جمعرات : 25 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان میں خونریز حملے اور بم دھماکے، چوبیس گھنٹوں میں 56 افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے تین صوبوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف دہشت گردانہ حملوں میں چھپن افراد ہلاک ہو گئے۔ ملکی دارالحکومت کابل میں جمعرات کو کیے گئے تین بڑے بم دھماکوں میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک جب کہ پینتالیس دیگر زخمی ہو گئے۔ کابل میں صحت عامہ کی وزارت کے ترجمان وحیداللہ نے بتایا کہ یہ تینوں دھماکے شہر کے مشرقی حصے میں ہوئے، جن میں سے ایک خود کش حملہ تھا۔ خود کش حملہ آور نے وزارت معدنیات کے اہلکاروں کی ایک بس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی افراد مارے گئے۔ افغان دارالحکومت میں ایسا کافی عرصے بعد ہوا ہے کہ عسکریت پسندوں نے سرکاری یا عوامی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے شہر میں چند ہی گھنٹوں کے اندر اندر تین مختلف مقامات پر بڑے بم دھماکے کیے۔

[pullquote]یورپی یونین بریگزٹ ڈیل پر نظر ثانی کرے، بورس جانسن کا مطالبہ[/pullquote]

نئے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے یورپی یونین کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لندن کے ساتھ طے کردہ بریگزٹ معاہدے پر نظر ثانی نہ کرنے کے اپنے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لیں۔ یہ بات انہوں نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد برطانوی پارلیمان سے جمعرات کو اپنے پہلے خطاب میں کہی۔ جانسن کے پاس کوئی نیا بریگزٹ معاہدہ طے کرنے کے لیے سو دنوں سے بھی کم کا وقت ہے۔ دوسری جانب برطانیہ کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے وزیر اعظم جانسن کے خلاف فوری طور پر عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت سے انکار کر دیا ہے۔ عدم اعتماد کی اس تحریک کی حمایت کا مطالبہ لبرل ڈیموکریٹک رہنما جو سوِنسن نے کیا تھا۔ اس پر لیبر پارٹی نے کہا ہے کہ ایسا کرنا بورس جانسن کو مضبوط بنانے کے مترادف ہو گا۔

[pullquote]یمنی باغیوں کا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی عرب کی زیر قیادت عسکری اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمنی باغیوں کی جانب سے سعودی سرزمین پر ایک ڈرون کے ذریعے حملہ کرنے کی ایک نئی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ اس عرب عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق حوثی باغیوں نے ایک ڈرون کے ذریعے سعودی شہر خمیس مشیط میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ دوسری جانب یمنی باغیوں نے ایک کامیاب حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کا نشانہ خمیس مشیط نامی شہر میں قائم شاہ خالد ایئر بیس تھی۔

[pullquote]تیونس کے صدر السبسی انتقال کر گئے[/pullquote]

تیونس کے صدر محمد الباجی قائد السبسی بانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ملکی دارالحکومت میں صدارتی دفتر نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ انہیں گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر مقامی فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ السبسی سن دو ہزار چودہ میں تیونس کے صدر بنے تھے۔ عرب اسپرنگ کے دوران زین العابدین بن علی کے اقتدار کے خاتمے کے تین برس بعد وہ تیونس کے جمہوری طور پر منتخب ہونے والے پہلے صدر تھے۔ برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی کے بعد وہ دنیا کے دوسرے معمر ترین سربراہ مملکت تھے۔

[pullquote]میانمار کا اعلیٰ سطحی وفد بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین سے ملے گا[/pullquote]

رواں ہفتے کے اختتام پر میانمار کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا مہاجرین کے کوکس بازار میں قائم کیمپوں کا دورہ کرے گا۔ وفد کے ارکان مہاجرین کے رہنماؤں سے ملاقات میں انہیں میانمار حکومت کی طرف سے ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق اس وفد کے دورے سے قبل مہاجر کیمپوں میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ دو برس قبل میانمار کی فوج کی طرف سے ریاست راکھین میں آپریشن کے باعث قریب ساڑھے سات لاکھ روہنگیا اقلیتی مسلمان ہجرت کر کے بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہو گئے تھے۔

[pullquote]ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے کے عبوری سربراہ کورنیل فیرُوٹا[/pullquote]

اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے آئی اے ای اے نے رومانیہ سے تعلق رکھنے والے سفارت کار کورنیل فیرُوٹا کو اپنا عبوری سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی اس ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ یوکیا امانو رواں ہفتے پیر کے روز انتقال کر گئے تھے۔ امانو کی جگہ نئے مستقل سربراہ کی تعیناتی تک کورنیل فیرُوٹا عبوری ڈائریکٹر جنرل کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

[pullquote]مظاہروں کے بعد پورٹو ریکو کے گورنر کا مستعفی ہونے کا اعلان[/pullquote]

پورٹو ریکو کے گورنر ریکارڈو روسَیلو نے اعلان کیا ہے کہ وہ دو اگست کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔ روسَیلو کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا سلسلہ گزشتہ دو ہفتوں سے جاری تھا۔ یہ مظاہرے روسیلو کے خواتین اور ہم جنس پرست افراد کے خلاف توہین آمیز پیغامات منظر عام پر آنے کے بعد شروع ہوئے تھے۔ وہ پورٹو ریکو کی چالیس سالہ جدید تاریخ میں استعفیٰ دینے والے پہلے چیف ایگزیکٹیو ہوں گے۔

[pullquote]یورپی ممالک میں گرمی کی لہر، ریکارڈ درجہ حرارت[/pullquote]

یورپ میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے۔ اب تک جرمنی، فرانس، بیلجیم اور ہالینڈ سمیت کئی مغربی یورپی ممالک میں گرمی نے کئی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ فرانس میں درجہ حرارت بیالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا جب کہ جرمنی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چالیس اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گرمی کی یہ لہر آج بھی جاری رہے گی۔ پیرس میں آج گرمی کا ستر برس پرانا ریکارڈ ٹوٹ جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شدید گرمی کے باعث یورپی ممالک میں ٹریفک کے علاوہ عمومی نظام زندگی بھی بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا نے سمندر میں دو میزائل فائر کیے، جنوبی کوریا[/pullquote]

جنوبی کوریائی حکام نے بتایا ہے کہ آج جمعرات کو شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے دو میزائل فائر کیے۔ جنوبی کوریا کے فوجی حکام کے مطابق امریکی خفیہ ادارے پیونگ یانگ کی جانب سے آج ٹیسٹ کیے گئے ان میزائلوں کی ساخت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جاپانی وزیر دفاع تاکیشی ایوایا نے ان تجربات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ بیلسٹک میزائل ہوئے، تو شمالی کوریا نے سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی کی ہے۔ توقع کی جا رہی تھی کہ جلد ہی شمالی کوریا اور امریکا کے مابین مذاکرات بحال ہو جائیں گے اور اس دوران پیونگ یانگ حکومت نئے میزائل تجربات نہیں کرے گی۔

[pullquote]ٹرمپ نے سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کی کوشش ویٹو کر دی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی سے متعلق امریکی کانگریس کی منظور کردہ قرارداد کو ویٹو کر دیا ہے۔ اس اقدام کے بعد ٹرمپ انتظامیہ ان خلیجی اتحادی ممالک کو ہتھیاروں کی ترسیل جاری رکھ سکے گی۔ گزشتہ ماہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران کی وجہ سے لاحق ممکنہ خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو آٹھ بلین ڈالر سے زائد مالیت کے امریکی ہتھیار فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تب امریکی کانگریس کے ارکان نے ایک قرارداد کے ذریعے ٹرمپ انتظامیہ کو اس اقدام سے روک دیا تھا۔

[pullquote]وزیر اعظم جانسن بریگزٹ منصوبہ برطانوی پارلیمان میں آج پیش کریں گے[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج سے متعلق اپنا منصوبہ آج جمعرات کو ملکی پارلیمان میں پیش کریں گے۔ ٹریزا مے برطانوی پارلیمان سے بریگزٹ پلان منظور نہیں کروا سکی تھیں، جس کے بعد وہ بدھ کو حکومتی سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئی تھیں۔ کل ہی وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد مے کے جانشین جانس نے کہا تھا کہ کوئی ڈیل ہو یا نہ ہو، وہ اکتیس اکتوبر تک بریگزٹ کا عمل مکمل کرنے کا وعدہ کسی اگر مگر کے بغیر پورا کریں گے۔

[pullquote]روسی صدر پوٹن کے ناقد اپوزیشن رہنما ناوالنی گرفتار[/pullquote]

روس میں حکام نے صدر پوٹن کے ناقد اپوزیشن رہنما آلیکسی ناوالنی کو گرفتار کر کے تیس روز کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔ ناوالنی کی گرفتاری کے بعد حکام نے اپوزیشن کے کئی دیگر رہنماؤں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے۔ ناوالنی کی گرفتاری اور چھاپوں کا مقصد بظاہر حکومت مخالف مظاہروں کو روکنا ہے۔ کریملن کے ناقد اپوزیشن رہنماؤں نے ملک میں آزادانہ اور شفاف بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کے لیے دارالحکومت ماسکو میں بڑے مظاہروں کا اعلان کر رکھا تھا۔

[pullquote]بورس جانسن کی کابینہ میں بریگزٹ کے حامیوں کی بڑی تعداد میں شمولیت[/pullquote]

نئے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنی کابینہ کا اعلان کر دیا ہے۔ اکتیس وزراء پر مشتمل نئی ملکی کابینہ میں بریگزٹ کے حامی سیاست دانوں کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ڈومینیک راب کو جیریمی ہنٹ کی جگہ وزیر خارجہ بنا دیا گیا ہے۔ ساجد جاوید کو وزیر خزانہ جب کہ متنازعہ سیاست دان پریتی پٹیل کو وزیر داخلہ کا عہدہ سونپا گیا ہے۔ بورس جانسن نے سابق وزیر اعظم ٹریزا مے کی کابینہ کے نصف سے زائد ارکان اپنی کابینہ میں شامل نہیں کیے۔ جانسن نے اپنی کابینہ کا پہلا اجلاس آج جمعرات کے روز طلب کر لیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے