اینکر مرید عباس قتل کیس میں مزید انکشافات سامنے آنے لگے

نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور اس کے دوست خضر حیات قتل کیس کی تحقیقات میں روز نت نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اینکر مرید عباس کے قتل کے بعد اس بات کے شواہد ملے تھے کہ ٹائروں کے غیر قانونی کاروبار میں کئی دیگر اینکرز نے بھی سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔

اب انکشاف ہوا ہے کہ اینکر مرید عباس کے قتل میں ملوث ملزم عاطف زمان کے پاس کئی بینکرز نے بھی سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔

عاطف زمان کے پاس سرمایہ کاری کرنے والے ایک بینکر نے جیو نیوز کو اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا کہ اکتوبر 2017 میں عاطف زمان کے پاس 25 لاکھ کی سرمایہ کاری کی۔

بینکر نے مزید بتایا کہ جاننے والوں اور رشتے داروں کے کروڑوں روپے ٹائروں کے کاروبار پر لگا چکا ہوں۔

بینکر نے مزید بتایا کہ عاطف زمان نے اینکرز اور بینکرز کو خاص طور پر ہدف بنا رکھا تھا اور انہی کے ذریعے نئے سرمایہ کار تلاش کرتا تھا۔

متاثرہ بینکر نے بتایا کہ مجھے سرمایہ کاری پر جو منافع ملا وہ دوبارہ انویسٹ کر دیا تھا۔

گزشتہ روز ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو نے بھی اسپتال میں زیر علاج ملزم عاطف زمان کا بیان ریکارڈ کیا تھا جس میں ملزم نے انکشاف کیا تھا کہ وہ دیگر لوگوں سے پیسے لیکر اس کاروبار پر لگاتا تھا۔

ملزم عاطف زمان نے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ اینکر مرید عباس اور خضر حیات کی جانب سے بیوی بچوں کو غائب کرنے کی دھمکی پر انہیں قتل کا منصوبہ بنایا۔

[pullquote]اینکر قتل کیس: ملزم بری طرح پھنس گیا تو 5 افراد کے قتل کا منصوبہ بنایا: پولیس[/pullquote]

نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے پولیس افسر ایس ایس پی ساؤتھ طارق دھاریجو کا کہنا ہے کہ ملزم عاطف زمان جب کاروبار میں بری طرح پھنس گیا تو اس نے 5 افراد کے قتل کا منصوبہ بنایا۔

نجی اسپتال کے باہر تفتیشی ٹیم کے سربراہ ایس ایس پی طارق دھاریجو کا کہناتھا کہ اینکر مرید عباس قتل کیس کے نامزد ملزم عاطف زمان کی طبیعت اب خطرے سے باہر ہے اور اس کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ نے بتایا کہ ملزم عاطف زمان ٹائر شاپ میں 15 ہزار روپے میں نوکری کرتا تھا، ملزم کا اپنا کوئی کاروبار نہیں تھا، وہ دوسروں کا بزنس دکھا کر پیسے لیتا تھا، ملزم کا کہنا ہے اس نے 5 لاکھ روپے سے کاروبار شروع کیا۔

طارق دھاریجو نے بتایا کہ لوگ منافع کی لالچ میں جڑتے چلے گئے، ملزم عاطف ایک جگہ سے پیسے لے کر دوسری جگہ دیتا رہا، مزید کلائنٹس آنا بند ہوئے تو ملزم پھنستا چلا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم عاطف زمان نے کروڑوں روپے کی ہیر پھیر کی، تفتیش میں پتا چلا ہے کہ 40 سے 50 کروڑ روپے کا ٹوٹل کاروبار تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم مکمل پھنس گیا تو اس نے 5 افراد کے قتل کا منصوبہ بنایا، ملزم کا بتانا ہے کہ قتل کے واقعے کے وقت اس کا بھائی عدنان ساتھ نہیں تھا تاہم ملزم کے بھائی کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دیدی ہے، جلد ملزم عاطف کے بھائی کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ ملزم عاطف میٹرک میں فیل ہوا تب بھی اس نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں طارق دھاریجو نے بتایا کہ ملزم کے گھر والوں سے پولیس کا باضابطہ کوئی رابطہ نہیں ہوا تاہم ضرورت پڑنے پر ملزم کے گھر والوں سے بھی تفتیش کی جائے گی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل کراچی کے پوش ترین علاقے ڈیفنس میں عاطف زمان نامی ملزم نے فائرنگ کر کے نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور ایاز نامی شخص کو قتل کر دیا تھا جب کہ ایک شخص ریحان جان بچانے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

بعدازاں عاطف زمان نے خود کو بھی گولی مار کر زخمی کر لیا تھا جو ایک نجی اسپتال میں زیر علاج اور پولیس کی حراست میں ہے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اینکر پرسن کے قتل کے تانے بانے اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ سے ملتے ہیں جس میں کئی اینکر پرسنز سمیت 80 افراد نے ایک ارب روپے کی انویسٹمنٹ کی، مرید عباس نے بھی ٹائروں کے کاروبار میں 7 کروڑ روپے لگا رکھے تھے۔

[pullquote]مرید عباس قتل کیس کے تانے بانے اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ تک جا پہنچے[/pullquote]

کراچی: ٹی وی اینکر مرید عباس کے قتل کا کیس اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ تک جا پہنچا۔

ایس ایس پی طارق دھاریجو کے مطابق ملزم عاطف زمان چند سال پہلے تک ایک ٹائر کمپنی میں ملازم تھا جو اب ٹائروں کی اسمگلنگ کے دھندے سمیت منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہے جس کے شواہد بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اینکر پرسنز سمیت 80 سےزائد افراد نے ملزم عاطف کے پاس تقریباً ایک ارب روپے کی انویسٹمنٹ کی جس میں مرید عباس کی 7 کروڑ کی سرمایہ کاری ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے 42 افراد سمیت مرید عباس کے دوستوں نے بھی منافع پر پیسہ دے رکھا تھا۔

دوسری جانب پولیس نے دُہرے قتل کی واردات کا تیسرا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا ہے، مقدمہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعہ کے تحت ملزم عاطف کے خلاف درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم عاطف زمان نے اپنے بھائی کے پستول کا استعمال کیا اور کسی دوسرے شخص کا اسلحہ ساتھ رکھنا غیر قانونی ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مرید عباس کیس میں اب تک تین مقدمات درج ہو چکے ہیں،پولیس

یاد رہے کہ دو روز قبل ڈیفنس میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور خضر حیات نامی شخص کو بزنس پارٹنر نے قتل کیا تھا جس کے بعد قاتل نے خود کو بھی گولی مارکر خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے