جمعرات : 20 جون 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی کارروائی بلا اشتعال تھی، امریکی فوج[/pullquote]

امریکی فوج نے ایران پر بلا اشتعال امریکی ڈرون مار گرانے کا الزام عائد کیا ہے۔ امریکی فوج نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کے پاسداران انقلاب نے اس ڈرون کو بین الاقوامی پانیوں میں نشانہ بنایا۔ امریکی نیوی کے کپتان بل اربن کے مطابق یہ دعوی بالکل غلط ہے کہ امریکی ڈرون نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ قبل ازیں پاسداران انقلاب ایران نے صوبے ہرمز گان کے ساحلی علاقے میں گلوبل ہاک طرز کے ایک امریکی ڈرون کو مار گرانے کا دعوی کیا تھا۔ صوبے ہرمزگان کی سرحدیں آبنائے ہرمز سے ملتی ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب کو برطانوی اسلحے کی برآمد خلاف قانون، عدالتی فیصلہ[/pullquote]

برطانوی حکومت سعودی عرب کو ہتھیاروں کی برآمد کے عمل میں قانون شکنی کی مرتکب ہوئی۔ ایک عدالتی فیصلے کے مطابق لندن حکومت نے سعودی عرب کو ایسے اسلحے کی برآمد کی اجازت دی، جو یمنی جنگ میں استعمال ہو سکتا تھا۔ عدالت نے کہا کہ سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فراہمی کے عمل میں لندن حکومت کو یمن کے خدشات کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے تھا۔ لندن حکومت کے خلاف یہ مقدمہ اسلحے کی تجارت کے خلاف CAAT نامی مہم نے دائر کیا تھا۔ لندن حکومت کا شمار سعودی عرب کے اہم اتحادیوں میں ہوتا ہے۔

[pullquote]پابندیوں سے یورپی یونین کو ہی زیادہ نقصان ہوا ہے، پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادی میر پوٹن نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی عائد کردہ پابندیوں سے یورپی اتحاد کو ہی زیادہ نقصان ہوا ہے۔ پوٹن نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ 2014ء سے ان پاپندیوں نے روس کو مختلف شعبوں میں پچاس ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے جبکہ یورپی یونین کو 240 ارب تک کی قیمت چکانا پڑی ہے۔ پوٹن کے بقول اس تناظر میں امریکا کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ سترہ ارب ڈالر بنتا ہے۔ 2014ء میں یوکرائنی علاقےکریمیا سے الحاق کے بعد مغربی ممالک نے روس پر اقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں۔

[pullquote]مرسی کی موت سے متعلق ایردوآن کا بیان بے بنیاد، مصری حکام[/pullquote]

مصر نے ترک صدر ایردوآن کی جانب سے سابق مصری صدر محمد مرسی کے قتل کیے جانے سے متعلق الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ مصری وزیر خارجہ سامع شکری کے مطابق رجب طیب ایردوآن کا یہ الزام بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ ان کے بقول ترک صدر کا یہ بیان دہشت گرد تنظیم اخوان المسلمون سے ان کے قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ سڑسٹھ سالہ مرسی پیر کے روز کمرہ عدالت میں بے ہوش ہونے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ ایردوآن نے کہا تھا کہ مرسی کی موت طبعی نہیں تھی بلکہ انہیں قتل کیا گیا تھا۔

[pullquote]انٹرپول کے سابق سربراہ نے رشوت خوری کا اعتراف کر لیا، چینی عدالت[/pullquote]

بین الاقوامی پولیس انٹرپول کے سابق سربراہ مینگ ہونگ وے نے اپنے خلاف بدعنوانی کے ایک مقدمے کی کارروائی کے آغاز پر ہی اپنا جرم قبول کر لیا۔ تیانجن کی ایک عدالت نے بتایا کہ ہونگ وے نے سماعت کے دوران اعتراف کیا کہ انہوں نے2.1 ملین ڈالر رشوت لی تھی۔ عدالت اس مقدمے میں اپنے فیصلے کا اعلان جلد ہی کر دے گی۔ مینگ ہونگ وے ستمبر 2018ء میں چین کے ایک دورے کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے۔ بعد ازاں چینی حکام نے بتایا تھا کہ وہ بدعنوانی میں ملوث ہیں اور حکام کی تحویل میں تھے۔ اس کے بعد وہ انٹرپول کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی بھی ہو گئے تھے۔

[pullquote]یوکرائن میں زخمی صحافی انتقال کر گیا[/pullquote]

یوکرائن میں نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی ہونے والے صحافی وادم کاماروف انتقال کر گئے ہیں۔ صحافیوں کی ملکی تنظیم کے سربراہ سرگئی ٹومولینکو نے فیس بک کے ذریعے کاماروف کے انتقال کی خبر دی۔ وہ بدعنوانی کے واقعات کے بارے میں رپورٹنگ کر رہے تھے۔ حکام کو بھی شک ہے کہ انہیں اس وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔ مئی کے اوائل میں کاماروف کو ان کے آبائی شہر چرکاسی میں ان کے گھر کے سامنے بری طرح مارا پیٹا گیا تھا۔ فوری طور پر کیے جانے والے ایک آپریشن کے بعد وہ بے ہوش ہو گئے تھے۔

[pullquote]بھارتی طیارے کی تباہی، عملے کی باقیات تلاش کر لی گئیں[/pullquote]

بھارتی فضائیہ نے اسی ماہ کے آغاز میں تباہ ہونے والے مال بردار طیارے کے عملے کی باقیات تلاش کر لی ہیں۔ بھارتی فضائیہ کے ترجمان رتناکر سنگھ نے بتایا کہ ایئر فورس کی ٹیم کوجمعرات کی صبح چھ لاشیں اور دیگر سات افراد کی باقیات ملی ہیں۔ اینٹونوو اے این 32 طرز کے اس طیارے پر عملے کے تیرہ افراد سوار تھے۔ یہ جہاز تین جون کو شمال مشرقی ریاست ارونا چل پردیش کی پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ رتناکر سنگھ کے بقول مسلسل بارشوں اور دشوار گزار راستوں کی وجہ سے امدادی کارروائیاں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

[pullquote]چینی صدر اولین دورے پر شمالی کوریا پہنچ گئے[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ آج جمعرات کو شمالی کوریا کے دو روزہ دورے پر پیونگ یانگ پہنچ گئے۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق صدر شی کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور کمیونسٹ پارٹی کے چند رہنما بھی ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ شی اس دوران شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان کو امریکا کے ساتھ تعطل کے شکار جوہری مذاکرات کی بحالی پر آمادہ کر لیں گے۔ گزشتہ چودہ برسوں کے دوران کسی چینی صدر کا شمالی کوریا کا یہ پہلا دورہ ہے۔ تاہم کم جونگ اُن اس دوران کئی مرتبہ چین کے دورے کر چکے ہیں۔

[pullquote]یورپی سربراہی اجلاس، اہم عہدوں کے لیے امیدواروں کی تلاش[/pullquote]

آج جمعرات کو یورپی یونین کا ایک سربراہی اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ یونین کے ذرائع نے بتایا کہ اس اجلاس کے دوران یورپی یونین کے اہم ترین عہدوں پر تقرریوں پر بات چیت کی جائے گی۔ آج ہی یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کئی سیاستدانوں سے انفرادی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ رواں برس موسم خزاں تک یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کی سربراہی کے ساتھ ساتھ یورپی پارلیمان کی اسپیکرشپ اور یورپی مرکزی بینک کی صدارت کے علاوہ کئی سفارتی عہدے بھی خالی ہو جائیں گے۔ برسلز میں ہونے والے اس اجلاس میں تحفظ ماحول اور جعلی خبروں جیسے موضوعات بھی زیر بحث آئیں گے۔

[pullquote]حوثی باغیوں کا ’سعودی پاور پلانٹ پر میزائل حملہ‘[/pullquote]

یمن کے حوثی باغیوں نے توانائی کے ایک سعودی مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حوثیوں کے المسیرہ ٹیلی وژن کے مطابق صوبے جازان کے شہر الشقیق کے ایک بجلی گھر پر ایک میزائل داغا گیا۔ ریاض حکومت کے مطابق اس میزائل حملے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ ایران نواز حوثی باغیوں نے اس حملے کے باعث ہونے والے نقصان کی کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ وائٹ ہاؤس کی ایک ترجمان نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس میزائل حملے کے بارے میں رپورٹوں سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]مالی میں دوگون نسلی آبادی کے تحفظ کے لیے اضافی دستے تعینات[/pullquote]

مالی کی فوج نے دوگون نسلی برادری کے تحفظ کے لیے حفاظتی انتظامات سخت کر دیے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ گاگافانی اور یورو نامی دیہات میں فوج کے اضافی دستے تعینات کر دیے گیے ہیں تاکہ دوگون نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کے جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے۔ اسی ہفتے پیر کے روز دوگون اور فولانی نسلی گروپوں کے ارکان نے ایک دوسرے پر مسلح حملے کیے تھے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ان حملوں میں کم از کم اکتالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]بنکاک میں آسیان ممالک کا اجلاس[/pullquote]

تھائی دارالحکومت میں آج جمعرات سے آسیان تنظیم کا ایک سربراہی اجلاس شروع ہو رہا ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس چار روزہ اجلاس میں روہنگیا مہاجرین کی بنگلہ دیش سے بحفاظت میانمار واپسی کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ امریکا اور چین کے تجارتی تنازعے کے آسیان ممالک پر اثرات پر بھی خاص توجہ دی جائے گی۔ دس جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے اس اجلاس میں بحیرہ مشرقی چین پر ملکیت کے دعووں کا موضوع بھی زیر بحث آئے گا۔

[pullquote]ادلب میں شامی دستوں کی فضائی کارروائی، کم از کم سولہ شہری ہلاک[/pullquote]

شامی صوبے ادلب میں ایک حملے میں کم از کم سولہ عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری نامی تنظیم کے مطابق بدھ کو سرکاری دستوں نے صوبے ادلب کے جبل الزاویہ نامی علاقے پر فضائی حملے کیے۔ ان حملوں میں سولہ عام شہریوں کے ساتھ ساتھ نو جنگجو بھی مارے گئے۔ کہا جاتا ہے کہ ادلب کے کچھ علاقوں میں حکومت مخالف جنگجو بدستور فعال ہیں۔ 2011ء سے جاری شامی جنگ میں اب تک تقریباً چار لاکھ افراد ہلاک جبکہ کئی ملین بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جنوبی بھارت میں پانی کی شدید قلت[/pullquote]

جنوبی بھارتی ریاست تامل ناڈو کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ ریاستی حکام کے مطابق خشک سالی کی ایک بڑی وجہ گزشتہ برس مون سون کی بارشوں کی کمی بنی۔ بتایا گیا ہے کہ 2017ء کے مقابلے میں 2018ء میں 62 فیصد کم بارشیں ہوئی تھیں۔ ریاستی دارالحکومت چنئی میں پانی کے ٹینکروں کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ حکام نے ملک کی دیگر ریاستوں سے پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ تامل ناڈو بھارت میں کار سازی کی صنعت کا مرکز کہلاتا ہے جبکہ چنئی بھارت کا چھٹا سب سے بڑا شہر ہے۔

[pullquote]فوکس نیوز نے ایران کی جانب سے امریکی ڈرون مار گرائے جانے کی تصدیق کر دی[/pullquote]

امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز نے ایران کی جانب سے ایک امریکی ڈرون طیارے کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ فوکس نیوز نے واشنگٹن حکومت کے ایک نمائندے کے توسط سے بتایا کہ اس امریکی ڈرون کو آبنائے ہرمز کی آبی گزرگاہ کے اوپر نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ایرانی صوبے ہرمز گان کے ساحلی علاقے میں گلوبل ہاک طرز کے ایک امریکی ڈرون کو مار گرایا تھا۔ صوبے ہرمزگان کی سرحدیں آبنائے ہرمز سے ملتی ہیں۔ تہران میں حکام کے مطابق اس ڈرون کو ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر نشانہ بنایا گیا۔

[pullquote]ایران کا امریکی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ[/pullquote]

ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک امریکی ڈرون طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاسداران کے مطابق امریکی ساختہ گلوبل ہاک طرز کے ڈرون کو صوبے ہرمزگان کے ساحلی علاقے میں بدھ کی شب نشانہ بنایا گیا۔ تہران حکومت نے تباہ شدہ ڈرون کی کوئی تصویر جاری نہیں کی۔ دوسری جانب امریکا نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا کوئی ڈرون گزشتہ روز ایرانی فضائی حدود میں موجود ہی نہیں تھا۔ یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے، جب دونوں ممالک کے مابین شدید تناؤ جاری ہے۔ صوبے ہرمزگان کی سرحدیں آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز سے ملتی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے