانوی خفیہ اداروں کی جانب سے پیش کیے جانے حقائق کے علاوہ بھی معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں۔ ماس نے یہ بیان لکسمبرگ اور ہالینڈ کے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات میں دیا۔ ان تینوں وزرائے خارجہ کے مطابق کہ وہ اس موقع پر اس صورتحال سے کوئی نتیجہ اخذ نہیں کرنا چاہتے۔خلیج عمان میں گزشتہ ہفتے تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ امریکا اور برطانیہ اس کی ذمہ داری ایران پر عائد کرتے ہیں۔

[pullquote]ایٹمی ہتھیاروں پر سرمایہ کاری میں اضافہ، سپری کی رپورٹ[/pullquote]

دنیا کی جوہری طاقتوں نے ایک مرتبہ پھر ایٹمی ہتھیاروں پر سرمایہ کاری میں اضافہ کر دیا ہے۔ امن پر تحقیق کرنے والے سویڈش ادارے ’سپری‘ کے مطابق سرمایہ کاری بڑھنے کے باوجود گزشتہ برس جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں چار فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ تاہم دوسری جانب ان ممالک نے اپنے پہلے سے موجود ایٹمی اثاثوں کو جدید بنانے کی کوششیں بھی بڑھا دیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں یہ رجحان امریکی حکمت عملی کا ایک حصہ ہے جبکہ روس میں بھی ایسا ہی رجحان دیکھا گیا ہے۔ دنیا بھر میں موجود جوہری ہتیھاروں کا نوے فیصد امریکا اور روس کے پاس ہے۔

[pullquote]شمال مغربی نائیجریا میں خود کش حملے ، تیس کے قریب ہلاکتیں[/pullquote]

شمال مغربی نائیجریا میں ہوئے تین خود کش حملوں میں کم از کم تیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ حملے اتوار کو رات دیر گئے ریاست بورنو میں کیے گئے۔ حملہ آوروں نے کوندوگا نامی علاقے میں ایک ایسے ہال کو نشانہ بنایا، جس میں فٹ بال شائقین میچ دیکھ رہے تھے۔ اس واقعے میں چالیس سے زائد افراد زخمی ہیں۔ حکام کو شک ہے کہ ان حملوں کے پیچھے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کا ہاتھ ہے۔

[pullquote]اسرائیلی بستی کو ٹرمپ کے نام سے منسوب کر دیا گیا[/pullquote]

اسرائیل نے گولان کے مقبوضہ پہاڑی علاقے میں تعمیر کی جانی والی ایک نئی یہودی آبادی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔اسرائیلی ذرائع کے مطابق اس نئی آبادی کو ’رمات ٹرمپ‘ یعنی ’ٹرمپ ہائٹس‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں دائیں بازو کے قدامت پسند وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور ان کی پوری کابینہ شریک ہوئی۔ صدر ٹرمپ نے مارچ کے اواخر میں گولان کی ان مقبوضہ پہاڑیوں کو اسرائیل کا ریاستی حصہ تسلیم کر لیا تھا۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق اسرائیل کے قبضے میں یہ علاقہ آج بھی شام کی ملکیت ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں ایک مرتبہ پھر مظاہرے[/pullquote]

ہانگ کانگ میں ایک مرتبہ پھر ہزاروں افراد نے بیجنگ کی حامی علاقائی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ منتظمین کے مطابق اس احتجاج میں بیس لاکھ افراد شریک تھے جبکہ پولیس نے یہ تعداد تقریباً ساڑھے تین لاکھ بتائی ہے۔ مظاہرین حکومتی سربراہ کیری لیم سے اُس قانون کو مکمل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے، جس کا تعلق مشتبہ افراد کی چین حوالگی سے ہے۔ لیم نے مظاہرین کو ’فسادی‘ کہنے پر معذرت بھی کر لی ہے۔ مبصرین نے مظاہرین کو سیاسی طور پر نشانہ بنانے اور غیر شفاف عدالتی کارروائی کے خلاف خبردار کیا ہے۔

[pullquote]بون میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق دس روزہ اجلاس[/pullquote]

جرمن شہر بون میں آج پیر سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے موضوع پر ایک بین الاقوامی اجلاس شروع ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلیوں کے شعبے کی سربراہ پیٹریشیا ایسپینوزا کے مطابق وہ طلبہ کی جانب سے چلائی جانے والی ’فرائیڈیز فار فیوچر‘ نامی متاثر کن مہم کا خیر مقدم کرتی ہیں۔ ایسپینوزا نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے انہیں نوجوان قیادت، ان کی حمایت اور صلاحیتوں کی اشد ضرورت ہے۔ اس دس روزہ اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے تحفظ ماحول کے بین الاقوامی اجلاس کی تیاری بھی کی جائے گی، جو رواں برس دسمبر میں چلی میں منعقد ہو گا۔

[pullquote]سمندروں میں پلاسٹک کے کوڑے کو کم کرنے پر اتفاق[/pullquote]

ترقی یافتہ اور ترقی کی دہلیز پر کھڑے ممالک کی تنظیم جی ٹوئٹنی کے وزرائے ماحولیات سمندروں میں پلاسٹک کے کوڑے کو کم کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ جاپانی وزیر ماحولیات یوشیاکی ہارادا نے ایک دو روزہ اجلاس کے اختتامی اعلامیے میں اس اتفاق رائے کو بہت ہی خوش آئند قرار دیا۔ جاپانی شہر کارُوئی زاوا میں ہوئے اس اجلاس میں طے پانے والے ضوابط پر عمل درآمد لازمی نہیں بلکہ ان پر رضاکارانہ بنیادوں پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا۔

[pullquote]انڈونیشیا میں بس حادثہ، کم از کم 12 افراد ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا میں آج پیر کو ہوئے ایک بس حادثے میں کم از کم ایک درجن افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ ایک مسافر کی بس ڈرائیور سے تکرار کے نتیجے میں ڈرائیور بس کے اسٹیئرنگ کو قابو میں نہ رکھ سکا اور اس دوران یہ بس سامنے سے آنے والی دو کاروں سے ٹکرا گئی۔ اس کے علاوہ سڑک پر ایک ٹرک الٹ بھی گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کم از کم تینتالیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

[pullquote]امریکا کی عالمی رہنماؤں کو ایران کے خلاف جمع کرنے کی کوشش[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو عالمی رہنماؤں کو ایران کے خلاف متحد کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ پومپیو کے مطابق امریکا ان ممالک کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے کام کر رہا ہے، جو چاہتے ہیں کہ آبنائے ہرمز کی آبی گزرگاہ کھلی رہے۔ ان کے بقول وہ گزشتہ روز کئی رہنماؤں کو ٹیلی فون کر چکے ہیں جبکہ آج پیر کو بھی متعدد رہنماؤں سے رابطے کیے جائیں گے۔ اس دوران پومپیو ان رہنماؤں کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ امریکا کے مطابق خلیج عمان میں آئل ٹینکروں پر حملوں میں ایران ملوث تھا۔ گزشتہ ہفتے خلیج عمان میں دو تیل بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

[pullquote]جرمن شہر گؤرلٹس میں اے ایف ڈی کے امیدوار کی شکست[/pullquote]

جرمنی میں قدامت پسند جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین کے سیاستدان اوکٹاوین اُرسو گؤرلٹس نامی شہر کے میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اُرسو کو پچپن فیصد ووٹ ملے۔ ان کا مقابلہ مسلمانوں اور مہاجرین کی مخالفت کرنے والی جماعت اے ایف ڈی کے سباستیان وِپل سے تھا۔ مئی کے آخر میں ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں اُرسو کو تیس فیصد جبکہ اے ایف ڈی کے وِپل کو چھتیس فیصد ووٹ ملے تھے۔ اُرسو بخارسٹ میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 1990ء میں ترک وطن کر کے جرمنی میں رہائش اختیار کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے