بدھ : 24 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر نے بھارتی جھوٹ کا پول کھول دیا[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر نے بھارت کے جھوٹ کا پول کھول دیا۔امریکی صدر کے چیف اکنامک ایڈوائزر لیری کڈلو سے پوچھا گیا کہ بھارت کہتا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر پر ثالثی کا ڈونلڈ ٹرمپ کو نہیں کہا ، کیا یہ بات صدر ٹرمپ نے خود گھڑی ہے؟اس کے جواب میں ٹرمپ کے مشیر نے کہا کہ امریکی صدر خود سے کوئی بات نہیں گھڑتے، صدر کے بارے میں کوئی بات خود سے گھڑنے کا سوال انتہائی نا مناسب ہے، صدر ٹرمپ نے جو کہنا تھا وہی کہا ہے۔

[pullquote]بورس جانسن آج برطانوی وزیر اعظم کا منصب سنبھال رہے ہیں[/pullquote]

سابق برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن آج بروز بدھ بطور وزیر اعظم اپنی ذمے داریاں سنبھال رہے ہیں۔ وہ خاتون سیاستدان ٹریزا مے کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گے۔ مے بریگزٹ ڈیل منظور نہ کروا سکنے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی تھیں۔ حکمران قدامت پسند پارٹی نے منگل کے دن بورس جانسن کو نیا پارٹی رہنما چنا تھا۔ توقع ہے کہ جانسن آج بدھ کی شب اپنی کابینہ کا اعلان کر دیں گے۔ عالمی رہنماؤں نے جانسن کو مبارکباد کے پیغامات ارسال کرنا شروع کر دیے ہیں۔

[pullquote]مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن ہار تسلیم نہیں کریں گے، ایرانی صدر[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن ہتھیار نہیں پھینکے جائیں گے۔ روحانی نے کہا کہ وہ ’منصفانہ‘ مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی سمجھے کہ ایران نے ہار مان لی ہے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کہ انہوں نے یہ بیان کس تناظر میں دیا ہے اور کس کو مخاطب کیا ہے۔ ناقدین کے مطابق ایرانی صدر روحانی کا اشارہ امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کی طرف تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے گزشتہ برس عالمی جوہری ڈیل سے دستبرداری کے بعد ان دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ چکی ہے۔ حال ہی میں صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے رضامند ہیں۔

[pullquote]یمن سے فوجی انخلا نہیں ہو گا، متحدہ عرب امارات[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی روکی نہیں جائے گی۔ قبل ازیں ایران نواز ان شیعہ باغیوں نے کہا تھا کہ وہ سعودی عرب پر حملے روکنے کے لیے تیار ہیں۔ یمن میں حوثیوں کے خلاف فعال سعودی عسکری اتحاد کے ایک اہم رکن ملک متحدہ عرب امارات کے مطابق اماراتی فوجی یمن میں بین الاقوامی قوانین کے تحت یمنی فورسز کو تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔ اس عسکری اتحاد نے سن دو ہزار پندرہ میں یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدر منصور ہادی کی حامی افواج کے ساتھ مل کر حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔ اب تک اس تنازعے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جنوبی کوریائی فضائی حدود کی خلاف ورزی دانستہ نہیں تھی، روس[/pullquote]

جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ روس نے جنوبی کوریائی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق ماسکو کے طیاروں کی طرف سے جنوبی کوریا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی دانستہ نہیں تھی بلکہ اس کی وجہ تکنیکی خرابی بنی تھی۔ سیول حکومت کی طرف سے اس بارے میں احتجاج کے فوری بعد پہلے ماسکو نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ روسی طیارے جنوبی کوریا کی فضائی حدود میں داخل ہی نہیں ہوئے تھے۔ تاہم بعد ازاں چھان بین کے بعد روسی فضائیہ نے اپنی غلطی تسلیم کر لی تھی۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں انسانی حقوق کی صورتحال ابتر[/pullquote]

ہیومن رائٹس واچ کے مطابق تھائی لینڈ کی حکومت انسانی حقوق کا احترام ممکن بنانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ بدھ کو جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق پرَایُت چَان اُوچَا کی دوسری مدت اقتدار میں بھی انسانی حقوق کی صورتحال تشویشناک ہے۔ سابق فوجی رہنما پرَایُت چَان اُوچَا نے سن دو ہزار چودہ میں منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا، جس کے پانچ سال بعد وہ ملک کے وزیر اعظم بن گئے تھے۔ اس سابق فوجی جرنیل نے اقتدار سنبھالتے ہی سیاسی پارٹیوں پر پابندی عائد کر دی تھی جبکہ متعدد سیاسی رہنماؤں کو پابند سلاسل بھی کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]افغانستان میں طالبان کا حملہ، چار پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں ایک تازہ پرتشدد واقعے کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔ حکام نے بدھ کے روز بتایا کہ طالبان نے فراہ صوبے میں ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کیا، جس کے بعد مسلح جھڑپ شروع ہو گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ منگل کو رات گئے کیے گئے اس حملے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ دو حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]کوئی ڈرون طیارہ تباہ نہیں ہوا، ایران[/pullquote]

ایران نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ اس کا کوئی ڈورن طیارہ نہ تو دوران پرواز روکا گیا اور نہ ہی تباہ کیا گیا۔ امریکا کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ ہفتے ایران کے بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے دو طیاروں کو ہدف بنایا گیا تھا۔ منگل کے دن امریکی فوج کی مرکزی کمان نے کہا تھا کہ ایک ایرانی ڈرون طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ ایرانی وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی نے بدھ کے دن اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ایسا دعویٰ کرتا ہے، تو اسے شواہد بھی فراہم کرنا چاہییں۔ حاتمی نے دہرایا کہ ایران کا کوئی ڈورن ’انٹرسَیپٹ‘ نہیں کیا گیا۔ جنرل حاتمی کے بقول جب ایران نے گزشتہ ماہ ایک امریکی ڈورن مار گرایا تھا، تو تہران نے اس کے قابل تصدیق شواہد بھی مہیا کر دیے تھے۔

[pullquote]بھارت میں آسمانی بجلی نے مزید انتالیس افراد کی جان لے لی[/pullquote]

بھارتی ریاست بہار میں آسمانی بجلی کی زد میں آ کر مزید انتالیس افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ ہلاکتیں منگل اور بدھ کو ہوئیں۔ مون سون کے موسم میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلوں کی تباہ کاریوں کے باعث اس مشرقی بھارتی ریاست میں اب تک 105 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ہمسایہ ریاست اتر پردیش میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے کُل اکتالیس افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]ایران جوہری ڈیل کا احترام کرے، فرانس[/pullquote]

فرانس نے تہران حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی جوہری ڈیل پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق وزیر خارجہ لدریاں نے پیرس میں ایرانی سفارت کار سید عباس عراقچی سے گفتگو میں کہا کہ ایران سن دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی اس ڈیل کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تہران کو اس ڈیل پر عملدرآمد بحال کرنا چاہیے۔ لدریاں نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی قوابین کا احترام بھی کیا جانا چاہیے۔ گزشتہ جمعرات کو ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل ماکروں سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی تھی۔

[pullquote]جرمنی کی نئی وزیر دفاع بھی خاتون[/pullquote]

جرمن رکن پارلیمان اور قدامت پسندوں کی جماعت سی ڈی یو کی سربراہ آنےگرَیٹ کرامپ کارَین باؤر آج بروز بدھ نئی وزیر دفاع کے طور پر حلف اٹھا رہی ہیں۔ انہیں گزشتہ برس ہی حکمران پارٹی کرسچین ڈٰیموکریٹک یونین کی سربراہ کے طور پر انگیلا میرکل کا جانشین چنا گیا تھا۔ وہ قدامت پسند خاتون سیاستدان اُرزُولا فان ڈئر لائن کی جگہ وزیر دفاع کا منصب سنبھال رہی ہیں۔ فان ڈئر لائن ابھی کچھ دن قبل ہی یورپی کمیشن کی آئندہ صدر منتخب ہو گئی تھیں، جس کے بعد جرمن کابینہ میں وزیر دفاع کا عہدہ خالی ہو گیا تھا۔

[pullquote]جنوبی شام میں مبینہ اسرائیلی میزایل حملے[/pullquote]

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے یقین ظاہر کیا ہے کہ جنوبی شام میں نئے راکٹ حملے اسرائیلی فوج نے کیے ہیں۔ بدھ کی صبح کیے گئے ان حملوں میں حکومتی فوج کے اہم ٹھکانوں کو ہدف بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ شامی حکومت کے اینٹی میزائل دفاعی نظام نے ان حملوں کو ناکام بنانے کی کوشش بھی کی۔ شامی میڈیا نے اس نئی کارروائی کو ’اسرائیلی جارحیت‘ قرار دیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس کارروائی میں کتنا نقصان ہوا۔

[pullquote]تائیوان چین کا حصہ رہے گا، چین[/pullquote]

تائیوان کو چین کا دوبارہ حصہ بنانے کی خاطر بیجنگ حکومت ’طاقت کے استعمال کو خارج از امکان قرار نہیں دیتی‘۔ ڈی پی اے کے مطابق بدھ کو جاری کیے گئے چین کے دفاعی وائٹ پیپر کے مطابق ون چائنہ پالیسی کے لیے تمام تر امکانات کھلے ہیں۔ اس اہم دستاویز کے مطابق تبت اور سنکیانگ کے علاقوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ چین سے الگ ہونے کے بارے میں مت سوچیں۔

[pullquote]میانمار نے روہنگیا مہاجرین کی واپسی کی تیاری نہیں کی، تھنک ٹینک[/pullquote]

آسٹریلیا کے ایک تھنک ٹینک کے مطابق میانمار حکومت نے روہنگیا مہاجرین کی واپسی کے لیے ’انتہائی کم‘ اقدامات کیے ہیں۔ ملکی حکومت نے کہا ہے کہ وہ ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں مقیم لاکھوں روہنگیا مہاجرین کی واپسی کو ممکن بنانے کے لیے تیار ہے لیکن سیٹلائٹ سے حاصل کردہ تازہ تصاویر کے مطابق میانمار نے اس حوالے سے اپنی تیاری مکمل نہیں کی۔ سن دو ہزار سترہ میں روہنگیا مسلم اقلیتی برادری کے خلاف شروع کیے گئے حکومتی کریک ڈاؤن کے نتیجے میں سات لاکھ افراد بنگلہ دیش فرار ہونے پر مجبور ہو گئے تھے۔

[pullquote]انٹرنیشنل چیمپیئنز کپ میں میونخ کی دوسری جیت[/pullquote]

جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ نے اپنے دورہ امریکا کا آخری میچ ایک صفر سے جیت لیا۔ منگل کی شب کینساس سٹی میں اے سی میلان کے خلاف کھیلے گئے اس میچ کا واحد گول جرمن اسٹار کھلاڑی لیون گوریٹسکا نے کیا۔ چلڈرن مرسی پارک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کو دیکھنے کی خاطر اٹھارہ ہزار شائقین وہاں موجود تھے۔ انٹرنیشنل چیمپیئنز کپ میں اس جرمن کلب کی یہ دوسری جیت ہے۔ اس سے قبل میونخ نے ریال میڈرڈ کو تین صفر سے مات دے دی تھی جبکہ اس کی ٹیم آرسنل سے ایک دو سے ہار گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے