شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ، پاکستان نے بنگلا دیش کو 94 رنز سے شکست دیدی

لندن: پاکستان نے شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کے باعث ورلڈ کپ 2019 کے 43 ویں میچ میں بنگلا دیش کو 94 رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا اچھے نوٹ کے ساتھ اختتام کیا۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 316 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے دفاعی حکمت عملی کے انداز میں اننگز کا آغاز کیا جس کے دوران فخر زمان دو مرتبہ رن آؤٹ ہونے سے محفوظ رہے۔

23 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 31 گیندوں پر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد دوسری وکٹ پر امام الحق اور بابر اعظم نے 157 رنز کی شراکت قائم کی۔

بابر اعظم نے 11 چوکوں کی مدد سے 98 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے۔

امام الحق نے بھی اچھی اننگز کھیلی اور وہ سنچری اسکور کرنے کے فوراً بعد ہی ہٹ وکٹ ہو گئے۔

محمد حفیظ ایک بار پھر اسپنر کو غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔

عماد وسیم نے 26 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان سرفراز احمد 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز اسکور کیے۔ بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد سیف الدین کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز تمیم اقبال اور سومیہ سرکار نے کیا جو اچھا نہ رہا اور سومیہ سرکار 22 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

تمیم اقبال بھی 8 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق الرحیم تھے جو 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لٹن داس بھی 32 رنز پر ہمت ہار گئے۔

ایک طرف بنگلا دیش کی وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب شکیب الحسن نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز اسکور کیے۔ محموداللہ نے 29 اور مصدق حسین نے 16 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شاہین آفریدی کو شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

[pullquote]شاہین آفریدی ورلڈکپ میں 5 وکٹیں لینے والے کم عمر ترین بولر بن گئے[/pullquote]

لارڈز: قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے بنگلادیش کے خلاف تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انیس سالہ نوجوان بولر نے کینیا کے کولنس ابویا کا ریکارڈ توڑا جو انہوں نے 2003 کے ورلڈکپ میں 21 سال کی عمر میں سری لنکا کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کر کے بنایا تھا۔

شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ، پاکستان نے بنگلا دیش کو 94 رنز سے شکست دیدی

شاہین آفریدی نے حالیہ ورلڈکپ کے 5 میچز میں 16 وکٹیں حاصل کیں جو کسی بھی نوجوان فاسٹ بولر کی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

شاہین آفریدی سے قبل پاکستان کی طرف سے عبدالرزاق ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کم عمر ترین بولر تھے، عبدالرزاق نے 1999 کے ورلڈکپ میں 13 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

اس کے علاوہ شاہین آفریدی پاکستان کی جانب سے ورلڈکپ کے ایک میچ میں بہترین بولنگ کرنے والے بولر بھی بن گئے، انہوں نے میچ میں 35 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

[pullquote]پاکستان ورلڈکپ سے باہر، نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا[/pullquote]

لارڈز: پاکستان آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا جبکہ نیوزی لینڈ بہتر رن ریٹ کی بدولت میچ ختم ہونے قبل ہی سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

یہ مسلسل دوسرا ورلڈکپ ہے جب پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہے۔

لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 316 رنز کا ہدف دیا اور سیمی فائنل میں رسائی کیلئے بنگلادیش کو 7 رنز تک محدود کرنا تھا جس میں گرین شرٹس ناکام رہے۔

بنگلادیش کے 8 رنز بناتے ہی پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا اور یوں نیوزی لینڈ نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

گرین شرٹس کو اس مشکل صورتحال کا سامنا کم رن ریٹ کی وجہ سے کرنا پڑا، پاکستان کا رن ریٹ منفی صفر میں ہے جب کہ کیویز کا رن ریٹ صفر اعشاریہ 175 ہے۔

پاکستان گروپ میچز اچھے مارجن سے جیت جاتا تو اس کا رن ریٹ بہتر ہوسکتا تھا تاہم پاکستان نے افغانستان جیسی کمزور ٹیم کیخلاف بھی بمشکل ہی میچ جیتا تھا۔

پاکستان کے باہر ہونے کے بعد سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹائٹل کی جنگ ہوگی۔

پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں سیمی فائنل میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔

ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل 9 جولائی کو اولڈ ٹریفورڈ جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو ایجبیسٹن میں کھیلا جائے گا۔

میگا ایونٹ کا فائنل 14 جولائی کو لارڈز میں ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے