جمعہ : 05 جولا ئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سنکیانگ: ارمچی فسادات کے دس سال[/pullquote]

چینی صوبے سنکیانگ کے شہر اُرمچی میں ہوئے خونریز فسادات کو آج دس برس مکمل ہو گئے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کے ایشیا خطے کے ڈائریکٹر بیرڈ ایڈمز کے مطابق بیجنگ حکام نے آج تک بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ان سوالات کے جوابات نہیں دیے کہ کتنے افراد لاپتہ ہوئے اور حراست میں لیے جانے والوں کی تعداد کتنی ہے۔ پانچ جولائی 2009ء کو ہان نسل اور مسلمان ایغوروں کے مابین ان فسادات میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 192 افراد ہلاک ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد تھی۔ تاہم آزاد ذرائع اس سے کہیں زیادہ تعداد بتاتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں سکھوں کو ہیلمٹ پہننے سے استثنیٰ نہ مل سکا[/pullquote]

جرمنی کی اعلیٰ عدالت نے سکھوں کو موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہننے سے استثنیٰ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ جرمنی کی اعلیٰ عدالت نے کہا ہے کہ ہیلمٹ پہن کر موٹر سائیکل چلانا، دراصل ڈرائیور کی سلامتی کے لیے ضروری ہے اور اس طرح کے قواعد و ضوابط ڈرائیوروں کے تحفظ کے لیے ہیں، اس لیے ان پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ لائپزگ میں وفاقی انتظامی عدالت میں ایک سکھ نے اپیل کی تھی کہ پگڑی کے ساتھ ہیلمٹ پہننا مشکل ہے، اس لیے اس مذہبی برداری کو اس حوالے سے استثنیٰ دے دیا جائے۔ لائپزگ میں وفاقی انتظامی عدالت جرمنی میں قائم پانچ اعلیٰ ترین عدالتوں میں شمار کی جاتی ہے۔

[pullquote]ترکی میں شامی سرحد کے قریب کار بم دھماکا، تین ہلاک[/pullquote]

ترکی میں شامی سرحد کے قریب ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں افراد اسی کار کے اندر تھے جس میں دھماکا ہوا اور یہ تینوں شامی شہری تھے۔ ترک نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق یہ دھماکا صوبہ ہاتے کے سرحدی گاؤں ریہانلی میں مقامی حکومت کے ایک دفتر کے قریب ہوا۔ ایردوآن کے مطابق یہ بات واضح ہے کہ بم اسی کار کے اندر تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس دھماکے سے دو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔

[pullquote]جبرالٹر میں پکڑے گئے آئل ٹینکر کو فوری طور پر چھوڑا جائے، ایران کا برطانیہ سے مطالبہ[/pullquote]

ایران نے برطانیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس آئل ٹینکر کو چھوڑ دے جسے گزشتہ روس جبرالٹر میں روکا گیا تھا۔ ایران نے برطانیہ پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ اس نے امریکا کے ایما پر ایسا کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق برطانوی سفارت کار کو طلب کر کے اس اقدام پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔ ایک سینیئر سفارت کار نے برطانیہ کے اس اقدام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے آئل ٹینکر کو فوری طور پر چھوڑ دینے کا مطالبہ کیا۔ برطانوی حکام کے مطابق یہ آئل ٹینکر شام کے لیے تیل لے کر جا رہا تھا۔

[pullquote]امریکا جتنا طاقتور اب ہے پہلے کبھی نہ تھا، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیشنل ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی فوجی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ لنکن میموریل کی سیڑھیوں پر بُلٹ پروف شیشے کے پیچھے کھڑے ہو کر ٹرمپ نے یہ بات فخریہ طور پر بتائی کہ امریکا جتنا طاقتور آج ہے اتنا پہلے کبھی نہیں تھا۔ امریکی یوم آزادی کے دن کی اس مرکزی تقریب کے موقع پر ایف پینتیس طیاروں سے سمیت جدید امریکی طیاروں نے بھی فلائنگ مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔

[pullquote]سوڈان: فوج اور اپوزیشن عبوری حکومت پر متفق[/pullquote]

سوڈان کی فوج اور اپوزیشن شراکت اقتدار پر مشتمل ایک عبوری حکومت کے قیام پر متفق ہو گئے ہیں۔ یہ بات افریقی یونین کے مذاکرات کاروں نے کہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ عبوری حکومت تین برس کے لیے قائم کی جائے گی جس میں مرکزی اپوزیشن ’ڈیکلیئریشن آف فریڈم اینڈ چینج فورسز‘ اور فوج باری باری اعلیٰ سطحی کونسل کی سربراہی کریں گے۔ اس کے بعد انتخابات کرائے جائیں گے۔ فریقین نے تشدد کے حالیہ واقعات کی تفتیش کرانے پر بھی اتفاق کیا ہے جس میں درجنوں مظاہرین مارے گئے تھے۔

[pullquote]وینزویلا میں ماورائے عدالت ہزاروں قتل ہوئے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کمشنر مشیل باچلیٹ نے کہا ہے کہ وینزویلا میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران وینزویلا میں ہزاروں افراد کو ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا۔ انہوں نے اس کا الزام وینزویلا کی اسپیشل پولیس FAES پر عائد کرتے ہوئے صدر نکولاس مادورو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس فورس کو ختم کریں۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سال 2018ء کے دوران پولیس آپریشنز کے دوران 5200 افراد مارے گئے۔ مئی 2019ء تک مزید 1569 افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔

[pullquote]عالمی حدت سے بچاؤ درخت لگائے بغیر ناممکن، محققین[/pullquote]

محققین نے کہا ہے کہ انتہائی بڑے پیمانے پر درخت لگائے بغیر عالمی حدت کے مسئلے سے نمٹنا ناممکن ہے۔ زیورخ کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے محققین کے مطابق یہ ممکن ہے کہ شہروں اور زرعی زمین کو متاثر کیے بغیر اربوں ہیکٹر بنجر زمین پر درخت اگائے جائیں۔ جب یہ درخت بڑے ہو جائیں گے تو یہ انسانوں کی طرف سے کاربن کے اخراج کے دو تہائی حصے کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ تاہم اس جائزے میں یہ بھی کہا ہے کہ ایسے کسی منصوبے کے لیے کئی دہائیاں درکار ہوں گی۔

[pullquote]ہیلی کاپٹر کی تباہی میں سات امریکی مارے گئے[/pullquote]

باہماس میں ایک ہیلی کاپٹر گِر تباہ ہونے کے نتیجے میں اس پر سوار سات امریکی شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ کیریبیئن ریاست باہماس کی رائل پولیس فورس کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر گرینڈ کے سے پرواز کے تھوڑی دیر بعد لاپتہ ہو گیا۔ تلاش کے بعد اس کا ملبہ پرواز کے مقام سے چند کلومیٹر دور مل گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار خواتین اور تین مرد شامل ہیں مگر ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ تاہم امریکی ریاست ورجینیا کے گورنر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدگان میں کان کنی کی صنعت سے وابستہ ارب پتی امریکی شہری کرس کلائین بھی شامل ہیں۔

[pullquote]کیلیفورنیا میں گزشتہ 20 برس کے دوران کا طاقتور ترین زلزلہ[/pullquote]

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنوبی حصے میں گزشتہ 20 برس کے طاقتور ترین زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جمعرات کو آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز لاس اینجلس سے 240 کلومیٹر جنوب مشرق میں مہاوی صحرا میں واقع تھا۔ اس زلزلے کے سبب کیرن کاؤنٹی نامی شہر میں کئی افراد کے زخمی ہونے جبکہ دو مقامات پر آگ بھڑک اٹھنے کی اطلاعات ہیں۔ اس شہر کی آبادی 28 ہزار نفوس ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے