جمعہ المبارک : 26 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیلیوں سے تعاون ترک کرتے ہیں، محمود عباس[/pullquote]

فلسطینی رہنما محمود عباس نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ’اسرائیل کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد روک دیا جائے گا‘۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت پر ہوئی جب اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں کے درجنوں گھروں کو بلڈوزروں سے مسمار کر دیا۔ صدر عباس نے اسرائیلی فورسز کی طرف سے اس کارروائی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل فلسطینیوں کو اس علاقے سے مکمل طور پر ختم کرنے کی ایک کوشش کے مترادف ہے۔ اسرائیلی فورسز نے رواں ہفتے ہی مشرقی یروشلم میں واقع فلسطینیوں کے درجنوں گھر منہدم کر دیے تھے۔ اس اسرائیلی کارروائی پر یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا تھا۔

[pullquote]شمالی شام میں ’دہشت گردوں‘ کا خاتمہ کر دیں گے، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جمعے کے دن کہا کہ شام میں دریائے فرات کے مشرقی کنارے پر واقع ’دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے‘ تباہ کر دیے جائیں گے۔ انقرہ میں اپنی حکمران پارٹی کے ارکان سے ایک خطاب میں ایردوآن نے کہا کہ شمالی شام میں مجوزہ محفوظ علاقے کے قیام پر امریکا سے جاری مذاکرات کا نتیجہ کچھ بھی نکلے، لیکن وہ ’دہشت گردوں‘ کا خاتمہ ہر صورت ممکن بنائیں گے۔ ترک فورسز شمالی شام میں کرد باغیوں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ انقرہ کے مطابق یہ باغی ترکی میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

[pullquote]شام میں دس دنوں میں سو سے زائد شہری ہلاک[/pullquote]

شام میں حکومتی فورسز اور ان کے اتحادیوں کی طرف سے گزشتہ دس دنوں سے جاری عسکری کارروائیوں کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد ایک سو تین ہو گئی ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمشنر میشل باچیلٹ نے جمعے کے روز جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ ہلاکتیں اسکولوں، مارکیٹوں اور ہسپتالوں پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں ہوئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد عام شہری تھے۔ باچیلٹ کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں لگتا کہ یہ شہری فوجی کارروائیوں میں حادثاتی طور پر مارے گئے۔

[pullquote]مہاجرین کی کشتیوں کو حادثہ، ڈیڑھ سو افراد کے ہلاک ہو جانے کا خدشہ[/pullquote]

لیبیا کی سمندری حدود میں مہاجرین کی دو کشتیوں کے ڈوب جانے کے نتیجے میں ڈیڑھ سو افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ان کشتیوں پر تقریباﹰ تین سو افراد سوار تھے، جن میں سے نصف کو بچا لیا گیا۔ یہ واقعہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے 120 کلومیٹر یا 75 میل کے فاصلے پر کھلے سمندر میں جمعرات 25 جولائی کو پیش آیا۔ اقوام متحدہ نے اتنی زیادہ ہلاکتوں کو بحیرہ روم میں اس سال کا سب سے بڑا المیہ قرار دیا ہے۔ خدشہ ہے کہ پناہ کے متلاشی ان تارکین وطن میں سے ڈیڑھ سو تک مہاجرین سمندر میں ڈوب گئے ہیں۔ ریسکیو کیے گئے مہاجرین کو واپس لیبیا میں قائم حراستی کیمپوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔

[pullquote]جنرل میلی کی امریکی فوج کی نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے طور پر توثیق[/pullquote]

امریکی فوج کے جنرل مارک میلی کو جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نیا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ جمعرات کے دن امریکی سینیٹ نے ان کی اس عہدے پر نامزدگی کی توثیق کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف آف اسٹاف میلی تیس ستمبر کو اس اعلیٰ ترین امریکی فوجی عہدے پر فائز ہو جائیں گے۔ اکسٹھ سالہ میلی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔ وہ ماضی میں عراق اور افغانستان میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ میلی افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلاء کے خلاف ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب پر یمنی باغیوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، سعودی عسکری اتحاد[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر ایک میزائل حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی SPA نے بتایا کہ ایران نواز ان باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ڈرون حملوں کے نتیجے میں سعودی شہر ابھا کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم ریاض حکومت نے کہا ہے کہ یمنی باغیوں کی اس کارروائی میں کسی ایئر پورٹ یا فوجی تنصیب کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ یہ عسکری اتحاد مارچ سن دو ہزار پندرہ سے یمن میں صدر منصور ہادی کی حکومت کی بحالی کی کوشش میں ہے۔

[pullquote]افغانستان میں تازہ تشدد کے باوجود قیام امن کی کوششیں جاری[/pullquote]

افغانستان میں تشدد کے تازہ واقعات کے باوجود امریکی اور افغان حکام نے عہد ظاہر کیا ہے کہ وہ اس شورش زدہ ملک میں قیام امن کی اپنی کوششوں میں تیزی لائیں گے۔ جمعرات کے دن افغان دارالحکومت کابل میں تین سلسلے وار بم دھماکوں کے نتیجے میں دس افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ ان میں سے دو حملوں کی ذمہ داری ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے حامی گروپوں نے جبکہ ایک کی طالبان نے قبول کی تھی۔ یہ دھماکے ایک ایسے وقت پر ہوئے، جب افغان صدارتی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔

[pullquote]ایرانی عوام سے براہ راست رابطہ چاہتا ہوں، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ ایران جا کر ملکی عوام سے براہ راست بات چیت کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا ہے، جب ایران اور امریکا کے مابین کشیدگی عروج پر ہے۔ پومپیو نے جمعرات کی شب بلومبرگ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایرانی عوام کو مطلع کرنا چاہتے ہیں کہ ان کی قیادت نے ایران کو کس طرح نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف تازہ امریکی پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح عالمی طاقتیں تہران حکومت پر دباؤ بڑھانا چاہتی ہیں۔

[pullquote]فیس بک اور گوگل سمیت متعدد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو زیادہ ریگولیٹ کیا جائے، آسٹریلوی رپورٹ[/pullquote]

آسٹریلوی حکومت سرچ انجن گوگل اور سماجی رابطوں کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک کو زیادہ ریگولیٹ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ جمعے کو جاری کردہ ایک حکومتی رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ یقینی بنایا جائے کہ یہ اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز دیگر میڈیا کاروباری پلیٹ فارمز کے لیے ڈیلز زیادہ منصفانہ بنائیں اور انفرادی صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ زیادہ بہتر بنایا جائے۔ صارفین کے کمیشن نے اس رپورٹ کی تیاری میں اٹھارہ ماہ لگائے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ہونے والی تجارت کی حرکیات کا بغور مشاہدہ کرنے کے بعد یہ تجاویز پیش کیں۔

[pullquote]ماکروں اور جانسن بریگزٹ کے موضوع پر ملاقات کریں گے[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں جلد ہی برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ایک ملاقات کریں گے۔ ماکروں کے دفتر کی طرف سے جمعے کو بتایا گیا کہ جانسن کو فرانس کے دورے کی دعوت دے دی گئی ہے۔ اس دوران دونوں رہنما بریگزٹ کے موضوع پر گفتگو کریں گے۔ جمعرات کے دن جانسن اور ماکروں نے آپس میں ٹیلی فون پر بھی گفتگو کی تھی۔ نو منتخب وزیر اعظم جانسن نے کہا ہے کہ وہ اکتیس اکتوبر تک برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے عمل کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔

[pullquote]میزائل تجربہ ایک سنجیدہ وارننگ ہے، شمالی کوریا[/pullquote]

شمالی کوریا نے جمعے کے روز کہا کہ اس کا نیا میزائل تجربہ ہمسایہ ریاست جنوبی کوریا کے لیے ’ایک سنجیدہ انتباہ‘ ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق جمعرات کو کیے گئے اس میزائل ٹیسٹ کی نگرانی ملکی رہنما کم جونگ ان نے خود کی تھی۔ کم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دراصل جنوبی کوریا کی طرف سے اسلحے کی تیاری اور اس کی امریکا کے ساتھ مشترکہ جنگی مشقوں کے تناظر میں یہ نیا تجربہ ایک وارننگ ہے۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ نے کمیونسٹ کوریا کے اس نئے میزائل تجربے کی اہمیت کو کم کر کے بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پیونگ یانگ اور واشنگٹن کے مابین مذاکرت جلد ہی بحال ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]امریکا میں سزائے موت پر عملدرآمد کی بحالی کے خلاف احتجاج[/pullquote]

امریکی محکمہ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی سطح پر سزائے موت کے مجرمان کی سزا پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ سن دو ہزار تین کے بعد پہلی مرتبہ وفاقی سطح پر سزائے موت پر عملدرآمد ہو گا۔ تاہم ناقدین نے اس پیش رفت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی گزشتہ دس برسوں سے سزائے موت کے خلاف سرگرم ہے۔ دوسری طرف امریکی عوام کی زیادہ تر تعداد اس کے حق میں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جن مجرموں کو سنائی گئی سزاؤں پر عمل درآمد کیا جائے گا، وہ قتل اور ریپ جیسے جرائم کے مرتکب ہوئے تھے۔

[pullquote]جنوبی کوریا کے لیے ترجیحی تجارتی درجہ ختم کرنے کا جاپانی منصوبہ[/pullquote]

جاپانی حکام نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کو حاصل ترجیحی تجارتی درجے کو کم کرنے کی خاطر انتظامی امور کو پرکھا جا رہا ہے۔ جاپانی میڈیا نے جمعے کو بتایا کہ اس ترجیحی حیثیت میں ترمیم کا مقصد جاپان کی طرف سے جنوبی کوریا کو حساس آلات کی برآمد پر کنٹرول کو بہتر بنانا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملکی کابینہ متوقع طور پر اگست میں جنوبی کوریا کو حاصل یہ خصوصی حیثیت منسوخ کر دے گی۔ جاپان نے ستائیس ممالک کو اپنے ساتھ تجارت کے لیے یہ ترجیحی درجہ دے رکھا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے