امید ہے شواہد سامنے آنے کے بعد مقتدر ادارے انصاف دلوائیں گے، شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ٹرائل کورٹ میں سنائی گئی سزا بدترین نا انصافی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کیخلاف ٹرائل کورٹ کی ناانصافی کے ناقابل تردید ثبوت آگئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے یہ شواہد سامنے آنے کے بعد عدالت عظمیٰ اور مقتدر ادارے انصاف دلوائیں گے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے آج ہنگامی پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے جج کے فیصلے کی مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ پیش کی۔

مریم نواز نے الزام لگایا کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ دینے والے جج کو بلیک میل کیا گیا، مبینہ ویڈیو اور آڈیو ثبوت دکھاتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سزا دینے والا خود بول اُٹھا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہوئی، جج نے خود بتایا کہ انہیں کسی جگہ بُلا کر اُن کی اخلاق سے گری ہوئی ذاتی ویڈیو دکھائی گئی۔ جج نے کہا کہ بات نہ ماننے کا تو کوئی آپشن ہی نہیں تھا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ناقابل تردید ثبوت نے سچ سے پردہ اٹھا دیا ہے، یہ وہی جج ہے جس نے نواز شریف کو سزا سنائی تھی اور جس کے فیصلے کی روشنی میں عوام کے منتخب وزیراعظم آج کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان ثبوتوں کے بعد نواز شریف کو ایک منٹ بھی جیل میں رکھنا سراسر زیادتی ہو گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے