سری نگر: شہید برہان وانی کی تیسری برسی، مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ

سری نگر: تحریک آزادی کے کمانڈر شہید برہان وانی کی تیسری برسی پر بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے قبرستان کو بھی سیل کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہید کمانڈر برہان وانی کی تیسری برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حریت قیادت نے ہڑتال اور مظاہروں کی کال دی ہے جس کے بعد وادی میں قابض بھارتی فوج نے مکمل شٹ ڈاؤن کرکے کرفیو نافذ کررکھا ہے۔

کشمیری میڈیا کا بتانا ہےکہ شہید برہان وانی کی برسی کی مناسبت سے وادی بھر میں شہید کی تصویریں اور پوسٹر لگائے گئے ہیں جب کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فورسز نے پوسٹر لگانے کے الزام میں دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھاری تعداد میں پولیس اور فوج کی نفری تعینات ہے جب کہ اسلام آباد، پلوامہ، کلگام اور شوپیاں میں انٹرنیٹ سروس بند ہے۔

قابض انتظامیہ نے برہان وانی کے گھر اور آبائی علاقے ترال میں واقع شریف آباد کے قبرستان کو بھی سیل کررکھا ہے جب کہ برہان وانی کے گھر جانے والے راستوں کو بھی کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کو 8 جولائی 2016 کو محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران 2 ساتھیوں کے ہمراہ شہید کر دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے