پیر : 24 جون 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران پر نئی امریکی پابندیوں کو روکنے کی کوشش کریں گے، روس[/pullquote]

ماسکو حکومت کے مطابق روس اور اُس کے اتحادی ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیوں کا مناسب سدباب کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔ یہ بات روسی نائب وزیر خارجہ سیرگئی ریابکوف نے کہی اور اسے روسی نیوز ایجنسی تاس اور ریا (RIA) نے رپورٹ کیا ہے۔ ریابکوف نے جوابی اقدامات کی تفصیل بیان نہیں کی ہے۔ روسی نائب وزیر خارجہ کے مطابق نئی امریکی پابندیوں سے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں اضافہ ہو گا اور واشنگٹن کو ایسی پابندیاں لگانے کے بجائے ایران کے ساتھ مکالمت کے آپشنز پر غور کرنا چاہیے۔ دوسری جانب روسی حکومت کے ترجمان نے بھی امریکی پابندیوں کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔

[pullquote]عسکریت پسندوں کے خلاف اشتہار بازی بند کی جائے، طالبان[/pullquote]

طالبان نے افغان ذرائع ابلاغ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ عسکریت پسندی یا شدت پسندوں کے خلاف کسی قسم کا اشتہار چھاپنے یا نشر کرنے سے گریز کریں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ افغان ذرائع ابلاغ نے اس ہدایت کو نظرانداز کیا تو اس کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ مجاہد نے ایسے اداروں کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے اور کہا ہے کہ اُس کے بعد انہیں میڈیا آفس کی جگہ فوجی ہدف قرار دیا جائے گا اور اس صورت میں انہیں حملوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ کابل حکومت میڈیا پر عسکریت پسندوں کے خلاف نشر یا چھپنے والے اشتہارات کا معاوضہ ادا کرتی ہے۔

[pullquote]امریکی انتباہ رد، ترکی روسی میزائل ہی لے گا، ترکی[/pullquote]

ترک وزیرخارجہ مولود چاؤش اولو نے کہا ہے کہ ترکی روس سے ایس چار سو میزائل نظام خرید چکا ہے اور اب ان کی حوالگی کی تاریخ طے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر امریکا تنہائی کا شکار ہے۔ رواں ماہ کے آغاز پر امریکا نے ترک پائلٹوں کے لیے F-35 لڑاکا طیاروں کی تربیت کا پروگرام روکنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکا کا موقف ہے کہ روس کا ایس چار سو میزائل نظام نیٹو کے دفاعی نیٹ ورک سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انقرہ میں ایک پریس کانفرنس میں ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ ایف تھڑی فائیو لڑاکا طیارے بنانے میں شامل دیگر ممالک امریکا کی جانب سے ترک پائلٹوں کی تربیت کا عمل روکنے کے مخالف ہیں۔

[pullquote]مصر بحرین میں فلسطین کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس میں شریک ہو گا[/pullquote]

مصر نے اعلان کیا ہے کہ وہ بحرین میں فلسطین کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ جون کی 25 اور 26 تاریخ کو بحرینی دارالحکومت میں ’امن سے ترقی تک‘ کے عنوان سے فلسطین میں اقتصادی بہتری کے لیے پچاس ارب ڈالر کے ایک امریکی منصوبے سے متعلق ایک کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ یہ اقتصادی منصوبہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور خصوصی مشیر جیرڈ کُشنر پیش کریں گے۔ اس سے قبل فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے اس منصوبے کو رد کرتے ہوئے اس کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔

[pullquote]بھارت میں مہلک دماغی بیماری سے ڈیڑھ سو سے زائد بچے ہلاک[/pullquote]

بھارتی ریاست بہار میں دماغ کی مہلک بیماری سے ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 150 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ملکی سپریم کورٹ نے بیماری سے نمٹنے کے لیے ضروری حکومتی اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔ مشرقی بھارتی ریاست کے طبی محکمے کے مطابق مظفرپور شہر کے دو ہسپتالوں میں 131 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ یہی ضلع اس مہلک بیماری کی وبا کا مرکز قرار دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت کے حکم پر ضلع مظفرپور کے چیف مجسٹریٹ نے انکوائری کا حکم دیا ہے۔ اس بیماری کا نام Encephalitis Syndrome ہے۔ خیال کیا گیا ہے کہ بچوں میں یہ مرض کچی لیچی کا پھل کھانے سے پیدا ہوا ہے۔

[pullquote]جارجیا کے انتخابی قوانین کو تبدیل کر دیا گیا[/pullquote]

قفقاذ خطے کی ریاست جارجیا میں حکومت نے انتخابی قوانین کو تبدیل کرتے ہوئے انتخابات کے بعد پارلیمنٹ میں نشستوں کی تعداد کا تعین متناسب نمائندگی کے تحت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح اپوزیشن کے متناسب نمائندگی کے قانون کے نفاذ کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا ہے۔ حکمران جماعت کی جانب سے یہ اعلان چار روز تک مسلسل حکومت مخالف مظاہروں کے بعد سامنے آیا ہے۔ جمعرات بیس جون کو عوامی مظاہرے کو منتشر کرنے کی پولیس کارروائی میں سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔ مظاہرین انتخابی قواعد و ضوابط میں تبدیلی کے علاوہ ملکی وزیر داخلہ کو برخاست کرنے کا مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں۔

[pullquote]ترکی: سول سوسائٹی کے سولہ لیڈروں پر مقدمہ شروع[/pullquote]

ترکی کی ایک عدالت میں پیر چوبیس جون کو ملکی سول سوسائٹی کے سولہ اہم رہنماؤں کو پیش کیا گیا۔ ان افراد کو سن 2013 میں غازی پارک مظاہروں میں شرکت کے لیے لوگوں کو ترغیب دینے اور حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ ان گرفتار شدگان میں ترکی کی مشہور کاروباری و مخیر شخصیت عثمان کوالا بھی شامل ہیں۔ کوالا کو سن 2017 میں حراست میں لیا گیا ہے۔ عدالت میں پیش ہونے کے بعد عثمان کوالا نے استغاثہ کے الزامات کو غیر منطقی اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے رد کر دیا۔ استغاثہ کا خیال ہے کہ غازی پارک مظاہروں میں شرکاء کو غیر ممالک سے ہدایات دی جاتی تھیں۔

[pullquote]روس کی بڑی فوجی مشقوں کا آغاز[/pullquote]

روس نے وسطی ایشیائی ریاستوں کو ممکنہ سلامتی کے خطرات کے تناظر میں بڑی فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ پانچ روزہ عسکری مشقیں پیر کے روز سے پینتیس مختلف فائرنگ رینجز میں شروع ہوئی ہیں۔ روسی وزیردفاع سیرگئی شوئیگو کے مطابق ان مشقوں کا مقصد وسطی ایشیائی علاقے میں سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنا ہے۔ شوئیگو کے مطابق اس خطے کے بعض ملکوں کو دہشت گردی کے شدید خطرات کا سامنا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ روس وسطی ایشیا کے ملک تاجکستان میں اپنے فوجیوں کی ایک مخصوص تعداد تعینات کیے ہوئے ہے جب کہ ایک دوسری ریاست کرغیزستان میں روسی فضائیہ کا اڈہ بھی قائم ہے۔ ان دونوں ملکوں کی سرحدیں افغانستان سے جڑی ہیں۔

[pullquote]عراقی پارلیمان میں دفاع، داخلہ اور انصاف کی وزارتوں کے لیے ووٹنگ[/pullquote]

عراقی پارلیمان میں پیر کے روز وزیراعظم عدل عبدالمہدی کے نام زد وزرائے دفاع، داخلہ اور انصاف کی منظوری کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ قانون سازوں کی منظوری کے بعد یہ قلم دان نجح الشماری، یاسین الیاسری اور فاروق امین کو سونپ دیے گئے ہیں۔ وزیراعظم عبدالمہدی کی کابینہ میں اب فقط وزارتِ تعلیم کا قلم دان باقی ہے، جو اب تک کسی کو سونپا نہیں گیا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے کئی ماہ گزر جانے کے باوجود وزیراعظم عبدالمہدی کی کابینہ کے تکمیل کئی طرح کے مسائل کا شکار رہی ہے۔

[pullquote]قزاقستان: اسلحے کے گودام میں دھماکے، قریبی علاقہ خالی کرا لیا گیا[/pullquote]

وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان کے جنوبی حصے کے قصبے آریس کے قریب واقع گولہ بارود کے گودام میں آگ لگنے کے بعد دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے آریس قصبے کے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ مقامی شہری انتظامیہ کے مطابق اب تک دھماکوں سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے البتہ سولہ افراد زخمی ہیں۔ قازق صدر قاسم جمرات تقیئیف نے اپنے وزرائے داخلہ اور دفاع کو فوری طور پر آریس پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے