گرمجوش اور فراخدلانہ میزبانی پر صدر ٹرمپ کا شکر گزار ہوں: وزیراعظم عمران خان

واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرمجوش اور فراخدلانہ میزبانی پر شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان ان دنوں دورہ امریکا پر ہیں جہاں گزشتہ روز انہوں نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے دوران امریکی صدر نے وزیراعظم کو وائٹ ہاؤس کا دورہ بھی کرایا اور انہیں کرکٹ کا بلا تحفے میں دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمجوش اور فراخدلانہ میزبانی اور پاکستان کا نکتہ نظر سمجھنے پر صدر ٹرمپ کا شکر گزار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا پر لازم ہے کہ 4 دہائیوں سے جنگ کے شکار افغان عوام کو امن دیں، میں صدر ٹرمپ کو یقین دلاتا ہوں پاکستان افغان امن عمل میں سہولت کے لیے جو ممکن ہوا کرے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پشکش پر بھارتی رد عمل پر حیرانی ہوئی، کشمیریوں کی نسلیں 70 برس سے مشکلات جھیل رہی ہیں اور اب تنازع کا حل چاہتی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی جس پر وزیراعظم نے ان کی پیشکش کو قبول کیا تھا۔

تاہم بھارت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر امریکی ثالثی کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کا مستقل مؤقف رہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات دونوں ملک باہمی طور پر طے کریں گے، کسی بھی قسم کی بات چیت پاکستان کی جانب سے سرحد پار دہشتگردی کے خاتمے سے مشروط ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے