جمعرات : 18 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یروشلم کے مضافات میں فلسطینیوں کے گھر مسمار کرنے کا اسرائیلی منصوبہ تنقید کی زد میں[/pullquote]

اسرائیل کی طرف سے یروشلم کے مضافات میں اسرائیلی فوج کے ایک بیریئر کے قریب واقع فلسطینیوں کے گھر مسمار کرنے کے منصوبے کو عالمی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسرائیلی سپریم کورٹ نے یروشلم کے جنوب مشرقی مضافاتی علاقے سور باھر نامی علاقے کے رہائشیوں کو جون میں حکم دیا تھا کہ وہ وہاں عمارات ختم کر دیں۔ اس کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن کل جمعے کو ختم ہو رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے ہیومینیٹریئن کوآرڈینٹر اور دیگر حکام نے گزشتہ روز اسرائل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مسماری کے اس منصوبے کو روک دے۔

[pullquote]ترکی میں تارکین وطن کو لے جانے والی منی بس کو حادثہ، 15 ہلاک[/pullquote]

ترکی کے مشرقی حصے میں ایرانی سرحد کے قریب تارکین وطن کو لے جانے والی ایک منی بس الٹنے کے سبب کم ازکم 15 افراد ہلاک جبکہ 28 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ ترک میڈیا کے مطابق متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی قومیت کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔ خیال ہے کہ ڈرائیور کے بس کا کنٹرول کھونے کے نتیجے میں یہ حادثہ ہوا تاہم مزید تفصیلات ابھی نہیں ملیں۔

[pullquote]امریکی فیصلہ اتحاد کی روح کے خلاف ہے، انقرہ حکومت[/pullquote]

انقرہ حکام نے کہا ہے کہ امریکی جنگی طیارے ایف 35 کے منصوبے سے ترکی کو نکالنے کا واشنگٹن کا فیصلہ اتحاد کی روح کے خلاف ہے۔ انقرہ حکومت نے امریکا سے یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترک وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا نے کسی قانونی جواز پیش کیے بغیر یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر امریکا سے کہا گیا ہے کہ یہ اقدام دونوں ملکوں کے دفاعی روابط کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا اور اس غلطی کو درست کیا جائے۔ امریکا نے گزشتہ روزاعلان کیا تھا کہ ترکی ایف 35 جنگی طیاروں کے منصوبے کا اب مزید حصہ نہیں ہے۔

[pullquote]امریکا نے ترکی کو ایف 35 پروگرام سے نکال دیا[/pullquote]

امریکی حکومت نے کہا ہے کہ ترکی ایف 35 جنگی طیاروں کے منصوبے کا اب مزید حصہ نہیں ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان اسٹیفنی گریشام کے مطابق روسی میزائل نظام خریدنے کے فیصلے کی وجہ سے ایف 35 پروگرام میں ترکی کی مزید شمولیت ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف 35 طیارے نگرانی کے ایک ایسی روسی نظام کے ساتھ نہیں چل سکتے، جو جدید صلاحیتوں کے بارے میں جاننے کے لیے استعمال کیا جاتا ہو۔ دفاعی شعبے کے امریکی نائب سیکرٹری ایلن لارڈ نے کہا کہ اس منصوبے سے ترکی کے اخراج کا عمل ممکنہ طور پر اگلے برس شروع ہو جائے گا۔

[pullquote]طالبان نے 34 افغان کمانڈوز کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

افغانستان میں طالبان نے ملک کے مغربی حصے میں 34 افغان کمانڈوز کو ہلاک کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شب مغربی صوبے بادغیس میں پیش آیا۔ حکام نے مزید بتایا کہ ان دستوں کو طالبان کے خلاف ایک خصوصی کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا تھا تاہم گھات لگائے عسکریت پسندوں نے راستے میں ہی ان کمانڈوز کو نشانہ بنا دیا۔ اطلاعات کے مطابق کم از کم گیارہ افراد کو طالبان نے یرغمال بھی بنایا۔ افغان کمانڈوز کو امریکی دستوں کی جانب سے تربیت دی گئی ہے اور انہیں انسداد دہشت گردی کے بہترین تربیت یافتہ دستے قرار دیا جاتا ہے اور ساتھ ہی ان کمانڈوز کو جدید ترین اسلحہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔

[pullquote]جاپان:اینیمیشن اسٹوڈیو میں آگ لگانے کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 30 ہوگئی[/pullquote]

جاپانی شہر کیوٹو میں ایک اینیمیشن اسٹوڈیو میں ایک شخص کی طرف سے مشتبہ طور پر آگ لگائے جانے کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 30 تک پہنچ گئی ہے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار کے مطابق اس آگ سے 36 دیگر افراد زخمی بھی ہیں جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔ کیوٹو پولیس کے مطابق مشتبہ شخص نے تین منزلہ عمارت میں کوئی مائع پھیلا کر اسے آگ لگا دی جس کے بعد پوری عمارت شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔ حکام کے مطابق ابھی تک کم از کم 18 افراد عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

[pullquote]سمندر سے بچائے جانے والے مہاجرین کو یورپی ممالک میں بسانے کے معاملے پر یورپی وزرائے داخلہ کا اجلاس[/pullquote]

بحیرہ روم سے بچائے جانے والے تارکین وطن کو یورپی ممالک میں تقسیم کرنے کے معاملے پر یورپی وزرائے داخلہ کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔ لکسمبرگ کے وزیر داخلہ ژاں ایسلبورن کے مطابق محض چند ایک ممالک ایسے تارکین وطن کو اپنے ہاں قبول کرنے کو تیار ہیں۔ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں یہ ملاقات جرمنی کی کوشش سے ہوئی۔

[pullquote]امریکی کانگریس نے سعودی عرب کو اسلحے فروخت کا معاہدہ معطل کر دیا[/pullquote]

امریکی کانگریس نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت کے ایک معاہدے کو معطل کر دیا ہے۔ امریکی سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان نے بھی آٹھ بلین ڈالر مالیت کے اس معاہدے کے خاتمے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس فیصلے کو ویٹو کر دیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے صدر کے اس متوقع فیصلے کا دفاع کیا ہے۔ ان کا استدلال ہے کہ ایرانی اقدامات کے سبب سعودی عرب کو اس اسلحے کی اشد ضرورت ہے۔

[pullquote]ترکی کے قریب سمندر میں مہاجرین کی کشتی ڈوب گئی، نو لاپتہ[/pullquote]

ترکی کے مغربی ساحل کے قریب سمندر میں مہاجرین کی ایک کشتی ڈوبنے کے بعد کم از کم نو افراد لا پتہ ہیں۔ ترک کوسٹ گارڈز کے مطابق بودرم کے ساحل کے قریب ڈوبنے والی اس کشتی کے 31 دیگر مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔ یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والی اس کشتی پر کُل 40 افراد سوار تھے۔ ترکی سے غیر قانونی طور پر یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن اکثر ربڑ کی کشتیوں کے ذریعے سمندر پار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

[pullquote]دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا شبہ، جرمنی کے دو شہروں میں چھاپے[/pullquote]

جرمنی کے شہر کولون اور ڈیورن میں پولیس نے ایک مسلمان گروپ کے ارکان کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔ اس گروپ کو ممکنہ خطرہ قرار دیا جا چکا ہے۔ یہ چھاپے ایسی خفیہ اطلاعات پر مارے گئے کہ مشتبہ افراد کسی دہشت گردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ڈیورن شہر میں دو افراد کو پوچھ گچھ کے لیے پولیس ساتھ لے گئی ہے۔ پولیس کی طرف سے اس بارے میں بیان ابھی تک جاری نہیں ہوا۔

[pullquote]بھارت چاند کے لیے اپنا مشن اب 22 جولائی کو بھیجے گا[/pullquote]

خلائی تحقیق کے بھارتی ادارے ISRO نے کہا ہے کہ وہ چاند کی سطح پر خلائی گاڑی اتارنے کے لیے اپنا مشن اب 22 جولائی کو روانہ کرے گا۔ قبل ازیں یہ مشن پیر 15 جولائی کو بھیجا جانا تھا مگر لانچ سے محض ایک گھنٹہ قبل راکٹ میں تیکنیکی خرابی کے سبب اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ چندریان ٹو مشن چاند کے اُس حصے پر اتر کر وہاں پانی کی موجودگی پر تحقیق کرے گا جو زمین سے دکھائی نہیں دیتا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے