پیر :‌ 22 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران میں امریکی سی آئی اے کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ[/pullquote]

ایران نے اپنے ہاں امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ایک نیٹ ورک کو بے نقاب کر دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی انٹیلیجنس ادارے کے جاسوسی کی روک تھام کے شعبے کے سربراہ نے بتایا کہ اب تک سترہ مبینہ جاسوسوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ یہ تمام افراد ایرانی بتائے گئے ہیں اور ان میں سے کچھ کو سزائے موت بھی سنائی جا سکتی ہے۔ ساتھ ہی چند یورپی اور ایشیائی ممالک پر بھی ایران مخالف خفیہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔

[pullquote]آئی اے ای اے کے سربراہ یوکیو امانو انتقال کر گئے[/pullquote]

جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے ’آئی اے ای اے‘ کے سربراہ انتقال کر گئے ہیں۔ آئی اے ای اے نے یوکیو امانو کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے اس پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وہ ایک ایسی بیماری میں مبتلا تھے، جس کے بارے میں کسی کو بھی علم نہیں تھا۔وہ اسی وجہ سے رواں برس مارچ میں قبل از وقت اپنا عہدہ چھوڑنا چاہتے تھے۔ان کی مدت ملازمت تیس نومبر 2021ء کو ختم ہو رہی تھی۔ بہتر سالہ امانو جاپانی سفارت کار تھے۔ انہیں جولائی 2009ء میں پہلی مرتبہ اس ادارے کا ڈائریکٹر جنرل منتخب کیا گیا تھا۔ وہ چار چار سال کے لیے تین مرتبہ اس ادارے کے سربراہ رہے۔

[pullquote]چندریان دوئم کی چاند کی طرف مشن پر روانگی[/pullquote]

چاند کے لیے بھارتی چاند گاڑی ’چندریان دوئم‘ آج پیر کو اپنے مشن پر روانہ ہو گئی۔ خلائی تحقیق کے بھارتی ادارے ISRO نے بتایا کہ خلابازوں کے بغیر سفر کرنے والا چندریان دوئم ستمبر میں چاند کی سطح پر اترے گا۔ اس مشن کا مقصد چاند کے اُس حصے پر اتر کر وہاں پانی کی موجودگی سے متعلق تحقیق کرنا ہے، جو زمین سے دکھائی نہیں دیتا۔ قبل ازیں 15جولائی کو ایک تکنیکی خرابی کے سبب اس مشن کی روانگی مؤخر کر دی گئی تھی۔’چندريان دوئم‘ مشن کی روانگی پر141 ملين امریکی ڈالر کے برابر لاگت آئی۔

[pullquote]ایران کے بارے میں برطانوی حکومت کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

ایران کی جانب سے ایک برطانوی آئل ٹینکر کے قبضے میں لیے جانے کے بعد آج پیر کو لندن حکومت کا ایک ہنگامی اجلاس ہو رہا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کے مطابق وزیر اعظم ٹریزا مے نے اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور سلامتی کے شعبے کے نمائندوں کو بھی اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ہنٹ نے اس بحران کی شدت میں کمی لانے میں تہران حکومت کی ناکامی پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ ایران نے گزشتہ جمعے سے’اسٹینا امپیرو‘ نامی ایک برطانوی آئل ٹینکر اپنے قبضے میں لے رکھا ہے۔ اس بحری جہاز کے عملے کے ارکان کی تعداد تیئیس بنتی ہے۔

[pullquote]یوکرائن میں صدر زیلنسکی کی جماعت کا انتخابی کامیابی کا دعویٰ[/pullquote]

يوکرائن کے پارلیمانی انتخابات میں صدر وولودیمیر زیلنسکی کی جماعت نے اکثریت حاصل کر لینےکا دعویٰ کر دیا ہے۔ صدر کی جماعت ’عوام کے خادمین‘ کے مطابق اس پارٹی کو بیالیس فیصد ووٹ ملے۔ ملکی الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک پچاس فیصد سے زائد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے۔ روس نواز حزب اختلاف کو ملنے والے ووٹوں کا تناسب تیرہ فیصد کے لگ بھگ ہے۔ صدر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ وہ شہری حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں کی اکثریت والی ’ہولوس‘ نامی پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت سازی کی کوشش کریں گے۔

[pullquote]اتر پردیش میں شدید بارشیں، کم از کم اکتالیس ہلاکتیں[/pullquote]

بھارتی ریاست اتر پردیش میں طوفان باد و باراں کے نتیجے میں کم از کم اکتالیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ قدرتی آفات سے بچاؤ کے ملکی ادارے کے ایک اہلکار محمد عارف نے بتایا کہ چھ افراد ہفتے کے دن جبکہ تقریباً پینتیس افراد اتوار کے روز ہلاک ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر افراد کی ہلاکت آسمانی بجلی گرنے اور اچانک طوفان کی زد میں آنے سے ہوئی۔ ریاستی وزیر اعلیٰ یوگی ادتیاناتھ نے اس قدرتی آفت کے نتیجے میں اتنی زیادہ ہلاکتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن خاندانوں کو جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، انہیں فی کس چار لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔

[pullquote]مشرقی یروشلم میں درجنوں گھروں کو مسمار کر دینے کا عمل شروع[/pullquote]

اسرائیلی حکام نے مشرقی یروشلم میں فلسطینیوں کے درجنوں گھروں کو مسمار کر دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اسرائیل کا موقف ہے کہ یہ عمارتیں غیر قانونی طور پر بنائی گئی تھی اور یہ مغربی کنارے کو علیحدہ کرنے والی باڑ سے بہت نزدیک ہیں۔ مقامی رہائشیوں کے بقول اب ان کے پاس مکان بنانے کی کوئی جگہ نہیں ہے اور ان کے لیے تعمیراتی اجازت نامہ حاصل کرنا تقریباﹰ ناممکن ہوتا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ان عمارات میں کم از کم بیس افراد رہائش پذیر ہیں۔

[pullquote]خارجہ اور داخلہ امور کے یورپی وزراء کے مابین ترک وطن کے موضوع پر اتفاق رائے[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت میں ہوئے ایک غیر رسمی اجلاس میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے خارجہ اور داخلہ امور کے وزراء کے مابین مہاجرت اور ترک وطن کے موضوع پر اتفاق رائے ہو گیا۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اس موقع پر کہا کہ بحیرہ روم سے بچائے جانے والے تارکین وطن کی تقسیم کے لیے ایک پائیدار نظام ضروری ہے۔ یورپی سطح پر اس تقسیم سے متعلق اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ اس سال کے دوران اب تک بحیرہ روم کے راستے یورپ آنے کی کوششوں کے دوران 426 افراد سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے۔

[pullquote]چاروں ڈیموکریٹ خواتین سیاستدان معافی مانگیں، صدر ٹرمپ کا مطالبہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی چار خواتین سیاستدانوں کے ساتھ اپنے تنازعے کو مزید ہوا دے دی ہے۔ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ امریکا کے حوالے سے دیے گئے خوفناک بیانات پر یہ چاروں خواتین معافی مانگیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے حلقوں نے صدر ٹرمپ کو ایک مرتبہ پھر ’نسل پرست‘ قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے ابھی کچھ دن قبل ہی امریکی کانگریس کی ان منتخب رکن خواتین سے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں وہیں واپس چلے جانا چاہیے، جہاں سے ان کا تعلق ہے۔ یہ چاروں خواتین امریکی شہری ہیں اور ان میں سے تین امریکا میں ہی پیدا ہوئی تھیں۔

[pullquote]پومپیو نے دورہ میکسیکو کے موقع پر غیر قانونی ترک وطن روکنے کی کوششوں کو سراہا[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے میکسیکو کی جانب سے غیر قانونی ترک وطن روکنے کی کوششوں کو سراہا ہے۔ اپنے میکسیکو کے ہم منصب مارسیلو ابرارد کے ساتھ ایک ملاقات میں پومپیو نے کہا کہ اس تناظر میں میکسیکن حکومت کے اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ امریکا نے اپنے ہاں غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کو روکنے کے لیے میکسیکو کو مہلت دی ہوئی تھی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی میکسیکو پر اضافی محصولات عائد کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔ فی الحال یہ معاملہ عارضی طور پر ٹل گیا ہے۔

[pullquote]یوکرائن کے پارلیمانی انتخابات میں زیلنسکی کی جماعت سب سے آگے[/pullquote]

يوکرائن کے پارلیمانی انتخابات میں صدر وولودیمیر زیلنسکی کی جماعت کو برتری حاصل ہوتی جا رہی ہے۔ ملکی الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک تیس فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے اور صدر کی جماعت’عوام کے خادمین‘ بیالیس فیصد ووٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ اس پارٹی کے بعد روس نواز حزب اختلاف کو ملنے والے ووٹوں کا تناسب تیرہ فیصد کے لگ بھگ ہے۔ سابق صدر پیٹرو پوروشینکو کی یورپ نواز سیاسی جماعت تیسرے نمبر پر ہے۔ زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ وہ شہری حقوق کے لیے سرگرم افراد کی اکثریت والی ’ہولوس‘ نامی پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے